ہفتہ، 25 اپریل، 2015

پیرکامل قسط نمبر7

0 comments
سنیو ہیون واپس آنے کے بعد اس نے زندگی کے ایک نئے سفر کو شروع کیا تھا۔

اس رات اس جنگل کے ہولناک اندھیرے اور تنہائی میں اس درخت کے ساتھ بندھے بلکتے ہوئے کئے گئے تمام وعدے اسے یاد تھے۔
وہ سب سے بالکل الگ تھلگ رہنے لگا تھا۔معمولی سے رابطے اور تعلق کے بھی بغیر۔
"مجھے تم سے نہیں ملنا۔"
وہ صاف گو تو ہمیشہ سے ہی تھا مگر اس حد تک ہو جائے گا اس کے ساتھیوں میں سے کسی کو بھی اس کی توقع نہیں تھی۔چند ہفتے اس کے بارے میں اس کا گروپ چہ میگوئیاں کرتا رہا پھر یہ چہ میگوئیاں اعتراضات اور تبصروں میں تبدیل ہو گئیں اور اس کے بعد طنزیہ جملوں اور ناپسندیدگی میں پھر سب اپنی اپنی زندگی میں مصروف ہو گئے۔سالار سکندر کسی کی زندگی کا مرکز اور محور نہیں تھا نہ دوسرا کوئی اس کی زندگی کا۔
اس نے نیو ہیون پہنچنے کے بعد جو چند کام کیے تھے اس میں جلال انصر سے ملاقات کی کوشش بھی کی تھی۔وہ پاکستان سے واپس آتے ہوئے اس کے گھر سے امریکہ میں اس کا ایڈریس لے آیا تھا۔یہ ایک اتفاق ہی تھا کہ اس کا ایک کزن بھی اسی ہاسپٹل میں کام کر رہا تھا۔باقی کا کام بہت آسان ثابت ہوا۔ضرورت سے زیادہ آسان۔
وہ اس سے ایک بار مل کر اس سے معذرت کرنا چاہتا تھا۔اسے ان تمام جھوٹوں کے بارے میں بتا دینا چاہتا تھا جو وہ اس سے امامہ کے بارے میں اور امامہ کو اس کے بارے میں بولتا رہا تھا۔وہ ان دونوں کے تعلق میں اپنے رول کے لئے شرمندہ تھا۔وہ اس کی تلافی کرنا چاہتا تھا۔وہ جلال انصر تک پہنچ چکا تھا اور وہ امامہ ہاشم تک پہنچنا چاہتا تھا۔
وہ جلال انصر کے ساتھ ہاسپٹل کے کیفے ٹیریا میں بیٹھا ہوا تھا۔جلال انصر کے چہرے پر بےحد سنجیدگی تھی اور اس کے ماتھے پر پڑے ہوئے بل اس کی ناراضی کو ظاہر کر رہے تھے۔
سالار کچھ دیر پہلے ہی وہاں پہنچا تھا اور جلال انصر اسے وہاں دیکھ کر ہکا بکا رہ گیا تھا۔اس نے جلال سے چند منٹ مانگے تھے۔وہ دو گھنٹے انتظار کروانے کے بعد بالآخر کیفے ٹیریا میں آ گیا تھا۔
"سب سے پہلے تو میں یہ جاننا چاہوں گا کہ تم نے مجھے ڈھونڈا کیسے؟"اس نے آپ جناب کے تمام تکلفات کو برطرف رکھتے ہوئے ٹیبل پر بیٹھتے ہی سالار سے کہا۔
"یہ اہم نہیں ہے۔"
"یہ بہت اہم ہے۔اگر تم واقعی یہ چاہتے ہو کہ میں کچھ دیر تمہارے ساتھ یہاں گزاروں تو مجھے پتا ہونا چاہئیے کہ تم نے مجھے کیسے ڈھونڈا؟"
"میں نے اپنے کزن سے مدد لی ہے۔وہ ایک ڈاکٹر ہے اور اس شہر میں بہت عرصے سے کام کر رہا ہے۔میں یہ نہیں جانتا اس نے آپ کو کیسے ڈھونڈا ہے۔میں نے اسے صرف آپ کا نام اور کچھ دوسری معلومات دی تھیں۔"سالار نے کہا۔
"لنچ۔۔۔۔۔؟"جلال نے بڑے رسمی انداز میں کہا ، وہ ٹیبل پر آتے ہوئے اپنی لنچ ٹرے ساتھ لے کر آیا تھا۔
"نہیں ، میں نہیں کھاؤں گا۔"سالار نے شکریہ کے ساتھ معذرت کر لی۔
جلال نے کندھے اچکائے اور کھانا شروع کر دیا۔
"کس معاملے میں بات کرنا چاہتے تھے تم مجھ سے؟"
"میں آپ کو چند حقائق سے آگاہ کرنا چاہتا تھا۔"
جلال نے اپنی بھنویں اچکائیں۔"حقائق؟"
"میں آپ کو یہ بتانا چاہتا تھا کہ میں نے آپ سے جھوٹ بولا تھا۔میں امامہ کا دوست نہیں تھا۔وہ میرے دوست کی بہن تھی۔صرف میری نیکسٹ ڈور neighbour ۔۔۔۔۔۔"جلال نے کھانا جاری رکھا۔
"میری اس سے معمولی جان پہچان تھی۔وہ مجھے پسند نہیں کرتی تھی خود میں بھی اسے پسند نہیں کرتا تھا اور یہی وجہ تھی کہ میں نے آپ پر یوں ظاہر کیا جیسے وہ میری بہت گہری دوست تھی۔میں آپ دونوں کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کرنا چاہتا تھا۔"
جلال سنجیدگی سے اس کی بات سنتے ہوئے کھانا کھاتا رہا۔
"اس کے بعد جب امامہ گھر سے نکل کر آپ کے پاس آنا چاہتی تھی تو میں نے اس سے جھوٹ بولا۔آپ کی شادی کے بارے میں۔"
اس بار جلال کھانا کھاتے کھاتے رک گیا۔"میں نے اس سے کہا کہ آپ شادی کر چکے ہیں۔وہ آپ کے پاس اسی لئے نہیں آئی تھی۔مجھے بعد میں احساس ہوا کہ میں نے بہت نا مناسب حرکت کی ہے مگر اس وقت تک دیر ہو چکی تھی۔امامہ سے میرا کوئی رابطہ نہیں تھا مگر یہ ایک اتفاق ہے کہ آپ سے میرا رابطہ ہو گیا۔میں آپ سے ایکسکیوز کرنا چاہتا ہوں۔"
"میں تمہاری معذرت قبول کرتا ہوں مگر میں نہیں سمجھتا کہ تمہاری وجہ سے میرے اور امامہ کے درمیان کوئی غلط فہمی پیدا ہوئی ، میں پہلے ہی اس سے شادی نہ کرنے کا فیصلہ کر چکا تھا۔"جلال نے بڑی صاف گوئی سے کہا۔
"وہ آپ سے بہت محبت کرتی تھی۔"سالار نے دھیمی آواز میں کہا۔
"ہاں میں جانتا ہوں مگر شادی وغیرہ میں صرف محبت تو نہیں دیکھی جاتی اور بھی بہت کچھ دیکھا جاتا ہے۔"جلال بہت حقیقت پسندانہ انداز میں کہہ رہا تھا۔
"جلال! کیا یہ ممکن نہیں ہے کہ آپ اس سے شادی کر لیں۔"
"پہلی بات یہ کہ میرا اس کے ساتھ کوئی رابطہ نہیں ہے اور دوسری بات یہ کہ میرا اس کے ساتھ رابطہ ہوتا بھی تب بھی میں اس کے ساتھ شادی نہیں کر سکتا۔"
"اس کو آپ کے سہارے کی ضرورت ہے۔"سالار نے کہا۔
"میں نہیں سمجھتا کہ اسے میرے سہارے کی ضرورت ہے۔اب تو بہت عرصہ گزر چکا ہے اب تک وہ کوئی نہ کوئی سہارا تلاش کر چکی ہو گی۔"جلال نے اطمینان سے کہا۔
"ہو سکتا ہے اس نے ایسا نہ کیا ہو۔وہ ابھی بھی آپ کا انتظار کر رہی ہو۔"
"میں اس طرح کے امکانات پر غور کرنے کا عادی نہیں ہوں۔میں نے تمہیں بتایا ہے کہ میرے لئے اپنے کیرئیر کی اس اسٹیج پر شادی ممکن ہی نہیں ہے۔وہ بھی اس سے۔"
"کیوں۔۔۔۔۔؟"
"اس کیوں کا جواب میں تمہیں کیوں دوں۔تمہارا اس سارے معاملے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔میں اس سے کیوں شادی نہیں کرنا چاہتا۔میں تب ہی اسے بتا چکا ہوں اور اتنے عرصے کے بعد تم دوبارہ آ کر پھر وہی پینڈورا باکس کھولنے کی کوشش کر رہے ہو۔"جلال نے قدرے ناراضی سے کہا۔
"میں صرف اس نقصان کی تلافی کرنے کی کوشش کر رہا ہوں ، جو میری وجہ سے آپ دونوں کا ہوا۔"سالار نے نرمی سے کہا۔
"میرا کوئی نقصان نہیں ہوا اور امامہ کا بھی نہیں ہوا ہو گا۔تم ضرورت سے زیادہ حساس ہو رہے ہو۔"
جلال نے سلاد کے چند ٹکڑے منہ میں ڈالتے ہوئے اطمینان سے کہا۔سالار اسے دیکھتا رہا۔وہ نہیں سمجھ پا رہا تھا کہ وہ اسے اپنی بات کیسے سمجھائے۔
"میں اس کو ڈھونڈنے میں آپ کی مدد کر سکتا ہوں۔اس نے کچھ دیر بعد کہا۔"مگر میں اسے ڈھونڈنا نہیں چاہتا۔شادی مجھے اس سے نہیں کرنی پھر ڈھونڈنے کا فائدہ۔"
سالار نے ایک گہرا سانس لیا۔"آپ جانتے ہیں اس نے کس لئے گھر چھوڑا تھا؟"
"میرے لئے بہرحال نہیں چھوڑا تھا۔"جلال نے بات کاٹی۔
"آپ کے لئے نہیں چھوڑا تھا ، مگر جن وجوہات کی بنا پر چھوڑا تھا کیا ایک مسلمان کے طور پر آپ کو اس کی مدد نہیں کرنی چاہئیے جب کہ آپ یہ بھی جانتے ہیں کہ وہ لڑکی آپ سے بہت محبت کرتی ہے۔آپ سے بہت انسپائرڈ ہے۔"
"میں دنیا میں کوئی واحد مسلمان نہیں ہوں اور نہ ہی مجھ پر یہ فرض کر دیا گیا ہے کہ میں اس کی مدد ضرور کروں۔میری ایک ہی زندگی ہے اور میں اسے کسی دوسرے کی وجہ سے تو خراب نہیں کر سکتا اور پھر تم بھی مسلمان ہو ، تم کیوں نہیں شادی کرتے اس سے؟میں نے تو تب بھی تم سے کہا تھا کہ تم اس سے شادی کر لو۔تم ویسے بھی اس کے لئے نرم گوشہ رکھتے ہو۔"
جلال انصر نے قدرے چبھتے ہوئے انداز میں کہا۔سالار اسے خاموشی سے دیکھتا رہا۔وہ اسے بتا نہیں سکتا تھا کہ وہ اس سے شادی کر چکا ہے۔
"شادی۔۔۔۔۔؟وہ مجھے پسند نہیں کرتی۔"اس نے کہا۔
"میں اس سلسلے میں اسے سمجھا سکتا ہوں۔تم میرا اس سے رابطہ کروا دو تو میں اسے تم سے شادی پر تیار کر لوں گا۔اچھے آدمی ہو تم۔۔۔۔۔اور خاندان وغیرہ بھی ٹھیک ہی ہو گا تمہارا۔کار تو ڈیڑھ سال پہلے بھی بڑی شاندار رکھی ہوئی تھی تم نے۔اس کا مطلب ہر روپیہ وغیرہ ہو گا تمہارے پاس۔ویسے یہاں کس لئے ہو؟"
"ایم بی اے کر رہا ہوں۔"
"پھر تو کوئی مسئلہ ہی نہیں۔جاب تمہیں مل جائے گی۔روپیہ ویسے بھی تمہارے پاس ہے۔لڑکیوں کو اور کیا چاہئیے۔امامہ تو ویسے بھی تمہیں جانتی ہے۔"جلال نے چٹکی بجاتے مسئلہ حل کیا تھا۔
"سارا مسئلہ تو اسی "جاننے" نے ہی پیدا کیا ہے۔وہ مجھے ضرورت سے زیادہ جانتی ہے۔"سالار نے جلال کو دیکھتے ہوئے سوچا۔
"وہ آپ سے محبت کرتی ہے۔"سالار نے جیسے اسے یاد دلایا۔
"اب اس میں میرا تو کوئی قصور نہیں ہے۔لڑکیاں کچھ زیادہ جذباتی ہوتی ہیں اس معاملے میں۔"جلال نے قدرے بیزاری سے کہا۔
"یہ ون سائیڈ لو افئیر تو نہیں ہو گا۔آپ کسی نہ کسی حد تک اس میں انوالو تو ضرور ہوں گے۔"سالار نے قدرے سنجیدگی سے کہا۔
"ہاں تھوڑا بہت انوالو تھا ، مگر وقت اور حالات کے ساتھ ساتھ ترجیحات بھی بدلتی رہتی ہیں انسان کی۔"
"اگر آپ کو وقت اور حالات کے ساتھ اپنی ترجیحات بدلنی تھیں تو آپ کو اس کے بارے میں امامہ کو انوالو ہوتے ہوئے ہی بتا دینا چاہئیے تھا۔کم از کم اس سے یہ ہوتا کہ وہ آپ سے مدد کی توقع رکھتی نہ ہی آپ پر اس قدر انحصار کرتی۔میں اُمید کرتا ہوں آپ یہ تو نہیں کہیں گے کہ آپ نے اس سے شادی کے حوالے سے کبھی کوئی بات یا وعدہ کیا ہی نہیں تھا۔"
جلال کچھ کہنے کی بجائے خشمگیں نظروں سے اسے دیکھتا رہا۔
"تم مجھے کیا جتانے اور بتانے کی کوشش کر رہے ہو؟"اس نے چند لمحوں کے بعد اکھڑے ہوئے انداز میں کہا۔
"اس نے جب مجھ سے پہلی بار رابطہ کیا تھا تو آپ کا فون نمبر اور ایڈریس دے کر اس نے مجھ سے کہا تھا کہ میں آپ سے پوچھوں آپ نے اپنے پیرنٹس سے شادی کی بات کر لی ہے۔میں نے اسے اپنا فون دیا تھا کہ وہ آپ سے یہ بات خود پوچھ لے۔یقیناً اسلام آباد آنے سے پہلے آپ نے اس سے یہ کہا ہو گا کہ آپ اس سے شادی کے لئے اپنے پیرنٹس سے بات کریں گے۔آپ نے یقیناً پہلے محبت وغیرہ کے اظہار کے بعد اسے پروپوز کیا ہو گا۔"
جلال نے کچھ برہمی سے اس کی بات کاٹی۔"میں اسے پروپوز نہیں کیا تھا۔اس نے مجھے پروپوز کیا تھا۔"
"مان لیتا ہوں اس نے پروپوز کیا۔آپ نے کیا کیا؟انکار کر دیا؟"وہ چیلنج کرنے والے انداز میں پوچھ رہا تھا۔
"انکار نہیں کیا ہو گا۔"سالار عجیب سے انداز میں مسکرایا۔
"اس نے مجھے بتایا تھا کہ آپ نعت بڑی اچھی پڑھتے ہیں۔اور آپ کو حضرت محمد ﷺ سے بھی بہت محبت ہے۔ آپ کو بھی بتایا ہو گا اس نے کہ وہ آپ سے محبت کیوں کرتی تھی مگر آپ سے مل کر اور آپ کو جان کر مجھے بہت مایوسی ہوئی۔آپ نعت بہت اچھی پڑھتے ہوں گے مگر جہاں تک حضرت محمد ﷺ سے محبت کا تعلق ہے میں نہیں سمجھتا وہ آپ کو ہے۔میں خود کوئی بہت اچھا آدمی نہیں ہوں اور محبت کے بارے میں زیادہ بات نہیں کر سکتا۔خاص طور پر اللہ اور حضرت محمد ﷺ سے محبت کے بارے میں مگر اتنا میں ضرور جانتا ہوں کہ جو شخص اللہ یا اس کے پیغمبر ﷺ سے محبت کا دعویٰ کرتا ہے یا لوگوں کو یہ امپریشن دیتا پھرتا ہے وہ مدد کے لئے پھیلے ہوئے ہاتھ کو نہیں جھٹک سکتا نہ ہی وہ کسی کو دھوکا اور فریب دے گا۔"سالار اٹھ کر کھڑا ہو گیا۔
"اور میں تو آپ سے ریکویسٹ کر رہا ہوں اس کی مدد کے لئے۔ہو سکتا ہے اس نے بھی ڈیڑھ سال پہلے کی ہو پھر بھی اگر آپ انکار پر مصر ہیں تو۔۔۔۔۔میں یا کوئی آپ کو مجبور تو نہیں کر سکتا مگر آپ سے مل کر اور آپ سے بات کر کے مجھے بہت مایوسی ہوئی۔"
اس نے الوداعی مصافحہ کے لئے جلال کی طرف ہاتھ بڑھایا۔جلال نے اپنا ہاتھ نہیں بڑھایا ، وہ تنفر بھرے انداز میں ماتھے پر بل لئے اسے دیکھتا رہا۔
"خدا حافظ ۔"سالار نے اپنا ہاتھ پیچھے کر لیا۔جلال اسی حالت میں اسے جاتا دیکھتا رہا اور پھر اس نے خود کلامی کی۔"It’s really an idiot’s world out there. " 
وہ دوبارہ لنچ ٹرے کی طرف متوجہ ہو گیا۔اس کا موڈ بےحد آف ہو رہا تھا۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

جلال انصر سے ملاقات کے بعد وہ اپنے احساسات کو کوئی نام دینے میں ناکام ہو رہا تھا۔کیا اسے اپنے پچھتاوے سے آزاد ہو جانا چاہئیے؟کیوں کہ جلال نے یہ کہا تھا کہ سالار بیچ میں نہ آتا تو بھی ، وہ امامہ سے شادی نہیں کرتا اور جلال انصر سے بات کرنے کے بعد اسے یہ اندازہ ہو گیا تھا کہ امامہ کے لئے اس کے احساسات میں کوئی گہرائی نہیں تھی مگر یہ شاید اس کے لئے بہت سے نئے سوالات پیدا کر رہا تھا۔وہ جلال سے آج ملا تھا۔ڈیڑھ سال پہلے اس نے جلال کے ساتھ اس طرح بات کی ہوتی تو شاید اس پر ہونے والا اثر مختلف ہوتا۔تب امامہ کے لئے اس کے احساسات کا پیمانہ مختلف ہوتا اور شاید ڈیڑھ سال پہلے وہ امامہ کے بارے میں اس بےحسی کا مظاہرہ نہ کرتا جس کا مظاہرہ اس نے آج کیا تھا وہ ایک ذہنی رو میں اپنے کندھوں سے بوجھ ہٹا ہوا محسوس کرتا اور اگلی ذہنی رو اسے پھر اُلجھن کا شکار کر دیتی۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

ایم بی اے کا دوسرا سال بہت پُر سکون گزرا تھا۔پڑھائی کے علاوہ اس کی زندگی میں اور کوئی سرگرمی نہیں رہی تھی۔وہ گیمز پر صرف ڈسکشنز میں ہی اپنے کلاس فیلوز کے ساتھ گفتگو کرتا یا پھر گروپ پروجیکٹس کے سلسلے میں اس کے ساتھ وقت گزارتا۔باقی کا سارا وقت وہ لائبریری میں گزار دیتا۔ویک اینڈ پر اس کی واحد سرگرمی اسلامک سینٹر جانا تھا جہاں وہ ایک عرب سے قرآن پاک تلاوت کرنا سیکھا کرتا تھا پھر وہ قرآن پاک کے ان اسباق کو دہرایا کرتا پھر اسی عرب سے اس نے عربی زبان سیکھنا شروع کر دی۔
خالد عبدالرحمان نامی وہ عرب بنیادی طور پر ایک میڈیکل ٹیکٹیشن تھا اور ایک ہاسپٹل سے وابستہ تھا۔وہ ویک اینڈ پر وہاں آ کر عربی زبان اور قرآن پاک کی کلاسز لیا کرتا تھا۔وہ اس کام کا کوئی معاوضہ نہیں لیا کرتا تھا بلکہ اسلامک سینٹر کی لائبریری میں موجود کتابوں کی ایک بڑی تعداد بھی اسی کے دوستوں اور رشتے داروں کی طرف سے عطیہ کی گئی تھی۔
قرآن پاک کی ان ہی کلاسز کے دوران ایک دن اس نے سالار سے کہا۔
"تم قرآن پاک حفظ کیوں نہیں کرتے؟"سالار اس کے اس تجویز نما سوال پر کچھ دیر حیرانی سے اس کا منہ دیکھنے لگا۔
"میں۔۔۔۔۔میں کیسے کر سکتا ہوں؟"
"کیوں۔۔۔۔۔تم کیوں نہیں کر سکتے؟"خالد نے جواباً اس سے پوچھا۔
"یہ بہت مشکل ہے اور پھر میرے جیسا آدمی ، نہیں میں نہیں کر سکتا۔"سالار نے چند لمحوں کے بعد کہا۔
"تمہارا ذہن بہت اچھا ہے بلکہ میں اگر یہ کہوں کہ میں نے اپنی آج تک کی زندگی میں تم سے زیادہ ذہین آدمی نہیں دیکھا جتنی تیز رفتاری سے تم نے اتنے مختصر عرصہ میں اتنی چھوٹی بڑی سورتیں یاد کی ہیں کوئی اور نہیں کر سکا اور جتنی تیز رفتاری سے تم عربی سیکھ رہے ہو میں اس پر بھی حیران ہوں۔جب ذہن اس قدر زرخیز ہو اور دنیا کی ہر چیز سیکھ لینے اور یاد رکھنے کی خواہش ہو تو قرآن پاک کیوں نہیں۔تمہارے ذہن پر اللہ تعالیٰ کا بھی حق ہے۔"خالد نے کہا۔
"آپ میری بات نہیں سمجھے۔مجھے سیکھنے پر کوئی اعتراض نہیں مگر یہ بہت مشکل ہے۔میں اس عمر میں یہ نہیں سیکھ سکتا۔"سالار نے وضاحت کی۔
"جب کہ میرا خیال ہے کہ تمہیں قرآن پاک حفظ کرنے میں بہت آسانی ہو گی۔تم ایک بار اسے حفظ کرنا شروع کرو ، میں کسی اور کے بارے میں تو یہ دعویٰ نہ کرتا مگر تمہارے بارے میں ، میں دعوے سے یہ کہہ سکتا ہوں کہ تم نہ صرف بہت آسانی سے اسے حفظ کر لو گے بلکہ بہت کم عرصے میں۔۔۔۔۔"
سالار نے اس دن اس موضوع کے بارے میں مزید کوئی بات نہیں کی۔
مگر اس رات اپنے اپارٹمنٹ پر واپس آنے کے بعد وہ خالد عبدالرحمان کی باتوں کے بارے میں ہی سوچتا رہا۔اس کا خیال تھا کہ خالد عبدالرحمان دوبارہ اس کے بارے میں اس سے بات نہیں کرے گا۔مگر اگلے ہفتے خالد عبدالرحمان نے ایک بار پھر اس سے یہی سوال کیا۔
سالار بہت دیر چپ چاپ اسے دیکھتا رہا پھر اس نے مدھم آواز میں خالد سے کہا۔
"مجھے خوف آتا ہے۔"
"کس چیز سے؟"
"قرآن پاک حفظ کرنے سے۔"خالد نے قدرے حیرانی سے پوچھا۔
سالار نے اثبات میں سر ہلا دیا۔
"کیوں۔۔۔۔۔؟"وہ بہت دیر خاموش رہا پھر کارپٹ پر اپنی انگلی سے لکیریں کھینچتے اور انہیں دیکھتے ہوئے اس نے خالد سے کہا۔
"میں بہت گناہ کر چکا ہوں ، اتنے گناہ کہ مجھے انہیں گننا بھی مشکل ہو جائے گا۔صغیرہ ، کبیرہ ہر گناہ جو انسان سوچ سکتا ہے یا کر سکتا ہے۔میں اس کتاب کو اپنے سینے یا ذہن میں محفوظ کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔میرا سینہ اور ذہن پاک تو نہیں ہے۔میرے جیسے لوگ اسے۔۔۔۔۔اسے حفظ کرنے کے لائق نہیں ہوتے۔میں تو ایسا سوچ بھی نہیں سکتا۔"اس کی آواز بھرا گئی۔
خالد کچھ دیر خاموش رہا پھر اس نے کہا۔"ابھی بھی گناہ کرتے ہو؟"سالار نے نفی میں سر ہلا دیا۔
"تو پھر کس چیز کا خوف ہے تم اگر قرآن پاک کی تلاوت کر سکتے ہو ، اپنے ان سارے گناہوں کے باوجود تو پھر اسے حفظ بھی کر سکتے ہو اور پھر تم نے گناہ کئے مگر تم اب گناہ نہیں کرتے۔یہ کافی ہے۔اگر اللہ تعالیٰ یہ نہیں چاہے گا کہ تم اسے حفظ کرو تو تم اسے حفظ نہیں کر سکو گے چاہے تم لاکھ کوشش کر لو اور اگر تم خوش قسمت ہوئے تو تم اسے حفظ کر لو گے۔"خالد نے چٹکی بجاتے ہوئے جیسے یہ مسئلہ حل کر دیا تھا۔
سالار اس رات جاگتا رہا ، آدھی رات کے بعد اس نے پہلا پارہ کھول کر کانپتے ہاتھوں اور زبان کے ساتھ حفظ کرنا شروع کیا۔اسے حفظ کرتے ہوئے اسے احساس ہونے لگا کہ خالد عبدالرحمان ٹھیک کہتا تھا۔اسے قرآن پاک کا بہت سا حصہ پہلے ہی یاد تھا۔خوف کی وہ کیفیت جو اس نے قرآن پاک حفظ کرنا شروع کرتے ہوئے محسوس کی تھی وہ زیادہ دیر نہیں رہی تھی۔اس کے دل کو کہیں سے استقامت مل رہی تھی۔کہاں سے؟کوئی اس کی زبان کی لڑکھڑاہٹ دور کر رہا تھا ، کون۔۔۔۔۔؟کوئی اس کے ہاتھوں کی کپکپاہٹ ختم کر رہا تھا کیوں؟"
فجر کی نماز سے کچھ دیر پہلے وہ اس وقت بےتحاشا رویا جب اس نے پچھلے پانچ گھنٹے میں یاد کئے ہوئے سبق کو پہلی بار مکمل طور پر دہرایا۔وہ کہیں نہیں اٹکا تھا۔وہ کچھ نہیں بھولا تھا۔زیر زبر کی کوئی غلطی نہیں ، آخری چند جملوں پر اس کی زبان پہلی بار کپکپانے لگی تھی۔آخری چند جملے ادا کرتے ہوئے اسے بڑی دقت ہوئی تھی کیونکہ وہ اس وقت آنسوؤں سے رو رہا تھا۔
"اگر اللہ یہ چاہے گا اور تم خوش قسمت ہو گے تو تم قرآن پاک حفظ کر لو گے ورنہ کچھ بھی کر لو ، نہیں کر پاؤ گے۔"اسے خالد عبدالرحمان کی بات یاد آ رہی تھی۔
فجر کی نماز ادا کرنے کے بعد اس نے کیسٹ پر اپنی زندگی کے اس پہلے سبق کو ریکارڈ کیا تھا۔ایک بار پھر اسے کسی دقت کا سامنا نہیں کرنا پڑا تھا۔اس کی آواز میں پہلے سے زیادہ روانی اور لہجے میں پہلے سے زیادہ فصاحت تھی۔
اس کی زندگی میں ایک نئی چیز شامل ہو گئی تھی۔اس پر ایک اور احسان کر دیا گیا تھا مگر اس کا ڈپریشن ختم نہیں ہوا تھا۔وہ رات کو سلیپنگ پلز کے بغیر نیند کا تصور بھی نہیں کر سکتا تھا اور سلیپنگ پلز لینے کے باوجود وہ کبھی اپنے کمرے کی لائٹس آف نہیں کر سکا تھا۔وہ تاریکی سے خوف کھاتا تھا۔
یہ پھر خالد عبد الرحمان ہی تھا جس نے ایک دن اس سے کہا تھا۔وہ اسے قرآن پاک کا سبق زبانی سنا رہا تھا اور اسے احساس ہو رہا تھا کہ خالد عبدالرحمان مسلسل اس کے چہرے پر نظریں جمائے ہوئے تھا جب اس نے اپنا سبق ختم کیا اور پانی کا گلاس اٹھا کر اپنے ہونٹوں سے لگایا تو اس نے خالد کو کہتے سنا۔
"میں نے کل رات تمہیں خواب میں حج کرتے دیکھا ہے۔"
سالار مُنہ میں لے جانے والا پانی حلق سے اُتار نہیں سکا۔گلاس نیچے رکھتے ہوئے خالد کو دیکھنے لگا۔
"اس سال تمہارا ایم بی اے ہو جائے گا۔اگلے سال تم حج کر لو۔"
خالد کا لہجہ بہت رسمی تھا۔سالار نے منہ میں موجود پانی غیر محسوس انداز میں حلق سے نیچے اتار لیا۔وہ اس دن اس سے کوئی سوال جواب نہیں کر سکا تھا۔اس کے پاس کوئی سوال تھا ہی نہیں۔
ایم بی اے کے فائنل سمسٹر سے دو ہفتے پہلے اس نے قرآن پاک پہلی بار حفظ کر لیا تھا۔فائنل سمسٹر کے چار ہفتے کے بعد ساڑھے تئیس سال کی عمر میں اس نے اپنی زندگی کا پہلا حج کیا تھا۔وہاں جاتے ہوئے وہاں سے آتے ہوئے اس کے دل و دماغ میں کچھ بھی نہیں تھا۔کوئی تکبر ، کوئی تفخر ، کوئی رشک کچھ بھی نہیں۔اس کے ساتھ پاکستانی کیمپ میں ساتھ جانے والے شاید وہ لوگ ہوں گے جو خوش قسمت ہوں گے۔انہیں ان کی نیکیوں کے عوض وہاں بلایا گیا تھا۔وہ قرآن پاک حفظ نہ کر رہا ہوتا تو حج کرنے کا سوچتا بھی نہیں ، جو شخص حرم شریف سے دور اللہ کا سامنا کرنے کی ہمت نہ رکھتا ہو اس سے یہ توقع رکھنا کہ وہ کعبہ کے سامنے پہنچ کر اللہ کا سامنا کر لے گا وہ ہر جگہ جانے کو تیار ہو جاتا ، مگر خانہ کعبہ جانے کی جرات نہیں کر سکتا تھا۔
مگر خالد عبدالرحمان کے ایک بار کہنے پر اس نے جیسے گھٹنے ٹیکتے ہوئے حج پر جانے کے لئے پیپرز جمع کروا دئیے تھے۔
لوگوں کو حج پر جانے کا موقع تب ملتا تھا جب ان کے پاس گناہ نہیں ہوتے۔نیکیوں کا ہی انبار ہوتا ہے۔سالار سکندر کو یہ موقع تب ملا تھا جب اس کے پاس گناہوں کے علاوہ بھی کچھ بھی نہیں تھا۔
"ہاں ٹھیک ہے ، اگر میں گناہ کرنے سے خوف نہیں کھاتا رہا تو پھر اب مجھے اللہ کے سامنے جانے اور معذرت کرنے سے بھی خوف نہیں کھانا چاہئیے۔صرف یہی ہے نا کہ میں وہاں سر نہیں اٹھا سکوں گا۔نظریں اوپر نہیں کر سکوں گا۔منہ سے معافی کے علاوہ اور کوئی لفظ نہیں نکال سکوں گا تو ٹھیک ہے مجھے یہ سزا بھی ملنی چاہئیے۔میں تو اس سے زیادہ شرمندگی اور بےعزتی کا مستحق ہوں۔ہر بار حج پر کوئی نہ کوئی شخص ایسا آتا ہو گا ، جس کے پاس گناہوں کے علاوہ اور کچھ ہو گا ہی نہیں۔اس بار وہ شخص میں سہی ، سالار سکندر ہی سہی۔"اس نے سوچا تھا۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

گناہ کا بوجھ کیا ہوتا ہے اور آدمی اپنے گناہ کے بوجھ کو کس طرح قیامت کے دن اپنی پُشت سے اتار پھینکنا چاہے گا کس طرح اس سے دور بھاگنا چاہے گا کس طرح اسے دوسرے کے کندھے پر ڈال دینا چاہے گا۔یہ اس کی سمجھ میں حرم شریف میں پہنچ کر ہی آیا تھا۔وہاں کھڑے ہو کر وہ اپنے پاس موجود اور آنے والی ساری زندگی کی دولت کے عوض بھی کسی کو وہ گناہ بیچنا چاہتا تو کوئی یہ تجارت نہ کرتا۔کاش آدمی کسی مال کے عوض اپنے گناہ بیچ سکتا۔کسی اجرت کے طور پر دوسروں کی نیکیاں مانگنے کا حق رکھتا۔
لاکھوں لوگوں کے اس ہجوم میں دو سفید چادریں اوڑھے کون جانتا تھا سالار کون تھا؟اس کا آئی کیو لیول کیا تھا ، کسے پرواہ تھی۔اس کے پاس کون سی اور کہاں کی ڈگری تھی ، کسے ہوش تھا۔اس نے زندگی کے میدان میں کتنے تعلیمی ریکارڈ توڑے اور بنائے تھے ، کسے خبر تھی وہ اپنے ذہن سے کون سے میدان تسخیر کرنے والا تھا، کون رشک کرنے والا تھا۔
وہ وہاں اس ہجوم میں ٹھوکر کھا کر گرتا۔بھگدڑ میں روندا جاتا۔اس کے اوپر سے گزرنے والی خلقت میں سے کوئی بھی یہ نہیں سوچتا کہ انہوں نے کیسے دماغ کو کھو دیا تھا۔کس آئی کیو لیول کے نایاب آدمی کو کس طرح ختم کر دیا تھا۔
اسے دنیا میں اپنی اوقات ، اپنی اہمیت کا پتا چل گیا تھا۔اگر کچھ مغالطہ رہ بھی گیا تھا تو اب ختم ہو گیا تھا۔اگر کچھ شبہ باقی تھا تو اب دور ہو گیا تھا۔
فخر ، تکبر ، رشک ، انا ، خود پسندی ، خود ستائشی کے ہر بچے ہوئے ٹکڑے کو نچوڑ کر اس کے اندر سے پھینک دیا گیا تھا۔وہ ان ہی آلائشوں کو دور کروانے کے لئے وہاں آیا تھا۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

ایم بی اے میں اس کی شاندار کامیابی کسی کے لئے بھی حیران کن نہیں تھی۔اس کے ڈیپارٹمنٹ میں ہر ایک کو پہلے سے ہی اس کا اندازہ تھا۔اس کے اور اس کے کلاس فیلوز کے پروجیکٹس اور اسائمنٹس میں اتنا فرق ہوتا تھا کہ اس کے پروفیسرز کو یہ ماننے میں کوئی عار نہیں تھا۔وہ مقابلے کی اس دوڑ میں دس گز آگے دوڑ رہا تھا اور ایم بی اے کے دوسرے سال میں اس نے اس فاصلے کو اور بڑھا دیا تھا۔
اس نے انٹرن شپ اقوامِ متحدہ کی ایک ایجنسی میں کی تھی۔اور اس کا ایم بی مکمل ہونے سے پہلے ہی اس ایجنسی کے علاوہ اس کے پاس سات مختلف ملٹی نیشنل کمپنیز کی طرف سے آفرز موجود تھیں۔
"تم اب آگے کیا کرنا چاہتے ہو؟"اس کے رزلٹ کے متعلق جاننے کے بعد سکندر عثمان نے اپنے پاس بلا کر پوچھا تھا۔
"میں واپس امریکہ جا رہا ہوں۔میں یونائیٹڈ نیشنز کے ساتھ ہی کام کرنا چاہتا ہوں۔"
"لیکن میں چاہتا ہوں کہ تم اپنا بزنس شروع کرو یا میرے بزنس میں شامل ہو جاؤ۔"سکندر عثمان نے اس سے کہا۔
"پاپا! میں بزنس نہیں کر سکتا۔بزنس والا ٹمپرامنٹ نہیں ہے میرا۔میں جاب کرنا چاہتا ہوں اور میں پاکستان میں رہنا بھی نہیں چاہتا۔"سکندر عثمان حیران ہوئے۔"تم نے پہلے کبھی ذکر نہیں کیا کہ تم پاکستان میں رہنا نہیں چاہتے۔تم مستقل طور پر امریکہ میں سیٹل ہونا چاہتے ہو؟"
"پہلے میں نے امریکہ میں سیٹل ہونے کے بارے میں نہیں سوچا تھا لیکن اب میں وہیں رہنا چاہتا ہوں۔"
"کیوں؟"
وہ ان سے یہ کہنا نہیں چاہتا تھا کہ پاکستان میں اس کا ڈپریشن بڑھ جاتا ہے۔وہ مسلسل امامہ کے بارے میں سوچتا رہتا تھا۔وہاں ہر چیز اسے امامہ کی یاد دلاتی تھی۔اس کے پچھتاوے اور احساسِ جرم میں اضافہ ہوتا جاتا تھا۔
"میں یہاں ایڈجسٹ نہیں ہو سکتا۔"سکندر عثمان کچھ دیر اسے دیکھتے رہے۔
"حالانکہ میرا خیال ہے تم ایڈجسٹ ہو سکتے ہو۔"
سالار جانتا تھا ان کا اشارہ کس طرف تھا مگر وہ خاموش رہا۔
"جاب کرنا چاہتے ہو؟"ٹھیک ہے ، چند سال جاب کر لو لیکن اس کے بعد آ کر میرے بزنس کو دیکھو۔یہ سب کچھ میں تم لوگوں کے لئے ہی اسٹیبلش کر رہا ہوں ، دوسروں کے لئے نہیں۔"
وہ کچھ دیر اسے سمجھاتے رہے ، سالار خاموشی سے ان کی باتیں سنتا رہا۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
ایک ہفتے کے بعد وہ دوبارہ امریکہ آ گیا تھا اور اس کے چند ہفتے کے بعد اس نے یونیسیف میں جاب شروع کر دی۔وہ نیو ہیون سے نیو یارک چلا گیا تھا۔یہ ایک نئی زندگی کا آغاز تھا اور وہاں آنے کے چند ہفتے بعد اسے یہ اندازہ بھی ہو گیا تھا کہ وہ کہیں فرار حاصل نہیں کر سکتا تھا وہ اسے وہاں بھی اسی طرح یاد آ رہی تھی ، اس کا احساسِ جرم وہاں بھی اس کا ساتھ چھوڑنے پر تیار نہیں تھا۔
وہ سولہ سے اٹھارہ گھنٹے تک کام کرنے لگا۔وہ ایک دن بھی تین چار گھنٹے سے زیادہ نہیں سویا اور دن رات کی اس مصروفیت نے اسے بڑی حد تک نارمل کر دیا تھا اگر ایک طرف کام کے اس انبار نے اس کے ڈپریشن میں کمی کی تھی تو دوسری طرف وہ اپنے ادارے کے نمایاں ترین ورکرز میں شمار ہونے لگا تھا۔یونیسیف کے مختلف پروجیکٹس کے سلسلے میں وہ ایشیا ، افریقہ اور لاطینی امریکہ کے ممالک جانے لگا۔غربت اور بیماری کو وہ پہلی دفعہ اپنی آنکھوں سے ، اتنے قریب سے دیکھ رہا تھا۔رپورٹس اور اخباروں میں چھپنے والے حقائق میں اور ان حقائق کو اپنی تمام ہولناکی کے ساتھ کھلی آنکھ سے دیکھنے میں بہت فرق ہوتا ہے اور یہ فرق اسے اس جاب میں ہی سمجھ میں آیا تھا۔ہر روز بھوکے سونے والے لوگوں کی تعداد کروڑوں میں تھی۔ہر رات پیٹ بھر کر ضرورت سے زیادہ کھا لینے والوں کی تعداد بھی کروڑوں میں تھی۔صرف تین وقت کا کھانا ، سر پر چھت اور جسم پر لباس بھی کتنی بڑی نعمتیں تھیں ، اسے تب سمجھ میں آیا تھا۔
وہ یونیسیف کی ٹیم کے ساتھ چارٹرڈ طیاروں میں سفر کرتے ہوئے اپنی زندگی کے بارے میں سوچتا۔اس نے زندگی میں ایسے کون سے کارنامے انجام دئیے تھے کہ اسے وہ پر آسائش زندگی دی گئی تھی جو وہ گزار رہا تھا اور ان لوگوں سے کیا گناہ ہوئے تھے کہ وہ زندگی کی تمام بنیادی ضروریات سے محروم صرف زندہ رہنے کی خواہش میں خوراک کے ان پیکٹس کے پیچھے بھاگتے پھرتے تھے۔
وہ ساری ساری رات جاگ کر اپنے ادارے میں کے لئے ممکنہ اسکیمیں اور پلان بناتا رہتا۔کہاں خوراک کی ڈسٹری بیوشن کیسے ہو سکتی ہے ، کیا بہتری لائی جا سکتی ہے ، کہاں مزید امداد کی ضرورت ہے ، کن علاقوں میں کس طرح کے پروجیکٹس درکار تھے ، وہ بعض دفعہ اڑتالیس گھنٹے بغیر سوئے کام کرتا رہتا۔
اس کے بنائے ہوئے پرپوزلز اور رپورٹس تکنیکی لحاظ سے اتنے مربوط ہوتے تھے کہ ان میں کوئی خامی ڈھونڈنا کسی کے لئے ممکن نہیں رہتا تھا اور اس کی یہ خصوصیات ، اس کی ساکھ اور نام کو اور بھی مستحکم کرتی جا رہی تھیں اگر مجھے اللہ نے دوسروں سے بہتر ذہن اور صلاحیتیں دی ہیں تو مجھے ان صلاحیتوں کو دوسروں کے لئے استعمال کرنا چاہئیے۔اس طرح استعمال کرنا چاہئیے کہ میں دوسروں کی زندگی میں زیادہ سے زیادہ آسانی لا سکوں ، دوسروں کی زندگی کو بہتر کر سکوں۔وہ کام کرتے ہوئے اس کے علاوہ اور کچھ نہیں سوچتا تھا۔
یونیسیف کے لئے کام کرنے کے دوران ہی اس نے ایم فل کرنے کا سوچا تھا اور پھر اس نے ایم فل میں ایڈمیشن لے لیا تھا۔ایوننگ کلاسز کو جوائن کرتے ہوئے اسے قطعاً کسی قسم کا کوئی شبہ نہیں تھا کہ وہ اپنے آپ کو ایک بار پھر ضرورت سے زیادہ مصروف کر رہا تھا مگر اس کے پاس اس کے علاوہ اور کوئی راستہ نہیں تھا۔کام اس کا جنون بن چکا تھا یا پھر اس سے بھی دو قدم آگے بڑھ کر ایک مشن۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
فرقان سے سالار کی پہلی ملاقات امریکہ سے پاکستان آتے ہوئے فلائٹ کے دوران ہوئی۔وہ اس کے ساتھ والی سیٹ پر بیٹھا ہوا تھا۔وہ امریکہ میں ڈاکٹرز کی کسی کانفرنس میں شرکت کر کے واپس آ رہا تھا جبکہ سالار سکندر اپنی بہن انیتا کی شادی میں شرکت کے لئے پاکستان آ رہا تھا۔اس لمبی فلائٹ کے دوران دونوں کے درمیان ابتدائی تعارف کے بعد گفتگو کا سلسلہ تھما نہیں۔
فرقان ، عمر میں سالار سے کافی بڑا تھا ، وہ پینتیس سال کا تھا لندن اسپیشلائزیشن کرنے کے بعد وہ واپس پاکستان آ گیا تھا اور وہاں ایک ہاسپٹل میں کام کر رہا تھا۔وہ شادی شدہ تھا اور اس کے دو بچے بھی تھے۔
چند گھنٹے آپس میں گفتگو کرتے رہنے کے بعد فرقان اور وہ سونے کی تیاری کرنے لگے۔سالار نے معمول کے مطابق اپنے بریف کیس سے سلیپنگ پلز کی ایک گولی پانی کے ساتھ نگل لی۔فرقان نے اس کی اس تمام کاروائی کو خاموشی سے دیکھا۔جب اس نے بریف کیس بند کر کے دوبارہ رکھ دیا تو فرقان نے کہا۔
"اکثر لوگ فلائٹ کے دوران سلیپنگ پلز کے بغیر نہیں سو سکتے۔"
سالار نے گردن موڑ کر اسے دیکھا اور کہا۔
"میں سلیپنگ پلز کے بغیر نہیں سو سکتا۔فلائٹ میں ہوں یا نہ ہوں ، اس سے فرق نہیں پڑتا۔"
"سونے میں مشکل پیش آتی ہے؟"فرقان کو ایک دم کچھ تجسس ہوا۔
"مشکل؟"سالار مسکرایا۔"میں سرے سے سو ہی نہیں سکتا۔میں سلیپنگ پلز لیتا ہوں اور تین چار گھنٹے سو لیتا ہوں۔"
"انسو مینیا؟"فرقان نے پوچھا۔
"شاید ، میں نے ڈاکٹر سے چیک اپ نہیں کروایا مگر شاید یہ وہی ہے۔"سالار نے قدرے لاپرواہی سے کہا۔
"تمہیں چیک اپ کروانا چاہئیے تھا ، اس عمر میں انسو مینیا ۔۔۔۔۔ یہ کوئی بہت صحت مند علامت نہیں ہے۔میرا خیال ہے تم کام کے پیچھے جنونی ہو چکے ہو اور اسی وجہ سے تم نے اپنی سونے کی نارمل روٹین کو خراب کر لیا ہے۔"
فرقان اب کسی ڈاکٹر کی طرح بول رہا تھا۔سالار مسکراتے ہوئے سنتا رہا۔وہ اسے نہیں بتا سکتا تھا کہ وہ اگر رات دن مسلسل کام نہ کرے تو وہ اس احساسِ جرم کے ساتھ زندہ نہیں رہ سکتا تھا جسے وہ محسوس کرتا ہے۔وہ اسے یہ بھی نہیں بتا سکتا تھا کہ وہ سلیپنگ پلز کے بغیر سونے کی کوشش کرے تو وہ امامہ کے بارے میں سوچنے لگتا ہے۔اس حد تک کہ اسے اپنا سر درد سے پھٹتا ہوا محسوس ہونے لگتا ہے۔
"کتنے گھنٹے کام کرتے ہو ایک دن میں؟"فرقان اب پوچھ رہا تھا۔
"اٹھارہ گھنٹے ، بعض دفعہ بیس۔"
"مائی گڈنیس! اور کب سے؟"
"دو تین سال سے۔"
"اور تب ہی سے نیند کا مسئلہ ہو گا تمہیں ، میں نے ٹھیک اندازہ لگایا۔تم نے خود اپنی روٹین خراب کر لی ہے۔"فرقان نے اس سے کہا۔"ورنہ اتنے گھنٹے کام کرنے والے آدمی کو تو ذہنی تھکن ہی ایک لمبی اور پُر سکون نیند سلا دیتی ہے۔"
"یہ میرے ساتھ نہیں ہوتا۔"سالار نے مدھم لہجے میں کہا۔
"یہی تو تمہیں جاننے کی کوشش کرنی چاہئیے کہ اگر یہ تمہارے ساتھ نہیں ہوتا تو کیوں نہیں ہوتا۔"سالار اس سے یہ نہیں کہہ سکا کہ وہ وجہ جانتا ہے۔کچھ دیر کی خاموشی کے بعد فرقان نے اس سے کہا۔
"میں اگر تمہیں کچھ آیتیں بتاؤں رات کو سونے سے پہلے ، تو تم پڑھ سکو گے؟"
"کیوں نہیں پڑھ سکوں گا۔"سالار نے گردن موڑ کر اس سے کہا۔
"نہیں ، اصل میں تمہارے اور میرے جیسے لوگ جو زیادہ پڑھ لیتے ہیں اور خاص طور پر تعلیم مغرب میں حاصل کرتے ہیں وہ ایسی چیزوں پر یقین نہیں رکھتے یا انہیں پریکٹیکل نہیں سمجھتے۔"فرقان نے وضاحت کی۔
"فرقان! میں حافظِ قرآن ہوں۔"سالار نے اسی طرح لیٹے ہوئے پُر سکون آواز میں کہا۔
فرقان کو جیسے کرنٹ لگا۔
"میں روز رات کو سونے سے پہلے ایک سپارہ پڑھ کر سوتا ہوں ، میرے ساتھ یقین یا اعتماد کا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔"سالار نے بات جاری رکھی۔
"میں بھی حافظِ قرآن ہوں۔"
فرقان نے بتایا۔سالار نے گردن موڑ کر مسکراتے ہوئے اسے دیکھا۔یہ یقیناً ایک خوشگوار اتفاق تھا۔اگرچہ فرقان نے داڑھی رکھی ہوئی تھی مگر سالار کو پھر بھی یہ اندازہ نہیں ہو پایا تھا کہ وہ حافظ قرآن ہے۔
"پھر تو تمہیں اس طرح کا کوئی مسئلہ نہیں ہونا چاہئیے۔قرآن پاک کی تلاوت کر کے سونے والے انسان کو نیند نہ آئے ، یہ مجھے عجیب لگتا ہے۔"
سالار نے فرقان کو بڑبڑاتے سنا۔وہ اب اپنے حواس کو ہلکا ہلکا مفلوج پا رہا تھا۔نیند اس پر غلبہ پا رہی تھی۔اس نے آنکھیں بند کر لیں۔
"تمہیں کوئی پریشانی ہے؟"اس نے فرقان کی آواز سنی۔وہ نیند کی گولیوں کے زیرِ اثر نہ ہوتا تو مسکرا کر انکار کر دیتا مگر وہ جس حالت میں تھا اس میں وہ انکار نہیں کر سکا۔
"ہاں ، مجھے بہت زیادہ پریشانیاں ہیں۔مجھے سکون نہیں ہے ، مجھے لگتا ہے میں مسلسل کسی صحرا میں سفر کر رہا ہوں ، پچھتاوے اور احساسِ جرم مجھے چھوڑتے ہی نہیں۔مجھے۔۔۔۔۔ مجھے کسی پیر کامل کی تلاش ہے ، جو مجھے اس تکلیف سے نکال دے ، جو مجھے میری زندگی کا راستہ دکھا دے۔"
فرقان دم بخود اس کا چہرہ دیکھ رہا تھا۔سالار کی آنکھیں بند تھیں ، مگر وہ اس کی آنکھوں کے کونوں سے نکلتی نمی کو دیکھ رہا تھا۔اس کی آواز میں بھی بےربطی اور لڑکھڑاہٹ تھی۔وہ اس وقت لاشعوری طور پر سلیپنگ پلز کے زیرِ اثر بول رہا تھا۔
وہ اب خاموش ہو چکا تھا۔فرقان نے مزید کوئی سوال نہیں کیا۔بہت ہموار انداز میں چلنے والی اس کی سانس بتا رہی تھی کہ وہ نیند میں جا چکا تھا۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
جہاز میں ہونے والی وہ ملاقات وہیں ختم نہیں ہوئی۔وہ دونوں جاگنے کے بعد بھی آپس میں گفتگو کرتے رہے۔فرقان نے سالار سے ان چند جملوں کے بارے میں نہیں پوچھا تھا ، جو اس نے نیند کی آغوش میں سماتے ہوئے بولے تھے۔خود سالار کو بھی اندازہ نہیں تھا کہ اس نے سونے سے پہلے اس سے کچھ کہا تھا اگر کہا تھا تو کیا کہا تھا۔
سفر ختم ہونے سے پہلے ان دونوں نے آپس میں کانٹیکٹ نمبرز اور ایڈریس کا تبادلہ کیا پھر سالار نے اسے انیتا کی شادی پر انوائٹ کیا۔فرقان نے آنے کا وعدہ کیا مگر سالار کو اس کا یقین نہیں تھا۔ان دونوں کی فلائیٹ کراچی تک تھی پھر سالار کو اسلام آباد کی فلائٹ لینی تھی جبکہ فرقان کو لاہور کی۔ائیرپورٹ پر فرقان نے بڑی گرمجوشی کے ساتھ اس سے الوداعی مصافحہ کیا۔
انیتا کی شادی تین دن بعد تھی اور سالار کے پاس ان تین دنوں کے لیے بھی بہت سے کام تھے۔کچھ شادی کی مصروفیات اور کچھ اس کے اپنے مسئلے۔
وہ اگلے دن شام کو اس وقت حیران ہوا جب فرقان نے اسے فون کیا۔دس پندرہ منٹ دونوں کی گفتگو ہوتی رہی۔فون بند کرنے سے پہلے سالار نے ایک بار پھر اسے انیتا کی شادی کے بارے میں یاد دلایا۔
" یہ کوئی یاد دلانے والی بات نہیں ہے ، مجھے اچھی طرح یاد ہے۔میں ویسے بھی اس ویک اینڈ پر اسلام آباد میں ہی ہوں گا۔"فرقان نے جواباً کہا۔"وہاں مجھے اپنے گاؤں میں اپنا اسکول دیکھنے بھی جانا ہے۔اس کی بلڈنگ میں کچھ اضافی تعمیر ہو رہی ہے ، اسی سلسلے میں ۔۔۔۔۔تو اسلام آباد میں اس بار میرا قیام کچھ لمبا ہی ہو گا۔"سالار نے اس کی بات کو کچھ دلچسپی سے سنا۔
"گاؤں ۔۔۔۔۔اسکول۔۔۔۔۔کیا مطلب؟"
"ایک اسکول چلا رہا ہوں میں وہاں ، اپنے گاؤں میں۔"فرقان نے اسلام آباد کے نواحی علاقوں میں سے ایک کا نام لیا۔"بلکہ کئی سالوں سے۔"
"کس لئے؟"
"کس لئے؟"فرقان کو اس کے سوال نے حیران کیا۔"لوگوں کی مدد کے لئے اور کس لئے۔"
"چیریٹی ورک ہے؟'
"نہیں ، چیریٹی ورک نہیں ہے۔یہ میرا فرض ہے۔یہ کسی پر کوئی احسان نہیں ہے۔"فرقان نے بات کرتے کرتے موضوع بدل دیا۔اسکول کے بارے میں مزید گفتگو نہیں ہوئی اور فون بند ہو گیا۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
فرقان انیتا کی شادی میں واقعی آ گیا تھا۔وہ خاصی دیر وہاں رکا مگر سالار کو محسوس ہوا کہ وہ کچھ حیران تھا۔
"تمہاری فیملی تو خاصی مغرب زدہ ہے۔"
سالار کو ایک دم اس کی الجھن اور حیرانی کی وجہ سمجھ میں آ گئی۔
"میرا خیال تھا کہ تمہاری فیملی کچھ کنزرویٹو سی ہو گی کیونکہ تم نے بتایا تھا کہ تم حافظ قرآن ہو اور تمہارا لائف اسٹائل مجھے کچھ سادہ سا لگا مگر یہاں آ کر مجھے حیرانی ہوئی۔تم اور تمہاری فیملی میں بہت فرق ہے۔” I think you are the odd one out”.
وہ اپنے آخری جملے پر خود ہی مسکرا دیا۔وہ دونوں اب فرقان کی گاڑی کے قریب پہنچ چکے تھے۔
"میں نے صرف دو سال پہلے قرآن پاک حفظ کیا اور دو تین سال سے ہی میں odd one out ہوا ہوں۔پہلے میں اپنی فیملی سے بھی زیادہ مغرب زدہ تھا۔"اس نے فرقان کو بتایا۔
"دو سال پہلے قرآن پاک حفظ کیا۔امریکہ میں اپنی اسٹڈیز کے دوران ، مجھے یقین نہیں آ رہا۔"فرقان نے بےیقینی سے سر ہلایا۔
"کتنے عرصے میں کیا؟"
"تقریباً آٹھ ماہ میں۔"
فرقان کچھ دیر تک کچھ نہیں کہہ سکا ، وہ صرف اس کا چہرہ دیکھتا رہا ، پھر اس نے ایک گہرا سانس لے کر ستائشی نظروں سے اسے دیکھا۔
"تم پر اللہ کا کوئی خاص ہی کرم ہے ، ورنہ جو کچھ تم مجھے بتا رہے ہو یہ آسان کام نہیں ہے۔میں فلائٹ میں بھی تمہارے کارناموں سے کافی متاثر ہوا تھا ، کیونکہ جس عمر میں یونیسکو میں جس سیٹ پر تم کام کر رہے ہو ہر کوئی نہیں کر سکتا۔"
اس نے ایک بار پھر بڑی گرمجوشی کے ساتھ سالار سے ہاتھ ملایا۔چند لمحوں کے لئے سالار کے چہرے کا رنگ تبدیل ہوا۔
"اللہ کا خاص کرم! اگر میں اسے یہ بتا دوں کہ میں ساری زندگی کیا کرتا رہا ہوں تو یہ ۔۔۔۔۔"سالار نے اس سے ہاتھ ملاتے ہوئے سوچا۔
"تم پرسوں کسی اسکول کی بات کر رہے تھے۔"سالار نے دانستہ طور پر موضوع بدلا۔
"تم اسلام آباد میں نہیں رہتے؟"
"نہیں ، میں اسلام آباد میں ہی رہتا ہوں مگر میرا ایک گاؤں ہے۔آبائی گاؤں ، وہاں ہماری کچھ زمین ہے ، ایک گھر بھی تھا۔"فرقان اسے تفصیل سے بتانے لگا۔"کئی سال پہلے میرے والدین اسلام آباد شفٹ ہو گئے تھے۔میرے والد نے فیڈرل سروس سے ریٹائرمنٹ کے بعد وہاں اپنی زمینوں پر ایک اسکول بنا لیا۔اس گاؤں میں کوئی اسکول نہیں تھا۔انہوں نے پرائمری اسکول بنوایا تھا۔سات آٹھ سال سے میں اسے دیکھ رہا ہوں۔اب وہ سیکنڈری اسکول بن چکا ہے۔چار سال پہلے میں نے وہاں ایک ڈسپینسری بھی بنوائی۔تم اس ڈسپنسری کو دیکھ کر حیران رہ جاؤ گے۔بہت جدید سامان ہے اس میں۔میرے ایک دوست نے ایک ایمبولینس بھی گفٹ کی ہے اور اب صرف میرے گاؤں کے ہی نہیں بلکہ ارد گرد کے بہت سارے گاؤں کے لوگ بھی اسکول اور ڈسپنسری سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔"
سالار اس کی باتیں توجہ سے سن رہا تھا۔
"مگر تم یہ سب کیوں کر رہے ہو۔تم ایک سرجن ہو ، تم یہ سب کیسے کر لیتے ہو اور اس کے لئے بہت پیسے کی ضرورت ہے۔"
"کیوں کر رہا ہوں ، یہ تو میں نے اپنے آپ سے کبھی نہیں پوچھا۔میرے گاؤں میں اتنی غربت تھی کہ یہ سوال پوچھنے کی مجھے کبھی ضرورت ہی نہیں پڑی۔ہم لوگ بچپن میں کبھی کبھار اپنے گاؤں جایا کرتے تھے۔یہ ہمارے لئے تفریح تھی۔ہماری حویلی کے علاوہ گاؤں کا کوئی مکان پکا نہیں تھا اور سڑک کا تو سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ہم سب کو یوں لگتا تھا جیسے ہم جنگل میں آ گئے ہیں ، اب اگر ہم جانور ہوتے تو ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا۔شہر کی طرح ہم جنگل میں دندناتے پھرتے۔یہی سوچ کر کہ سب ، ہم سب سے مرعوب ہیں اور کوئی بھی ہمارے جیسا نہیں نہ کوئی ہماری طرح رہتا ہے ، نہ ہمارے جیسا کھاتا ہے ، نہ ہمارے جیسا پہنتا ہے مگر انسان ہو کر یہ برداشت کرنا مشکل ہو جاتا ہے کہ ہمارے اردگرد کے انسان جانوروں جیسی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ہو سکتا ہے کچھ انسانوں کو اس سے خوشی محسوس ہوتی ہو کہ انہیں ہر نعمت میسر ہے اور باقی سب ترس رہے ہیں مگر ہمارا شمار ایسے لوگوں میں نہیں ہوتا تھا۔اب سوال یہ پیدا ہوتا تھا کہ کیا کیا جائے۔میرے پاس کوئی جادو کی چھڑی تو تھی نہیں کہ میں اسے ہلاتا اور سب کچھ بدل دیتا ، نہ ہی بےشمار وسائل۔تمہیں میں نے بتایا ہے نا کہ میرے والد سول سرونٹ تھے ، ایمان دار قسم کے سول سرونٹ۔میں اور میرا بھائی دونوں شروع سے ہی اسکالرشپ پر پڑھتے رہے ، اس لئے ہم پر ہمارے والدین کو زیادہ خرچ نہیں کرنا پڑا۔خود وہ بھی کوئی فضول خرچ نہیں تھے ، اس لئے تھوڑی بہت بچت ہوتی رہی۔ریٹائرمنٹ کے بعد میرے والد نے سوچا کہ لاہور یا اسلام آباد کے کسی گھر میں اخبار پڑھ کر ، واک کر کے یا ٹی وی دیکھ کر زندگی گزارنے کی بجائے ، انہیں اپنے گاؤں جانا چاہئیے۔وہاں کچھ بہتری لانے کی کوشش کرنی چاہئیے۔"
وہ دونوں گاڑی کے اندر بیٹھے ہوئے تھے۔
"مشکلات کا تم اندازہ نہیں کر سکتے گاؤں میں نہ بجلی تھی ، نہ صاف پانی ، کچھ بھی نہیں تھا۔بابا نے پتا نہیں کہاں کہاں بھاگ کر یہ ساری چیزیں منظور کروائیں۔جب وہاں پرائمری اسکول بن گیا ، ایک سڑک بھی آ گئی ، بجلی اور پانی جیسی سہولتیں بھی آ گئیں تو گورنمنٹ کو اچانک وہاں ایک اسکول بنانے کا خیال آیا۔میرے والدین کی خوشی تھی کہ گورنمنٹ ان کے اسکول کو اپنی زیرنگرانی لے لے۔اس میں اپنے ٹیچرز بھجوائے اور کچھ عرصے کے بعد اس اسکول کو اپ گریڈ کر دے ، مگر محکمہ تعلیم کے ساتھ چند رابطوں میں ہی بابا کو اندازہ ہو گیا تھا کہ ایسا ہونے کی صورت میں ان کی ساری محنت پر پانی پھر جائے گا۔بابا وہاں بچوں کو سب کچھ دیتے تھے۔کتابیں ، کاپیاں ، یونیفارم اور ایسی کچھ ضروری چیزیں۔انہوں نے باقائدہ اس کے لئے فنڈز رکھے ہوئے تھے ، مگر تم اندازہ کر سکتے ہو کہ گورنمنٹ کے پاس چلے جانے کے بعد اس اسکول کا کیا حشر ہوتا۔سب سے پہلے وہ فنڈز جاتے پھر باقی سب کچھ۔اس لیے بابا خود ہی اس اسکول کو چلاتے رہے۔
محکمہء تعلیم نے وہاں اسکول پھر بھی کھولا مگر وہاں ایک بچہ بھی نہیں گیا پھر ہار مان کر انہوں نے وہ اسکول بند کر دیا اور ہمارے اسکول کو اپ گریڈ کر دیا۔بابا کے کچھ دوستوں نے اس سلسلے میں ان کی مدد کی ، اسی طرح اس کی اپ گریڈنگ ہوتی گئی۔میں ان دنوں لندن میں پڑھتا تھا اور میں روپے بچا بچا کر بھیجا کرتا تھا۔ابھی بھی ہم اس کو اور ترقی دے رہے ہیں ، آس پاس کے گاؤں کے لوگ بھی اپنے بچوں کو ہمارے پاس بھجواتے ہیں۔میں جب پاکستان واپس آیا تو میں نے وہاں ایک با ضابطہ قسم کی ڈسپنسری قائم کی۔گاؤں کی آبادی بھی اب بہت بڑھ گئی ہے لیکن گاؤں میں غربت ابھی بھی مکمل طور پر ختم نہیں ہوئی۔تعلیم سے اتنا ضرور ہوا ہے کہ گاؤں کے کچھ بچے باہر شہر میں آگے پڑھنے کے لیے جانے لگے ہیں۔کچھ مختلف ہنر سیکھ رہے ہیں۔وہ جو غربت کا ایک چکر تھا وہ ختم ہو رہا ہے۔ان کی یہ نسلیں نہیں تو اگلی نسلیں شاید تمہارے اور میرے جیسے تعلیمی اداروں سے اعلیٰ ڈگریز لے کر نکلیں۔کون کہہ سکتا ہے۔"وہ مسکراتے ہوئے بولا۔
"میں ہر ماہ ایک ویک اینڈ پر گاؤں جاتا ہوں ، وہاں دو کمپاؤنڈر ہیں مگر کوئی ڈاکٹر نہیں ہے۔ایک ویک اینڈ پر میں وہاں جاتا ہوں ، باقی تین ویک اینڈز پر بھی ہم کسی نہ کسی کو وہاں بھجوا دیتے ہیں پھر میں وہاں ہر تین ماہ بعد ایک میڈیکل کیمپ لگواتا ہوں۔"
"اور اس سب کے لئے روپیہ کہاں سے آتا ہے؟"
"شروع میں تو یہ بابا کا روپیہ تھا۔ان ہی کی زمین پر اسکول بنا ، ان کی گریجویٹی سے اس کی تعمیر ہوئی۔میری امی نے بھی اپنے پاس موجود رقم سے ان کی مدد کی ، پھر بابا کے کچھ دوست بھی مالی امداد کرنے لگے۔اس کے بعد میں اور مہران بھی اس میں شامل ہو گئے پھر میرے کچھ دوست بھی۔میں اپنی انکم کا ایک خاص حصہ ہر ماہ گاؤں بھجوا دیتا ہوں۔اس سے ڈسپنسری بڑے آرام سے چلتی رہتی ہے ، جو ڈاکٹرز وہاں مہینے کے تین ویک اینڈز پر جاتے ہیں وہ کچھ چارج نہیں کرتے۔ان کے لیے یہ سوشل ورک ہے۔میڈیکل کیمپس بھی اسی طرح کے لگ جاتے ہیں اور اسکول کے پاس اب اتنے فکسڈ ڈیپازٹس ہو چکے ہیں کہ ان سے آنے والی رقم ٹیچرز کی تنخواہ اور دوسرے اخراجات کے لیے کافی ہوتی ہے۔ہم چند سالوں میں وہاں ٹیکنیکل ایجوکیشن کے لئے بھی کچھ کام کرنا چاہتے ہیں۔"
"تم کب جا رہے ہو وہاں؟"
"میں تو صبح نکل رہا ہوں۔"
"اگر میں تمہارے ساتھ جانا چاہوں؟"سالار نے کہا۔
"موسٹ ویلکم ۔۔۔۔۔مگر کل تو ولیمہ ہو گا ، تم یہاں مصروف ہو گے۔"فرقان نے اسے یاد دلایا۔
"ولیمہ تو رات کو ہے ، سارا دن تو میں فارغ ہی ہوں گا۔کیا رات تک پہنچنا مشکل ہو گا؟"
"نہیں ، بالکل بھی نہیں۔تم بہت آسانی سے پہنچ سکتے ہو۔صرف صبح کچھ جلدی نکلنا پڑے گا۔اگر تم واقعی وہاں چند گھنٹے گزارنا چاہتے ہو ، ورنہ پھر تم واپس آ کر خاصے تھک جاؤ گے۔"فرقان نے اس سے کہا۔
"میں نہیں تھکوں گا ، میں یونیسیف کی ٹیمز کے ساتھ کیسے کیسے علاقوں میں سفر کرتا رہا ہوں ، تمہیں اس کا اندازہ نہیں ہو سکتا۔میں فجر کے بعد تیار رہوں گا ، تم مجھے وقت بتا دو۔"
"ساڑھے پانچ۔"
"اوکے ، تم گھر سے نکلتے ہوئے مجھے ایک بار موبائل پر کال کر لینا اور دو تین بار ہارن دینا یہاں آ کر ، میں نکل آؤں گا۔"
اس نے فرقان سے کہا اور پھر خدا حافظ کہتا ہوا اندر مڑ گیا۔
اگلی صبح فرقان ٹھیک ساڑھے پانچ بجے اس کے گیٹ پر ہارن دے رہا تھا اور سالار پہلے ہی ہارن پر باہر تھا۔
"تم واپس پاکستان کیوں آ گئے؟تم انگلینڈ میں بہت آگے جا سکتے تھے؟"گاڑی شہر سے باہر والی سڑک پر بھاگ رہی تھی۔انہیں سفر کرتے آدھا گھنٹہ ہو گیا تھا ، جب سالار سے اچانک اس نے پوچھا۔
"انگلینڈ کو میری ضرورت نہیں تھی ، پاکستان کو تھی ، اس لئے میں پاکستان آ گیا۔"فرقان نے بڑے نارمل انداز میں کہا۔
"وہاں ایک ڈاکٹر فرقان کے نہ ہونے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔یہاں ایک ڈاکٹر فرقان کے نہ ہونے سے بہت فرق پڑ جاتا۔یہاں میری خدمات کی ضرورت ہے۔"اس نے آخری جملے پر زور دیتے ہوئے کہا۔
"مگر وہاں اتنے سالوں میں تم بہت آگے جا سکتے تھے۔پھر پروفیشنلی بھی تم بہت کچھ سیکھتے۔فنانشیلی بھی تم اس پروجیکٹ کے لئے زیادہ روپیہ حاصل کر سکتے تھے ، جو تم نے شروع کیا ہوا ہے۔آفٹر آل ، پاکستان میں تم اتنے کامیاب نہیں ہو سکتے۔"سالار نے کہا۔
"اگر کامیابی سے تمہاری مراد پاؤنڈز کی تعداد اور سہولتوں سے ہے تو ہاں ، دونوں جگہوں کا کوئی مقابلہ نہیں ہے لیکن اگر تمہارا اشارہ علاج کی طرف ہے تو میں یہاں زیادہ لوگوں کو زندگی بانٹ رہا ہوں جو اطمینان ڈاکٹر اپنے صحت یاب ہونے والے مریض کو دیکھ کر حاصل کرتا ہے تم اس کا اندازہ نہیں کر سکتے۔انگلینڈ اونکولوجسٹ سے بھرا ہوا ہے۔پاکستان میں ان کی تعداد انگلیوں پر گنی جا سکتی ہے۔میں وہاں رہ کر پیسوں کا ڈھیر بھی یہاں بھجواتا رہتا تو کوئی فرق نہ پڑتا۔جہاں ایک فرد کی کمی ہوتی ہے وہاں اس فرد سے ہی وہ کمی پوری ہوتی ہے۔روپیہ یا دوسری کوئی چیز اس کی جگہ نہیں لے سکتا۔میں بہت قانع ہوں سالار ! میری پوری فیملی بہت قانع ہے۔اگر میں نے کوئی چیز سیکھی ہے تو وہ سب سے پہلے میرے اپنے لوگوں کے کام آنی چاہئیے۔میں اپنے لوگوں کو مرتا چھوڑ کر دوسرے لوگوں کی زندگی نہیں بچا سکتا۔پاکستان میں کچھ بھی صحیح نہیں ہے ، سب کچھ خراب ہے ، کچھ بھی ٹھیک نہیں ، سہولتوں سے خالی ہاسپیٹلز اور حد سے زیادہ برا اور کرپٹ ہیلتھ سسٹم۔جس برائی اور خامی کا سوچو وہ یہاں ہے مگر میں اس جگہ کو نہیں چھوڑ سکتا۔اگر میرے ہاتھ میں شفا ہے تو پھر سب سے پہلے یہ شفا میرے اپنے لوگوں کے حصے میں آنی چاہئیے۔"
سالار بہت دیر تک کچھ نہیں بول سکا۔گاڑی میں یک دم خاموشی چھا گئی تھی۔
"تم نے مجھ سے تو یہ سوال پوچھ لیا کہ میں پاکستان کیوں آ گیا ، کیا اب میں تم سے یہ سوال پوچھوں کہ تم پاکستان کیوں نہیں آ جاتے؟ "فرقان نے کچھ دیر کی خاموشی کے بعد مسکراتے ہوئے کہا۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

کیا اب میں تم سے یہ سوال پوچھوں کہ تم پاکستان کیوں نہیں آ جاتے؟ "فرقان نے کچھ دیر کی خاموشی کے بعد مسکراتے ہوئے کہا۔
"میں یہاں نہیں رہ سکتا۔"سالار نے بےاختیار کہا۔
"تم پیسوں اور سہولتوں کی وجہ سے یہ کہہ رہے ہو؟"
"نہیں ، پیسہ یا سہولتیں میرا مسئلہ نہیں ، نہ اب ، نہ ہی پہلے کبھی۔تم میرا فیملی بیک گراؤنڈ جان چکے ہو۔"
"پھر؟"
"پھر۔۔۔۔۔کچھ بھی نہیں۔بس میں یہاں نہیں آ سکتا۔"اس نے قطعی لہجے میں کہا۔
"یہاں تمہاری ضرورت ہے۔"
"کس کو؟'
"اس ملک کو۔"
سالار بےاختیار مسکرایا۔"میں تمہاری طرح کی حب الوطنی نہیں رکھتا۔میرے بغیر بھی سب کچھ ٹھیک ہے یہاں۔ایک ڈاکٹر کی اور بات ہے مگر ایک اکانومسٹ تو کسی کو زندگی اور موت نہیں دے سکتا۔"
"تم جو سروسز وہاں دے رہے ہو ، وہ یہاں کے اداروں کو دے سکتے ہو جو کچھ اپنے لیکچرز میں وہاں کی یونیورسٹیز میں سکھا رہے ہو ، یہاں کی یونیورسٹیز میں سکھا سکتے ہو۔"
اس کا دل چاہا ، وہ فرقان سے کہے کہ وہ یہاں آ کر کچھ بھی سکھانے کے قابل نہیں رہ سکے گا ، مگر وہ خاموشی سے اس کی بات سنتا رہا۔
"تم نے افریقہ کی غربت ، بھوک اور بیماری دیکھی ہے۔تم یہاں کی غربت ، بھوک اور بیماری دیکھو گے تو حیران رہ جاؤ گے۔"
"یہاں صورت حال ان ملکوں کی طرح خراب نہیں ہے فرقان! یہاں اتنی پسماندگی نہیں ہے۔"
"اسلام آباد کے جس سیکٹر میں تم پلے بڑھے ہو وہاں رہ کر اردگرد کی زندگی کا اندازہ لگانا بہت مشکل ہے۔تم اسلام آباد کے قریبی گاؤں میں چلے جاؤ تو تمہیں اندازہ ہو جائے گا کہ یہ ملک کتنا خوشحال ہے۔"
"فرقان! میں تمہارے اس پروجیکٹ میں کچھ کنٹری بیوشن کرنا چاہتا ہوں۔"سالار نے یک دم بات کا موضوع بدلنا چاہا۔
"سالار! میرے اس پروجیکٹ کو فی الحال کسی مدد کی ضرورت نہیں ہے۔تم اگر ایسا کوئی کام کرنا چاہتے تو تم خود کسی گاؤں میں اس طرح کا کام شروع کرو ، تمہارے پاس فنڈز کی کمی نہیں ہو گی۔"
"میرے پاس وقت نہیں ہے ، میں امریکہ میں بیٹھ کر یہ سب نہیں چلا سکتا۔تم اگر یہ چاہتے ہو تو کہ کسی دوسرے گاؤں میں بھی کوئی اسکول قائم کیا جائے تو میں اسے سپورٹ کرنے کو تیار ہوں۔میرے لئے ذاتی طور پر وقت دینا مشکل ہے۔"
فرقان اس بار خاموش رہا۔شاید اسے اندازہ ہو گیا تھا کہ سالار اب اس کے اس اصرار پر کچھ جھنجھلا رہا تھا۔بات کا موضوع ایک بار پھر فرقان کے گاؤں کی طرف مڑ گیا۔
وہ دن سالار کی زندگی کے یادگار ترین دنوں میں سے ایک تھا۔وہ اس اسکول کو دیکھ کر واقعی بڑا متاثر ہوا تھا مگر اس سے بھی زیادہ متاثر وہ اس ڈسپنسری کو دیکھ کر ہوا تھا جہاں وہ گیا تھا۔اسے ایک چھوٹا ہاسپٹل کہنا زیادہ بہتر تھا۔ڈاکٹر کے نہ ہونے کے باوجود وہ بڑے منظم طریقے سے چلایا جا رہا تھا۔اس دن فرقان کی آمد متوقع تھی اور اس کے انتظار میں مریضوں کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی فرقان آتے ہی مصروف ہو گیا۔ہاسپٹل کا احاطہ مریضوں سے بھرا ہوا تھا۔وہاں ہر عمر اور ہر طرح کے مریض تھے۔نوزائیدہ بچے ، عورتیں ، بوڑھے ، جوان۔
سالار احاطے میں لاشعوری طور پر چہل قدمی کرتا رہا۔وہاں موجود چند لوگوں نے اسے بھی ڈاکٹر سمجھا اور اس کے قریب چلے آئے۔سالار ان سے بات چیت کرنے لگا۔
زندگی میں وہ پہلی بار کینسر کے ایک اسپیشلسٹ کو ایک فزیشن کے طور پر چیک اپ کرتے اور نسخے لکھتے دیکھ رہا تھا اور اس نے اعتراف کیا۔اس نے زندگی میں فرقان سے اچھا ڈاکٹر کبھی نہیں دیکھا تھا۔وہ بےحد پروفیشنل اور بےحد نرم مزاج تھا۔اس تمام عمل میں اس کے چہرے کی مسکراہٹ ایک لمحہ کے لئے بھی غائب نہیں ہوئی تھی۔سالار کو یوں لگ رہا تھا جیسے اس نے اپنے ہونٹوں پر مسکراہٹ کو کسی چیز کے ساتھ چپکایا ہوا تھا ، کچھ وقت گزرنے کے بعد اس نے سالار کو ایک آدمی کے ساتھ اسکول بھجوا دیا تھا وہ وہاں اس کے والدین سے ملا۔
وہ اس کی آمد سے پہلے ہی با خبر تھے ، یقیناً فرقان نے ان کو فون پر بتا دیا تھا وہ ان کے ساتھ اسکول میں پھرتا رہا۔اسکول کی عمارت اس کی توقعات سے برعکس بہت وسیع اور بہت اچھی بنی ہوئی تھی۔اسے وہاں موجود بچوں کی تعداد دیکھ کر بھی حیرت ہو رہی تھی۔
وہاں کچھ گھنٹے رکنے کے بعد وہ ان دونوں کے ساتھ ان کی حویلی میں آ گیا ، حویلی کے بیرونی دروازے سے اندر داخل ہوتے ہی بےاختیار اس کا دل خوش ہوا تھا۔اسے اس گاؤں میں اس قسم کے شاندار لان کی توقع نہیں تھی۔وہاں پودوں کی بھرمار تھی مگر بےترتیبی نہیں تھی۔
"بہت شاندار لان ہے ، بہت آرٹسٹک۔"وہ تعریف کئے بغیر نہیں رہ سکا۔
"یہ شکیل صاحب کا شوق ہے۔"فرقان کی امی نے کہا۔
"میرا اور نوشین کا۔"فرقان کے والد نے اضافہ کیا۔
"نوشین؟"سالار نے سوالیہ انداز میں کہا۔
"فرقان کی بیوی۔۔۔۔۔یہ آرٹسٹک ٹچ اسی کا ہے۔"انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا۔
"فرقان نے مجھے بتایا تھا کہ اس کی فیملی لاہور میں ہوتی ہے۔"سالار کو یاد تھا۔
"ہاں ، وہ لوگ لاہور میں ہی ہوتے ہیں مگر فرقان مہینے میں ایک ویک اینڈ یہاں گزارتا ہے پھر وہ اپنی فیملی بھی یہاں لاتا ہے۔یہ سلائیڈز اس کے بچوں کے لیے لگوائی ہیں۔نوشین بھی ڈاکٹر ہے۔ابھی بچے چھوٹے ہیں ، اس لئے پریکٹس نہیں کرتی مگر جب یہاں آتی ہے تو فرقان کے ساتھ ڈسپنسری جاتی ہے۔اس بار وہ اپنے بھائی کی شادی میں مصروف تھی ، اس لئے فرقان کے ساتھ نہیں آ سکی۔"وہ اِدھر اُدھر نظریں دوڑاتا ان کی باتیں سنتا رہا۔
وہ ان کے ساتھ لنچ کرنے کے لئے گھر پر آیا تھا اور اس کا خیال تھا کہ کچھ دیر تک فرقان بھی آ جائے گا مگر جب کھانا لگنا شروع ہو گیا تو اس نے فرقان کے بارے میں پوچھا۔
"وہ دوپہر کا کھانا یہاں نہیں کھاتا۔صرف ایک سینڈوچ اور چائے کا کپ لیتا ہے۔اس میں بھی پانچ منٹ سے زیادہ نہیں لگتے۔اس کے پاس مریض اتنے ہوتے ہیں کہ وہ شام تک بالکل فارغ نہیں ہوتا۔کھانا وانا بالکل بھول جاتا ہے۔"
فرقان کی امی نے اس سے کہا۔وہ ان کے ساتھ باتیں کرتے ہوئے کھانا کھانے لگا۔فرقان کے والد فنانس ڈویژن میں ہی کام کرتے رہے تھے اور بیسویں گریڈ میں ریٹائر ہوئے تھے۔یہ جان کر کہ سالار کا تعلق بھی فنانس سے ہی تھا۔ان کے جوش میں کچھ اضافہ ہو گیا تھا۔سالار کو ان سے باتیں کرتے ہوئے وقت گزرنے کا احساس نہیں ہوا۔سالار نے ان سے اس اسکول کے حوالے سے بات کی۔
"اسکول کے لئے ہمیں فی الحال کسی چیز کی ضرورت نہیں ہے۔ہمارے پاس خاصے فنڈز ہیں۔فرقان کا ایک دوست ایک نیا بلاک بھی بنوا رہا ہے بلکہ بن ہی چکا ہے ، تم نے تو دیکھا ہی ہے۔ہاں ، تم اگر کچھ کرنا چاہتے ہو تو ڈسپنسری کے لئے کرو۔ہمیں ایک مستقل ڈاکٹر کی ضرورت ہے اور ہم اس کے لئے ہیلتھ منسٹری میں بہت دفعہ درخواستیں دے چکے ہیں۔فرقان نے اپنے تعلقات بھی استعمال کیے ہیں مگر کوئی بھی ڈاکٹر یہاں مستقل طور پر آ کر رہنے کو تیار نہیں اور ہمیں ایک ڈاکٹر کی اشد ضرورت ہے۔تم نے مریضوں کی تعداد تو دیکھی ہی ہو گی۔ایک قریبی گاؤں میں ایک ڈسپنسری اور ڈاکٹر ہے ، مگر ڈاکٹر مستقل چھٹی پر ہے اور اگلا ڈاکٹر بھی آنے سے پہلے ہی چھٹی پر چلا جاتا ہے۔"
"میں اس سلسلے میں جو کچھ کر سکا ضرور کروں گا لیکن میں چاہتا ہوں کہ اس اسکول کے لئے بھی کچھ کروں۔میں واپس جانے کے بعد کوشش کروں گا کہ آپ کو یونیسکو کی طرف سے کسی این جی او کے ذریعے ہر سال کچھ گرانٹ بھی ملتی رہے۔"
"لیکن ہمیں اس کی ضرورت نہیں ہے۔یہ سب کچھ جو تم نے دیکھا ہے یہ سب ہم لوگوں نے خود کیا ہے۔ہماری فیملی نے ، رشتہ داروں نے ، فیملی فرینڈز نے ۔ میرے واقف کاروں نے ، میرے بچوں کے دوستوں نے۔ہمیں کبھی کسی حکومتی یا بین الاقوامی ایجنسی کی گرانٹ کی ضرورت ہی نہیں پڑی۔کب تک یونیسکو آ کر ہمارے لوگوں کی بھوک ، جہالت اور بیماری ختم کرتی رہے گی۔جو کام ہم اپنے وسائل سے کر سکتے ہیں وہ ہمیں اپنے وسائل سے ہی کرنے چاہئیں۔"
"میں صرف یہ چاہتا تھا کہ آپ اس پروجیکٹ کو اور بڑھائیں۔"سالار بےاختیار بولتے ہوئے لڑکھڑایا۔
"یہ بہت بڑھ جائے گا ، تم بیس سال بعد یہاں آ کر دیکھو گے تو یہ گاؤں تمہیں ایک مختلف گاؤں ملے گا۔جتنی غربت تم نے آج یہاں دیکھی ہے وہ تب نہیں ہو گی۔ان کا "کل" آج سے مختلف ہو گا۔"
فرقان کے والد نے بےحد اطمینان سے کہا۔سالار چپ چاپ انہیں دیکھتا رہا۔
سہ پہر کے قریب اسے فرقان نے ڈسپنسری سے فون کیا۔کچھ دیر رسمی گفتگو کے بعد اس نے سالار سے کہا۔
"اب تمہیں واپس اسلام آباد کے لئے نکل جانا چاہئیے۔میں چاہتا تھا کہ خود تمہیں واپس چھوڑ کر آؤں مگر یہاں بہت رش ہے جو لوگ دوسرے گاؤں سے آتے ہیں اگر میں انہیں آج چیک نہیں کر سکا تو انہیں بہت زحمت ہو گی ، اس لئے میں اپنے ڈسپنسر کو بھجوا رہا ہوں۔وہ گاڑی میں تمہیں اسلام آباد چھوڑ آئے گا۔"اس نے پروگرام طے کیا۔
"اوکے۔"سالار نے کہا۔
"جانے سے پہلے ڈسپنسری آ کر مجھ سے مل لینا۔"اس نے فون بند کرتے ہوئے کہا۔
سالار نے ایک بار پھر فرقان کے والدین کے ساتھ چائے پی۔گاڑی تب تک وہاں آ چکی تھی ، پھر وہ وہاں سے گاڑی میں فرقان کے پاس چلا گیا۔صبح والی بھیڑ اب کم ہو چکی تھی۔وہاں اب صرف پچیس تیس کے قریب لوگ تھے۔فرقان ایک بوڑھے آدمی کا معائنہ کر رہا تھا۔سالار کو دیکھ کر مسکرایا۔
"میں دو منٹ میں انہیں چھوڑ کر آتا ہوں۔"
اس نے مریض سے کہا اور پھر اٹھ کر کھڑا ہو گیا۔سالار کے ساتھ چلتا ہوا وہ باہر گاڑی تک آیا۔
"تم کب تک پاکستان میں ہو؟"اس نے سالار سے پوچھا۔
"ڈیڑھ ہفتہ۔"
"پھر تو دوبارہ ملاقات نہیں ہو سکے گی تم سے کیونکہ میں تو اب اگلے ہی ماہ اسلام آباد اور یہاں آؤں گا لیکن میں تمہیں فون کروں گا ، تمہاری فلائٹ کب ہے؟"
سالار نے اس کے سوال کو نظر انداز کیا۔
"ملاقات کیوں نہیں ہو سکتی ، میں لاہور آ سکتا ہوں ، اگر تم انوائٹ کرو۔"فرقان کچھ حیران انداز میں مسکرایا۔
سالار اس سے ہاتھ ملاتے ہوئے گاڑی میں بیٹھ گیا۔
سالار نہیں جانتا تھا اسے کون سی چیز اس طرح اچانک فرقان کے اتنے قریب لے آئی تھی۔وہ یہ بھی نہیں جانتا تھا کہ وہ فرقان کو کیوں اتنا پسند کر رہا تھا۔وہ اس کی وجہ سمجھنے سے قاصر تھا۔
فرقان کے ساتھ اس کاگاؤں دیکھنے کے چار دن بعد وہ لاہور گیا۔وہ وہاں ایک دن کے لئے گیا تھا اور اس نے فرقان کو فون پر اس کی اطلاع دی۔فرقان نے اسے ائیرپورٹ پر پک کرنے اور اپنے ساتھ رہنے کی آفر کی ، مگر اس نے انکار کر دیا۔
وہ فرقان سے طے شدہ پروگرام کے مطابق چار بجے کے قریب اس کے گھر پہنچا۔وہ ایک اچھے علاقے میں ایک عمارت کے گراؤنڈ فلور کے ایک فلیٹ میں رہتا تھا۔دروازے کے ساتھ موجود بیل دبا کر وہ خاموشی سے کھڑا ہو گیا۔اندر سے یک دم کسی بچے کے بھاگنے کی آواز آئی۔ایک چار پانچ سال کی بچی ڈور چین کی وجہ سے دروازے میں آنے والی جھری سے اس کو دیکھ رہی تھی۔
"آپ کو کس سے ملنا ہے؟"سالار اسے دیکھ کر دوستانہ انداز میں مسکرایا تھا مگر اس بچی کے چہرے پر کوئی مسکراہٹ نہیں آئی۔وہ بڑی سنجیدگی سے سالار سے پوچھ رہی تھی۔
"بیٹا! مجھے آپ کے پاپا سے ملنا ہے۔"
اس بچی اور فرقان کے چہرے میں اتنی مماثلت تھی کہ اس کے لئے یہ اندازہ لگانا مشکل نہیں تھا کہ وہ فرقان کی بیٹی تھی۔
"پاپا اس وقت کسی سے نہیں ملتے۔"اسے بڑی سنجیدگی سے اطلاع دی گئی۔
"مجھ سے مل لیں گے۔"سالار نے قدرے محفوظ ہوتے ہوئے کہا۔
"آپ سے کیوں مل لیں گے؟"فوراً جواب آیا۔
"کیوں کہ میں ان کا دوست ہوں ، آپ انہیں جا کر بتائیں گی کہ سالار انکل آئے ہیں تو وہ مجھ سے مل لیں گے۔"سالار نے مسکراتے ہوئے نرمی سے کہا۔وہ اس کی مسکراہٹ سے متاثر نہیں ہوئی۔
"لیکن آپ میرے انکل تو نہیں ہیں۔"
سالار کو بےاختیار ہنسی آ گئی۔
"آپ نہ ہنسیں۔"وہ بےاختیار بگڑی۔سالار پنجوں کے بل اس کے مقابل بیٹھ گیا۔
"اچھا میں نہیں ہنستا۔"اس نے چہرے کی مسکراہٹ کو چھپایا۔
"آپ اس فراک میں بہت اچھی لگ رہی ہیں۔"وہ اب کچھ قریب سے اس کا جائزہ لیتے ہوئے بولا۔اس کی تعریف نے دروازے کی جھری میں سے جھانکتی ہوئی محترمہ کے تاثرات اور موڈ میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔
"لیکن آپ مجھے اچھے نہیں لگے۔"
اس کے جملے سے زیادہ اس کے تاثرات نے سالار کو محفوظ کیا۔وہ اب کچھ دور سے فلیٹ کے اندر کسی کے قدموں کی آواز سن رہا تھا۔کوئی دروازے کی طرف آ رہا تھا۔
"کیوں ، میں کیوں اچھا نہیں لگا؟"اس نے مسکراتے ہوئے اطمینان سے پوچھا۔
"بس نہیں اچھے لگے۔"اس نے ناگواری سے گردن کو جھٹکا۔
"نام کیا ہے آپ کا؟"وہ کچھ دیر اسے دیکھتی رہی پھر اس نے کہا۔
"امامہ!”سالار کے چہرے کی مسکراہٹ غائب ہو گئی۔اس نے دروازے کی جھری میں سے امامہ کے عقب میں فرقان کو دیکھا۔وہ امامہ کو اٹھاتے ہوئے دروازہ کھول رہا تھا۔
سالار کھڑا ہو گیا۔فرقان نہا کر نکلا تھا ، اس کے بال گیلے اور بےترتیب تھے۔سالار نے مسکرانے کی کوشش کی وہ فوری طور پر کامیاب نہیں ہو سکا۔فرقان نے اس سے ہاتھ ملایا۔
"میں تمہارا ہی انتظار کر رہا تھا۔"وہ اس کے ساتھ اندر جاتے ہوئے بولا۔وہ دونوں اب ڈرائنگ روم میں داخل ہو رہے تھے۔
امامہ فرقان کی گود میں چڑھی ہوئی تھی اور اسے مسلسل کان میں کچھ بتانے کی کوشش کر رہی تھی ، جسے فرقان مسلسل نظر انداز کر رہا تھا۔
"انکل سالار سے ملی ہیں آپ!” فرقان نے سالار کو بیٹھنے کا اشارہ کرتے ہوئے امامہ سے پوچھا۔وہ اب خود بھی صوفے پر بیٹھ رہا تھا۔
"یہ مجھے اچھے نہیں لگتے۔"اس نے باپ تک اپنی ناپسندیدگی پہنچائی۔
"بہت بُری بات ہے امامہ! ایسے نہیں کہتے۔"فرقان نے سرزنش کرنے والے انداز میں کہا۔
"آپ انکل کے پاس جائیں اور ان سے ہاتھ ملائیں۔"
اس نے امامہ کو نیچے اُتار دیا۔وہ سالار کی طرف جانے کی بجائے ایک دم بھاگتے ہوئے باہر چلی گئی۔
"حیرانی کی بات ہے کہ اسے تم اچھے نہیں لگے ، ورنہ اس کو میرا ہر دوست اچھا لگتا ہے۔آج اس کا موڈ بھی کچھ آف ہے۔"فرقان نے مسکراتے ہوئے وضاحت کی۔
"یہ نام کا اثر ہے مجھے حیرانی ہوتی اگر اسے میں اچھا لگتا۔"سالار نے سوچا۔
چائے پیتے ہوئے وہ دونوں آپس میں باتیں کر رہے تھے اور باتوں کے دوران سالار نے اس سے کہا۔
"ایک دو ہفتےتک تم لوگوں کی ڈسپنسری میں ڈاکٹر آ جائے گا۔"اس نے سرسری انداز میں کہا۔
"یہ تو بہت اچھی خبر ہے۔"فرقان یک دم خوش ہوا۔
"اور اس بار وہ ڈاکٹر وہاں رہے گا۔اگر نہ رہے تو مجھے بتانا۔"
"میری سمجھ میں نہیں آتا میں تمہارا شکریہ کیسے ادا کروں۔ڈسپنسری میں ایک ڈاکٹر کی دستیابی سب سے بڑا مسئلہ رہا ہے۔"
"اس کی ضرورت نہیں ہے۔"وہ رکا۔"وہاں جانے سے پہلے مجھے یہ توقع نہیں تھی کہ تم اور تمہاری فیملی اس کام کو اس اسکیل پر اور اتنے آرگنائزڈ انداز میں کر رہے ہو میں تم لوگوں کے کام سے درحقیقت بہت متاثر ہوا ہوں اور میری آفر ابھی بھی وہی ہے۔میں اس پروجیکٹ کے سلسلے میں تمہاری مدد کرنا چاہوں گا۔"
اس نے سنجیدگی سے فرقان سے کہا۔
"سالار! میں نے تم سے پہلے بھی کہا ہے کہ میں چاہوں گا ، تم اسی طرح کا کوئی پروجیکٹ وہاں کسی دوسرے گاؤں میں شروع کرو۔تمہارے پاس مجھ سے زیادہ ذرائع ہیں اور تم مجھ سے زیادہ اچھے طریقے سے یہ پروجیکٹ چلا سکتے ہو۔"
"میں نے تم سے پہلے بھی کہا تھا میرا مسئلہ وقت ہے ، میں تمہارے جتنا وقت نہیں دے سکتا اور پھر میں پاکستان میں رہ بھی نہیں سکتا۔تمہاری طرح میرے فیملی ممبرز بھی اس معاملے میں میری مدد نہیں کر سکتے۔"سالار نے اپنا مسئلہ بتایا۔
"چلو اس پر بعد میں بات کریں گے ، ابھی تو تم چائے پیو پھر میں تمہیں اپنے ساتھ لے کر جاؤں گا۔"فرقان نے موضوع بدلتے ہوئے کہا۔
"کہاں؟"
"یہ تو میں تمہیں راستے میں ہی بتاؤں گا۔"وہ عجیب سے انداز میں مسکرایا۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
"میں وہاں جا کر کروں گا کیا؟"سالار نے گاڑی میں بیٹھے ہوئے فرقان سے پوچھا۔
"وہی جو میں کرتا ہوں۔"وہ سگنل پر گاڑی روکتے ہوئے بولا۔
"اور تم وہاں کیا کرتے ہو؟"
"یہ تم وہاں پہنچ کر دیکھ لینا۔"
فرقان اسے کسی ڈاکٹر سبط علی کے پاس لے کر جا رہا تھا جس کے پاس وہ خود بھی جایا کرتا تھا۔
وہ کوئی مذہبی عالم تھے اور سالار کو مذہبی علماء سے کوئی دلچسپی نہیں تھی۔وہ پچھلے چند سالوں میں اتنے مذہبی علماء کے اصلی چہرے دیکھ چکا تھا کہ وہ اب مزید ان جگہوں پر وقت ضائع نہیں کرنا چاہتا تھا۔
"فرینکلی اسپیکنگ فرقان! میں اس ٹائپ کا ہوں نہیں جس ٹائپ کا تم مجھے سمجھ رہے ہو"۔اس نے کچھ دیر خاموش رہنے کے بعد فرقان کو مخاطب کیا۔
"کس ٹائپ کے؟"فرقان نے گردن موڑ کر اسے دیکھا۔
"یہی پیری مریدی۔۔۔۔۔یا بیعت وغیرہ۔۔۔۔۔یا جو بھی تم سمجھ لو۔"اس نے قدرے صاف گوئی سے کہا۔
"اسی لئے تو میں تمہیں وہاں لے جا رہا ہوں ، تمہیں مدد کی ضرورت ہے؟"سالار نے چونک کر اسے دیکھا۔وہ سڑک کو دیکھ رہا تھا۔
"کیسی مدد؟"
"اگر کوئی حافظِ قرآن رات کو ایک پارہ پڑھے اور پھر بھی نیند لانے کے لئے اسے نیند کی گولیاں کھانی پڑیں تو پھر کہیں نہ کہیں کچھ نہ کچھ غلط ضرور ہے۔کئی سال مجھے بھی ایک بار بہت ڈپریشن ہوا تھا۔میرا ذہن بھی بہت اُلجھ گیا تھا پھر کوئی مجھے ڈاکٹر صاحب کے پاس لے کر گیا تھا۔آٹھ دس سال ہو گئے ہیں مجھے اب وہاں جاتے ہوئے۔تم سے مل کر مجھے احساس ہوا کہ تمہیں بھی میری طرح کسی کی مدد کی ضرورت ہے ، رہنمائی کی ضرورت ہے۔"فرقان نے نرم لہجے میں کہا۔
"تم کیوں میری مدد کرنا چاہتے ہو؟"
"کیونکہ دین کہتا ہے کہ تم میرے بھائی ہو۔"اس نے موڑ موڑتے ہوئے کہا۔سالار نے گردن سیدھی کر لی۔وہ اس سے مزید کیا پوچھتا۔
اسے مذہبی علماء سے کوئی دلچسپی نہیں تھی۔ہر عالم اپنے فرقے کی تعریف میں زمین اور آسمان کے قلابے ملانے میں ماہر تھا۔ہر عالم کو اپنے علم پر غرور تھا۔ہر عالم کا لب لباب یہی ہوتا تھا۔میں اچھا ہوں ، باقی سب برے ہیں۔میں کامل ہوں باقی سب نامکمل ہیں۔ہر عالم کو دیکھ کر لگتا اس نے علم کتابوں سے نہیں ، براہِ راست وحی کے ذریعے حاصل کیا ہے جس میں غلطی کا کوئی امکان ہی نہیں ہے۔اس نے آج تک ایسا عالم نہیں دیکھا تھا جو اپنے اوپر تنقید سنے اور برداشت بھی کرے۔
سالار خود اہلِ سنت مسلک سے تعلق رکھتا تھا مگر جو آخری چیز وہ کسی سے ڈسکس کرنا چاہتا تھا وہ مسلک اور فرقہ تھا اور ان مذہبی علماء کے پاس ڈسکس کرنے کے لئے سب سے پہلی چیز مسلک اور فرقہ ہی تھا۔ان علماء کے پاس جاتے جاتے وہ رفتہ رفتہ ان سے برگشتہ ہو گیا تھا۔ان کی پوٹلی میں صرف علم بھرا ہوا تھا ، عمل نہیں۔وہ "غیبت ایک گناہ" پر لمبا چوڑا لیکچر دیتے ، قرآنی آیات اور احادیث کے حوالے دیتے اور اگلی ہی سانس میں وہ اپنے کسی ہم عصر عالم کا نام لے کر اس کا مذاق اُڑاتے ، اس کی علمی جہالت کو ثابت کرنے کی کوشش کرتے۔
وہ اپنے پاس آنے والے ہر ایک کا پورا بائیوڈیٹا جانتے اور پھر اگر وہ بائیوڈیٹا ان کے کام کا ہوتا تو مطالبوں اور سفارشوں کا ایک لمبا سلسلہ شروع ہو جاتا اور اس بائیوڈیٹا کو وہ اپنے پاس آنے والوں کو متاثر کرنے کے لئے بھی استعمال کرتے کہ ان کے پاس کس وقت ، کون آیا تھا۔کس طرح کون ان کے علم سے فیض یاب ہوا تھا۔کون بڑا آدمی ہر وقت ان کی جوتیاں سیدھی کرتے رہنے کو تیار رہتا ہے۔کس نے انہیں گھر بلایا اور کس طرح خدمت کی۔وہ اب تک جن عالموں کے پاس ایک بار گیا تھا دوبارہ نہیں گیا اور اب فرقان اسے پھر ایک عالم کے پاس لے کر جا رہا تھا۔
وہ شہر کے اچھے علاقوں میں سے ایک میں جا پہنچے تھے۔وہ علاقہ اچھا تھا ، مگر بہت پوش نہیں تھا۔اس سڑک پر پہلے بھی بہت سی گاڑیاں کھڑی تھیں۔فرقان نے بھی ایک مناسب جگہ پر گاڑی سڑک کے کنارے پارک کر دی ، پھر وہ گاڑی سے نیچے اُتر گیا۔سالار نے اس کی پیروی کی۔تین چار منٹ چلتے رہنے کے بعد وہ ان بنگلوں میں سے ایک نسبتاً سادہ مگر پروقار اور چھوٹے بنگلے کے سامنے پہنچ گئے۔نیم پلیٹ پر ڈاکٹر سید سبط علی کا نام تحریر تھا۔فرقان بلا جھجک اندر داخل ہو گیا۔سالار نے اس کی پیروی کی۔
بنگلے کے اندر موجود چھوٹے سے لان میں ایک مالی اپنے کام میں مصروف تھا۔فرقان نے پورچ میں ایک ملازم کے ساتھ دعا سلام کا تبادلہ کیا پھر وہ مزید کچھ آگے چلتا ہوا ایک دروازے کے سامنے پہنچ گیا اور وہاں اس نے اپنا جوتا اتار دیا۔وہاں پہلے بھی بہت سے جوتے پڑے تھے۔اندر سے باتوں کی آواز سنائی دے رہی تھی۔سالار نے بھی دیکھا دیکھی اپنے جوتے اتار دئیے۔سالار نے ایک قدم اس کے پیچھے اندر رکھتے ہوئے ایک ہی نظر میں پورے کمرے کا جائزہ لے لیا۔وہ ایک کشادہ کمرے میں تھا جس کے فرش پر کارپٹ بچھا ہوا تھا اور بہت سے فلو کشنز بھی پڑے ہوئے تھے۔کمرے میں فرنیچر کے نام پر صرف چند معمولی سی چیزیں تھیں اور دیواروں پر کچھ قرآنی آیات کیلی گرافی کی صورت میں لگی ہوئی تھیں۔کمرے میں بیس پچیس کے قریب مرد تھے جو آپس میں گفتگو میں مصروف تھے۔فرقان نے اندر داخل ہوتے ہی بلند آواز میں سلام کیا اور پھر چند لوگوں کے ساتھ کچھ خیر مقدمی کلمات کا تبادلہ کیا پھر وہ ایک خالی کونے میں بیٹھ گیا۔
"ڈاکٹر سید سبط علی کہاں ہیں؟"سالار نے اس کے قریب بیٹھتے ہوئے مدھم آواز میں پوچھا۔
"آٹھ بجتے ہی وہ اندر آ جائیں گے ، ابھی تو صرف سات پچیس ہوئے ہیں۔"فرقان نے اس سے کہا۔
سالار گردن ہلا کر کمرے میں بیٹھے ہوئے لوگوں کا جائزہ لینے لگا۔وہاں ہر عمر کے افراد تھے۔چند ٹین ایج لڑکے۔اس کے ہم عمر افراد ، فرقان کی عمر کے لوگ ، ادھیڑ عمر ۔۔۔۔۔۔اور کچھ عمر رسیدہ بھی۔فرقان اپنی دائیں طرف بیٹھے کسی آدمی کے ساتھ مصروف گفتگو تھا۔
ٹھیک آٹھ بجے اس نے ساٹھ پینسٹھ سال کے ایک آدمی کو ایک اندرونی دروازہ کھول کر کمرے میں داخل ہوتے دیکھا۔اس کی توقع کے برعکس وہاں بیٹھے ہوئے لوگوں میں سے کوئی بھی استقبال کے لئے احتراماً کھڑا نہیں ہوا۔آنے والے نے ہی سلام میں پہل کی تھی جس کا جواب وہاں موجود لوگوں نے دیا۔آنے والے کے احترام میں کھڑا نہ ہونے کے باوجود سالار اب اچانک وہاں بیٹھے ہوئے لوگوں کی نشست کے انداز میں احترام دیکھ رہا تھا۔وہ سب یک دم بہت چوکنے اور محتاط نظر آنے لگے تھے۔
آنے والے یقیناً ڈاکٹر سید سبط علی تھے۔وہ کمرے کی ایک دیوار کے سامنے اس مخصوص جگہ پر بیٹھ گئے جنہیں شاید ان ہی کے لئے چھوڑا گیا تھا۔وہ سفید شلوار قمیض میں ملبوس تھے۔ان کی رنگت سرخ و سفید تھی اور یقیناً جوانی میں وہ بہت خوبصورت ہوں گے۔ان کے چہرے پر موجود داڑھی بہت لمبی نہیں تھی مگر بہت گھنی اور نفاست سے تراشی گئی تھی۔داڑھی مکمل طور پر سفید نہیں ہوئی تھی اور کچھ یہی حال ان کے سر کے بالوں کا بھی تھا۔سفید اور سیاہ کے امتزاج نے ان کے چہرے اور سر پر موجود بالوں کو بہت با وقار کر دیا تھا۔وہ وہاں بیٹھ کر دائیں طرف موجود کسی آدمی کا حال دریافت کر رہے تھے۔شاید وہ کسی بیماری سے اٹھ کر آیا تھا۔سالار نے چند ہی لمحوں میں ان کے سراپے کا جائزہ لے لیا تھا۔وہ اور فرقان باقی لوگوں کے عقب میں دیوار کے ساتھ ٹیک لگائے بیٹھے تھے۔
ڈاکٹر سبط علی نے اپنے لیکچر کا آغاز کیا۔ان کا لب و لہجہ بےحد شائستہ تھا اور انداز دھیما تھا۔کمرے میں مکمل سکوت تھا ، وہاں بیٹھے ہوئے لوگوں میں سے کوئی بھی حرکت نہیں کر رہا تھا۔سالار کو ان کے ابتدائی چند جملوں سے ہی اندازہ ہو گیا تھا وہ ایک غیر معمولی عالم کے سامنے تھا۔
ڈاکٹر سبط علی شکر کے بارے میں بات کر رہے تھے۔
"انسان اپنی زندگی میں بہت سے نشیب و فراز سے گزرتا ہے۔کبھی کمال کی بلندیوں کو جا چھوتا ہے ، کبھی زوال کی گہرائیوں تک جا پہنچتا ہے۔ساری زندگی وہ ان ہی دونوں انتہاؤں کے درمیان سفر کرتا رہتا ہے اور جس راستے پر وہ سفر کرتا ہے ، وہ شکر کا ہوتا ہے یا ناشکری کا۔کچھ خوش قسمت ہوتے ہیں وہ زوال کی طرف جائیں یا کمال کی طرف جائیں ، وہ صرف شکر کے راستے پر ہی سفر کرتے ہیں۔کچھ ایسے ہوتے ہیں جو صرف ناشکری کے راستے پر سفر کرتے ہیں ، چاہے وہ زوال حاصل کریں یا کمال اور کچھ ایسے ہوتے ہیں جو ان دونوں پر سفر کرتے ہیں۔کمال کی طرف جاتے ہوئے شکر کے اور زوال کی طرف جاتے ہوئے ناشکری کے۔انسان اللہ کی ان گنت مخلوقات میں سے ایک مخلوق ہے۔اشرف المخلوقات ہے مگر مخلوق ہی ہے۔وہ اپنے خالق پر کوئی حق نہیں رکھتا ، صرف فرض رکھتا ہے۔وہ زمین پر کسی ایسے ٹریک ریکارڈ کے ساتھ نہیں اُتارا گیا کہ وہ اللہ سے کسی بھی چیز کو اپنا حق سمجھ کر مطالبہ کر سکے مگر اس کے باوجود اس پر اللہ نے اپنی رحمت کا آغاز جنت سے کیا ، اس پر نعمتوں کی بارش کر دی گئی اور اس سب کے بدلے اس سے صرف ایک چیز کا مطالبہ کیا گیا شکر کا۔کیا محسوس کرتے ہیں آپ ! اگر آپ زندگی میں کسی پر کوئی احسان کریں اور وہ شخص اس احسان کو یاد رکھنے اور آپ کا احسان مند ہونے کی بجائے آپ کو ان مواقع کی یاد دلائے جب آپ نے اس پر احسان نہیں کیا تھا یا آپ کو یہ جتائے کہ آپ کا احسان اس کے لیے کافی نہیں تھا۔اگر آپ اس کے لئے "یہ" کر دیتے یا "وہ" کر دیتے تو زیادہ خوش ہوتا۔کیا کریں گے آپ ایسے شخص کے ساتھ؟دوبارہ احسان کرنا تو ایک طرف ، آپ تو شاید اس سے تعلق رکھنا تک پسند نہ کریں۔ہم اللہ کے ساتھ یہی کرتے ہیں۔اس کی نعمتوں اور رحمتوں پر اس کا شکر ادا کرنے کی بجائے ہم ان چیزوں کے نہ ملنے پر کڑھتے رہتے ہیں ، جنہیں ہم حاصل کرنا چاہتے تھے۔اللہ پھر بھی رحیم ہے ، وہ ہم پر اپنی نعمتیں نازل کرتا رہتا ہے۔ان کی تعداد میں ہمارے اعمال کے مطابق کمی بیشی کرتا رہتا ہے مگر ان کا سلسلہ کبھی بھی مکمل طور پر منقطع نہیں کرتا۔"
سالار پلکیں جھپکائے بغیر ان کا چہرہ دیکھ رہا تھا۔
"شکر ادا نہ کرنا بھی ایک بیماری ہوتی ہے ، ایسی بیماری جو ہمارے دلوں کو روز بہ روز کشادگی سے تنگی کی طرف لے جاتی ہے جو ہماری زبان پر شکوہ کے علاوہ اور کچھ آنے ہی نہیں دیتی۔اگر ہمیں اللہ کا شکر ادا کرنے کی عادت نہ ہو تو ہمیں انسانوں کا شکریہ ادا کرنے کی بھی عادت نہیں پڑتی۔اگر ہمیں خالق کے احسانوں کو یاد رکھنے کی عادت نہ ہو تو ہم کسی مخلوق کے احسان کو بھی یاد رکھنے کی عادت نہیں سیکھ سکتے۔"
سالار نے اپنی آنکھیں بند کر لیں۔ناشکری کیا ہوتی ہے ، کوئی اس سے زیادہ اچھی طرح نہیں جان سکتا تھا۔اس نے ایک بار پھر آنکھیں کھول کر ڈاکٹر سید سبط علی کو دیکھا۔
پورے ایک گھنٹے کے بعد انہوں نے اپنا لیکچر ختم کیا ، کچھ لوگوں نے ان سے سوال کیے پھر لوگ باری باری اٹھ کر جانے لگے۔
باہر سڑک پر لوگ اپنی گاڑیوں پر بیٹھ رہے تھے ، وہ بھی اپنی گاڑی میں آ کر بیٹھ گئے۔رات اب گہری ہو رہی تھی۔سالار کے کانوں میں ابھی بھی ڈاکٹر سبط علی کی باتیں گونج رہی تھیں۔فرقان گاڑی سٹارٹ کر کے واپسی کا سفر شروع کر چکا تھا۔
سات دن پہلے وہ فرقان نامی کسی شخص سے واقف تک نہیں تھا اور سات دن میں اس نے اس کے ساتھ تعلقات کی بہت سی سیڑھیاں طے کر لی تھیں۔اسے حیرت تھی وہ لوگوں کا عادی نہیں تھا۔کچھ تعلقات اور روابط اوپر کہیں طے کیے جاتے ہیں۔کس وقت۔۔۔۔۔کون کسے۔۔۔۔۔کہاں۔۔۔۔۔۔کس لئے ملے گا اور زندگی میں کیا تبدیلی لے آئے گا یہ سب۔
وہ صرف ایک دن کے لئے لاہور آیا تھا ، مگر وہ پاکستان میں اپنے قیام کے باقی دن اسلام آباد کے بجائے لاہور میں ہی رہا اور باقی کے دن وہ ہر روز فرقان کے ساتھ ڈاکٹر سبط علی کے پاس جاتا رہا۔وہ ایک دن بھی ان سے براہِ راست نہیں ملا۔صرف اُن کا لیکچر سُنتا اور اُٹھ کر آ جاتا۔
ڈاکٹر سبط علی کی زندگی کا بڑا حصہ مختلف یورپی ممالک کی یونیورسٹیز میں اسلامک اسٹڈیز اور اسلامک ہسٹری کی تعلیم دیتے گزرا تھا۔پچھلے دس بارہ سال سے وہ پاکستان میں یہاں کی ایک یونیورسٹی سے وابستہ تھے اور فرقان تقریباً اتنا ہی عرصہ سے انہیں جانتا تھا۔
جس دن اسے لاہور سے اسلام آباد اور پھر وہاں سے واپس واشنگٹن جانا تھا اس رات پہلی بار وہ لیکچر کے ختم ہونے کے بعد فرقان کے ساتھ وہاں ٹھہر گیا۔باری باری تمام لوگ کمرے سے نکل رہے تھے۔ڈاکٹر سبط علی کھڑے تھے اور کچھ لوگوں سے الوداعی مصافحہ کر رہے تھے۔
فرقان اس کے ساتھ ڈاکٹر سبط علی کی طرف بڑھ آیا۔
ڈاکٹر سبط علی کے چہرے پر فرقان کو دیکھ کر مسکراہٹ نمودار ہوئی تھی۔وہ کمرے میں موجود آخری آدمی کو رخصت کر رہے تھے۔
"کیسے ہیں آپ فرقان صاحب!” انہوں نے فرقان کو مخاطب کیا۔"بڑے دنوں کے بعد رُکے آپ یہاں پر۔"
فرقان نے کوئی وضاحت دی پھر سالار کا تعارف کروایا۔
"یہ سالار سکندر ہیں ، میرے دوست ہیں۔"
سالار نے اپنا نام سننے پر انہیں یک دم چونکتے دیکھا اور پھر وہ کچھ حیران ہوئے مگر اگلے ہی لمحہ ان کے چہرے پر ایک بار پھر پہلے والی مسکراہٹ تھی۔فرقان اب اس کا تفصیلی تعارف کروا رہا تھا۔
"آئیے بیٹھئیے ۔"ڈاکٹر سبط علی نے فرشی نشست کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا۔فرقان اور وہ ان سے کچھ فاصلے پر بیٹھے گئے۔وہ فرقان کے ساتھ اس کے پروجیکٹ کے حوالے سے بات کر رہے تھے۔سالار خاموشی سے باری باری ان دونوں کے چہرے دیکھتا رہا۔گفتگو کے دوران ہی ان کا ملازم اندر آیا اور انہوں نے اسے کھانا لانے کے لیے کہا۔
ملازم نے اس کمرے میں دسترخوان بچھا کر کھانا لگا دیا۔فرقان یقیناً پہلے بھی وہاں کئی بار کھانا کھاتا رہا تھا۔
وہ جب ہاتھ دھو کر کھانا کھانے کے لیے واپس کمرے میں پہنچا اور دسترخوان پر بیٹھا تو ڈاکٹر سبط علی نے اچانک اسے مخاطب کیا۔
"آپ مسکراتے نہیں ہیں سالار؟"وہ ان کے سوال سے زیادہ سوال کی نوعیت پر گڑبڑا گیا۔کچھ ہونق سا وہ انہیں دیکھتا رہا۔
"اس عمر میں اتنی سنجیدگی تو کوئی مناسب بات نہیں۔"سالار کچھ حیرانی سے مسکرایا ، پندرہ بیس منٹ کی ملاقات میں وہ یہ کیسے جان گئے تھے کہ وہ مسکرانے کا عادی نہیں رہا تھا۔وہ فرقان کی طرف دیکھ کر کچھ جھینپا ، پھر اس نے مسکرانے کی کوشش کی۔یہ آسان کام ثابت نہیں ہوا۔
"کیا میرا چہرہ میرے ہر احساس کو ظاہر کرنے لگا ہے کہ پہلے فرقان اور اب ڈاکٹر سبط علی مجھ سے میری سنجیدگی کی وجہ جاننا چاہتے ہیں۔"اس نے سوچا۔
"ایسی کوئی بات نہیں ہے۔میں اتنا سنجیدہ نہیں ہوں۔"اس نے ڈاکٹر سبط علی سے زیادہ جیسے خود کو بتایا۔
"ممکن ہے ایسا ہی ہو۔"ڈاکٹر سبط علی نے مسکراتے ہوئے کہا۔
کھانے کے بعد دونوں کو رخصت کرنے سے پہلے وہ اندر گئے۔واپسی پر ان کے ہاتھ میں ایک کتاب تھی وہ کتاب انہوں نے سالار کی طرف بڑھا دی۔
"آپ کا تعلق معاشیات سے ہے ، کچھ عرصے پہلے میں نے اسلامی اقتصادیات کے بارے میں یہ کتاب لکھی ہے۔مجھے خوشی ہو گی اگر آپ اسے پڑھیں تاکہ آپ کو اسلامی اقتصادی نظام کے بارے میں بھی کچھ واقفیت حاصل ہو۔"
سالار نے کتاب ان کے ہاتھ سے پکڑ لی ، کتاب پر ایک نظر ڈالتے ہوئے اس نے مدھم آواز میں ڈاکٹر سبط علی سے کہا۔
"میں واپس جا کر بھی آپ سے رابطہ رکھنا چاہتا ہوں۔میں آپ سے صرف اقتصادیات کے بارے میں نہیں سیکھنا چاہتا اور بھی بہت کچھ جاننا چاہتا ہوں۔"ڈاکٹر سبط علی نے نرمی سے اس کا کندھا تھپتھپایا۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
"ڈاکٹر سبط علی صاحب کے پاس جتنے لوگ بھی آتے ہیں وہ کسی نہ کسی حوالے سے کمیونٹی ورک سے وابستہ ہیں۔کچھ پہلے ہی اس کام میں انوالو ہوتے ہیں اور جو پہلے نہیں ہوتے وہ بعد میں ہو جاتے ہیں۔"
ڈاکٹر سبط علی سے پہل ملاقات کے بعد فرقان نے اسے بتایا۔
"ان کے پاس آنے والے زیادہ تر لوگ بہت کوالیفائیڈ ہیں۔بڑے بڑے اداروں سے وابستہ ہیں۔میں بھی اتفاقاً ہی ان کے پاس جانا شروع ہوا۔لندن میں ایک بار ان کا لیکچر سننے کا اتفاق ہوا پھر پاکستان آنے پر ایک دوست کے توسط سے ان سے ملنے کا موقع ملا اور اس کے بعد سے میں ان کے پاس جا رہا ہوں اور مجھے محسوس ہوتا ہے کہ زندگی کے بارے میں میرے نظریات پہلے کی نسبت اب بہت صاف اور واضح ہیں۔ذہنی طور پر بھی میں پہلے کی نسبت اب زیادہ مضبوط ہو گیا ہوں تم اس پروجیکٹ کے بارے میں پوچھ رہے تھے۔اس پروجیکٹ میں میری بہت زیادہ مدد ڈاکٹر سبط علی کے پاس آنے والے لوگوں نے بھی کی۔بہت ساری سہولیات انہی لوگوں نے فراہم کیں اور میں یہاں اس قسم کے پروجیکٹ پر کام کرنے والا واحد نہیں ہوں اور ہم ایک دوسرے کی مدد بھی کرتے ہیں۔اس مدد کی نوعیت مختلف ہوتی ہے ، مگر مقصد ایک ہی ہوتا ہے۔ہم اس ملک کو تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔"
سالار نے اس کے آخری جملے پر عجیب سی نظروں سے اسے دیکھا۔"یہ اتنا آسان تو نہیں ہے۔"
"ہاں ہم جانتے ہیں یہ آسان کام نہیں ہے۔ہم یہ بھی جانتے ہیں یہ سب ہماری زندگیوں میں نہیں ہو گا مگر ہم وہ بنیاد ضرور فراہم کر دینا چاہتے ہیں ، جن پر ہمارے بچے اور ان کے بعد والی نسل تعمیر کرتی رہے۔وہ اندھیرے میں ٹامک ٹوئیاں نہ مارتی رہے۔کم از کم مرتے ہوئے ہم لوگوں کو یہ احساس تو نہیں ہو گا کہ ہم لوگوں نے تماشائیوں جیسی زندگی گزار دی۔دوسرے بہت سے لوگوں کی طرح ہم بھی صرف تنقید کرتے رہے۔خرابیوں پر انگلیاں اٹھاتے رہے۔اسلام کو صرف مسجد کی حدود تک ہی محدود کر کے بیٹھے رہے۔اپنے اور دوسروں کی زندگیوں میں ہم نے کوئی تبدیلی لانے کی کوشش نہیں کی۔"
وہ حیرانی سے فرقان کا چہرہ دیکھتا رہا تھا۔امامہ ہاشم ، جلال انصر ، سعد کے بعد وہ ایک اور مسلمان کو دیکھ رہا تھا۔ایک اور پریکٹیکل مسلمان کو ، وہ مسلمانوں کی ایک اور قسم سے آگاہ ہو رہا تھا۔وہ مسلمان جو دین اور دنیا کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے تھے ، جو دونوں انتہاؤں کے بیچ کے راستے کو پہنچانتے تھے اور ان پر چلنے کا طریقہ جانتے تھے وہ بُری طرح اُلجھا۔
"تم نے میری آفر کے بارے میں کیا سوچا ہے؟"اس نے فرقان سے کہا۔
"میں نے تمہیں بتایا تھا میں تم سے کیا چاہتا ہوں۔تمہاری ضرورت ہے اس ملک کو۔یہاں کے لوگوں کو ، یہاں کے اداروں کو ، تمہیں یہاں آ کر کام کرنا چاہئیے۔"
سالار اس بات پر ہلکے سے ہنسا "تم کبھی اس ٹاپک کو نہیں چھوڑ سکتے۔اچھا میں اس پر سوچوں گا۔پھر تم میری آفر کے بارے میں کیا کہو گے؟"
"میرے گاؤں کے قریب ہی ایک اور گاؤں ہے۔۔۔۔۔اسی حالت میں جس حالت میں دس پندرہ سال پہلے میرا گاؤں تھا۔مین آج کل کوشش کر رہا تھا کہ کوئی وہاں پر اسکول بنا دے۔پرائمری اسکول تو گورنمنٹ کا وہاں ہے مگر آگے کچھ نہیں ہے۔اگر تم وہاں اسکول شروع کرو تو یہ زیادہ بہتر ہو گا۔میں اور میری فیملی تمہاری غیر موجودگی میں اسے دیکھیں گے۔ہم اسے قائم کرنے میں بھی تمہاری مدد کریں گے مگر پھر تمہیں خود ہی اسے چلانا ہو گا۔صرف روپیہ فراہم کر دینا کافی نہیں ہو گا۔"فرقان نے کچھ دیر کی خاموشی کے بعد کہا۔
"کل چل سکتے ہو ، میرے ساتھ وہاں؟"سالار نے کچھ سوچتے ہوئے کہا۔
"تمہاری تو فلائیٹ ہے کل صبح۔"
"نہیں میں دو دن بعد چلا جاؤں گا۔ایک بار میں چلا گیا تو فوری طور پر میرے لیے واپس آنا ممکن نہیں رہے گا اور میں جانے سے پہلے یہ کام شروع کر دینا چاہتا ہوں۔"
اس نے فرقان سے کہا۔فرقان نے سر ہلا دیا۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
وہ اس رات کی فلائیٹ سے اسلام آباد گئے اور پھر رات کو ہی فرقان کے گاؤں چلے گئے۔رات وہاں قیام کرنے کے بعد صبح فجر کے وقت فرقان کے ساتھ وہ اس گاؤں میں گیا۔دوپہر بارہ بجے تک وہ اس گاؤں کے لوگوں سے ملتے اور وہاں پھرتے رہے۔وہاں موجود پرائمری اسکول کو دیکھ کر سالار کو یقین نہیں آیا تھا۔وہ اپنی حالت سے کچھ بھی لگتا تھا مگر اسکول نہیں۔فرقان کو اس کی طرح کوئی شاک نہیں لگا تھا ، وہ وہاں کے حالات سے پہلے ہی بہت اچھی طرح باخبر تھا۔وہ سال میں تین چار مرتبہ مختلف دیہات میں میڈیکل کیمپس لگوایا کرتا تھا اور وہ دیہات کی زندگی اور وہاں کی حالت سے سالار کی نسبت بہت اچھی طرح واقف تھا۔فرقان کو شام کی فلائٹ سے لاہور جانا تھا۔وہ لوگ دو بجے کے قریب وہاں سے اسلام آباد جانے کے لیے روانہ ہو گئے۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
اسکول کے اس پروجیکٹ کو شروع کرنے سے پہلے سکندر عثمان سے اس کی بات ہوئی تھی۔اس نے مختصر الفاظ میں انہیں اس پروجیکٹ کے بارے میں بتایا تھا۔وہ کسی مداخلت کے بغیر اس کی بات سنتے رہے پھر انہوں نے بڑی سنجیدگی سے اس سے کہا۔
"یہ سب کچھ کیوں کر رہے ہو تم؟'
"پاپا! میں اس کام کی ضرورت محسوس کرتا ہوں لوگوں کو۔۔۔۔۔۔"انہوں نے سالار کی بات کاٹ دی۔
"میں اسکول کی بات نہیں کر رہا۔"
"پھر آپ کس چیز کی بات کر رہے ہیں؟"وہ حیران ہوا۔
"میں تمہارے لائف اسٹائل کی بات کر رہا ہوں۔"
"میرے لائف اسٹائل کو کیا ہوا؟'وہ چونکا۔سکندر عثمان اسے دیکھتے رہے۔
"تم نے قرآن پاک حفظ کرنے کے بارے میں ہمیں اس وقت بتایا جب تم حفظ کر چکے تھے ، اوکے فائن ، میں نے کچھ نہیں کہا۔تم حج پر جانا چاہتے تھے میرے اس سلسلے میں کچھ تحفظات تھے مگر میں نے تمہیں نہیں روکا۔تم نے ہر طرح کی سوشل لائف ختم کر دی۔میں نے اعتراض نہیں کیا۔تم مذہب میں ضرورت سے زیادہ دلچسپی لینے لگے ، نماز شروع کر دی وہ بھی مسجد میں۔میں نے پھر بھی کچھ نہیں کہا۔تم نے بزنس کرنے کی بجائے جاب کرنا چاہی وہ بھی یہاں نہیں امریکہ میں۔میں نے تمہیں کرنے دی۔اب تم ایک اسکول کھولنا چاہ رہے ہو۔اب ضروری ہو گیا ہے کہ ہم اس تمام معاملے پر کچھ سنجیدگی سے بات کر لیں۔"سکندر عثمان بےحد سنجیدہ تھے۔
"تمہیں اندازہ ہے کہ تمہارا یہ لائف اسٹائل تمہیں ہمارے سوشل سرکل کے لئے ناقابلِ قبول بنا دے گا۔پہلے تم ایک انتہا پر تھے اب تم دوسری انتہا پر ہو۔پچیس ، چھبیس سال کی عمر میں جن کاموں میں تم اپنے آپ کو انوالو کر رہے ہو وہ غیر ضروری ہیں۔تمہیں اپنے کیرئیر پر دھیان دینا چاہئیے اور اپنے لائف اسٹائل میں تبدیلی لانا چاہئیے۔
ہم جس کلاس سے تعلق رکھتے ہیں وہاں مذہب سے ایسی وابستگی بہت سے مسائل پیدا کر دیتی ہے۔"وہ سر جھکائے ان کی باتیں سن رہا تھا۔
"اور صرف تمہارے لئے ہی نہیں ، ہمارے لئے بھی بہت سے مسائل پیدا ہو جائیں گے۔تم خود سوچو تم لوگوں کو کیا امپریشن دینے کی کوشش کر رہے ہو۔کل کو ہم یا تم خود جب اپنی کلاس کی کسی اچھی فیملی کی لڑکی کے ساتھ شادی کرنا چاہو گے تو تمہاری یہ مذہبی وابستگی تمہارے لئے کتنے مسائل پیدا کرے گی تمہیں اندازہ ہے۔کوئی بھی فیملی سکندر عثمان کا نام دیکھ کر یا تمہاری کوالیفیکیشنز دیکھ کر اپنی بیٹی کی شادی تم سے نہیں کر دے گی۔اوپر سے تم نے اس عمر میں سوشل ورک شروع کرنے کی ٹھان لی ہے جب تمہاری عمر کے لوگ اپنے کیرئیر کے پیچھے بھاگ رہے ہوتے ہیں تم یونیسیف میں بہت سوشل ورک کرتے رہے ہو اتنا کافی ہے۔ضروری نہیں ہے کہ تم یہ سب کچھ اپنی پرسنل لائف میں بھی شروع کر دو۔جو پیسہ تم اس اسکول پر اور لوگوں کی زندگیاں بہتر بنانے کے لئے ضائع کرو گے اسے تم اپنی آئندہ آنے والی نسلوں کے لئے محفوظ کرو۔انہیں آسائشیں دینے کے لیے ، ایک آرام دہ لائف اسٹائل دینے کے لئے۔اپنے آپ پر خرچ کرو ، تین سو سال کی زندگی نہیں ہے تمہاری ، پھر اتنی سی عمر میں بڑھاپے کو کیوں سوار کر لیا ہے تم نے اپنے اعصاب پر۔ایک حادثہ ہوا ، بُرا ہوا۔تم نے سبق سیکھا۔بہت اچھا کیا۔بس اتنا کافی ہے۔اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ تم اس عمر میں تسبیح پکڑ لو۔"وہ رُکے۔"کیا میری بات کو سمجھ رہے ہو؟"انہوں نے پوچھا۔
"پاپا! میں نے تسبیح نہیں پکڑی ہے۔"سالار نے ان کے سوال کا جواب دینے کی بجائے کہا۔
"آپ نے زندگی میں توازن رکھنے کی بات کی میں وہ توازن ہی رکھنے کی کوشش کر رہا ہوں۔میں اپنے کیرئیر میں کہاں پر کھڑا ہوں آپ اچھی طرح جانتے ہیں۔میری کارکردگی سے آپ واقف ہیں۔"
"میں واقف ہوں اور اسی لئے تم سے کہہ رہا ہوں کہ اگر تم اس طرح کی سرگرمیوں میں خود کو انوالو نہ کرو تو تم بہت آگے جا سکتے ہو۔"سکندر نے کہا۔
"میں کہیں نہیں جا سکتا۔اگر آپ یہ سمجھتے ہیں کہ میں یہ سب کچھ چھوڑ دوں تو کیرئیر کی کسی ماؤنٹ ایوریسٹ تک پہنچ جاؤں گا ، تو ایسا نہیں ہے۔"اس نے توقف سے کیا۔
"تم اپنے مستقبل کے بارے میں بھی سوچو۔اپنی شادی کے بارے میں ، ایسی اپروچ رکھنے پر تم کو کہاں قبول کیا جائے گا۔"
"میں نے سوچا ہے پاپا! میں شادی کرنا ہی نہیں چاہتا۔"
سکندر ہنسے۔
"بچکانہ سوچ ہے۔ہر ایک یہی کہتا ہے۔تمہیں تو اپنا "ایڈونچر" یاد رکھنا چاہئیے۔"
ان کا اشارہ کس طرف تھا وہ جانتا تھا وہ بہت دیر کچھ نہیں کہہ سکا۔یہ بھی نہیں کہ وہ اس ایڈونچر کی وجہ سے شادی نہیں کرنا چاہتا تھا۔
"مجھے یاد ہے۔"بہت دیر بعد اس نے مدھم آواز میں کہا۔
"میں آپ کے سوشل سرکل میں بہت پہلے ہی مس فٹ ہو چکا ہوں اور میں یہاں جگہ بنانے کی کوشش نہیں کروں گا۔مجھے اس سوشل سرکل میں کوئی نیا تعلق یا رشتہ بھی قائم نہیں کرنا۔
مجھے پروا نہیں کہ لوگ ، میرے بہن بھائی ، میرا مذاق اڑائیں گے یا مجھ پر ہنسیں گے۔میں اس سب کے لئے ذہنی طور پر تیار ہوں۔جہاں تک سوال اس پروجیکٹ کا ہے۔پاپا مجھے اسے شروع کرنے دیں۔میرے پاس بہت پیسہ ہے۔اس پروجیکٹ کو شروع کرنے کے بعد بھی مجھے فٹ پاتھ پر رہنا نہیں پڑے گا۔کچھ لوگوں کو جسم کی بیماری ہوتی ہے ، کچھ کو روح کی۔جسم کی بیماری کے لئے لوگ ڈاکٹر کے پاس جاتے ہیں۔روح کی بیماری کے لئے لوگ وہی کرتے ہیں جو میں کر رہا ہوں۔جو میں کرنا چاہتا ہوں۔میں اس پیسے سے سب کچھ خرید سکتا ہوں صرف سکون نہیں خرید سکتا۔زندگی میں پہلی بار میں سکون حاصل کرنے کے لئے اس پیسے کو انویسٹ کر رہا ہوں۔ہو سکتا ہے مجھے سکون مل جائے۔"سکندر عثمان کی سمجھ میں نہیں آیا وہ اس سے کیا کہیں۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
واپس واشنگٹن پہنچ کر وہ ایک بار پھر پہلے کی طرح مصروف ہو گیا تھا مگر اس بار فرق یہ تھا کہ وہ مسلسل پاکستان میں فرقان اور ڈاکٹر سبط علی کے ساتھ رابطے میں تھا۔فرقان اسے اسکول کے بارے میں ہونے والی تفصیلات سے آگاہ کرتا رہتا تھا۔
یونیسیف میں اس طرح کا کام اس کی جاب کا حصہ تھا۔اسے اس کام کے لئے بہت اچھا معاوضہ دیا جاتا تھا مگر پاکستان کے اس گاؤں میں اس طرح کے کام کا آغاز اور وہ بھی اپنے وسائل سے۔چند سال پہلے کے سالار سکندر کو جاننے والے کبھی بھی اس بات یقین نہیں کرتے۔خود اسے بھی یقین نہیں آتا تھا کہ وہ کبھی اس طرح کا کام کرنے کا سوچ سکتا تھا مگر یہ صرف اس پروجیکٹ کے لئے اپنے اکاؤنٹ سے پیسہ نکالتے ہوئے اسے اندازہ ہوا تھا کہ اس کے لئے یہ پروجیکٹ کم از کم مالی لحاظ سے مشکل نہیں تھا۔
پچھلے تین سال میں اس کے اخراجات میں بہت کمی آ گئی تھی۔بہت ساری وہ چیزیں اس کی زندگی سے نکل گئی تھیں جن پر وہ اندھا دھند پیسہ خرچ کرتا تھا۔وہ اپنے بینک اکاؤنٹ میں رقم جان کر حیران ہو گیا تھا۔وہ ایسا شخص نہیں تھا جس سے پیسہ جمع کرنے کی توقع کی جا سکتی۔ایم فل کے لیے اس کے پاس اسکالرشپ تھا اسے کم از کم اس کے لئے اپنے پاس سے کچھ خرچ نہیں کرنا پڑتا تھا۔اس دن اپنے اپارٹمنٹ میں چلتے پھرتے اس نے پہلی بار وہاں موجود تمام چیزوں کو غور سے دیکھا تھا۔اس کے اپارٹمنٹ میں کہیں بھی کوئی بھی مہنگی چیز نہیں تھی بلکہ سامان بھی بہت محدود تھا۔اس کا کچن بھی کھانے پینے کی چیزوں سے تقریباً خالی تھا۔کافی ، چائے ، دودھ اور اسی طرح کی چند دوسری چیزیں۔اس کا اپنے اپارٹمنٹ میں بہت کم وقت گزرتا تھا جو وقت گزرتا تھا وہ سونے میں گزرتا۔
یونیسیف میں اپنی جاب پر جاتے ہوئے بھی اس کے پاس پہلے سے موجود کپڑوں اور دوسری اشیاء کا اتنا انبار موجود تھا کہ وہ اس معاملے میں بھی لاپرواہی برتتا رہا۔اسے اچھی طرح یاد تھا کہ اس نے آخری بار اس طرح کی کوئی چیز کب خریدی تھی۔اپنے ساتھ کام کرنے والوں اور یونیورسٹی میں اپنے کچھ کلاس فیلوز کے علاوہ وہ نیویارک میں کسی کو نہیں جانتا تھا یا پھر دانستہ طور پر اس نے خود کو ایک محدود سرکل میں رکھا تھا اور لوگوں کے ساتھ بھی اس کی دوستی بہت رسمی قسم کی تھی۔
واحد چیز جس پر وہ خرچ کرتا رہتا تھا ، وہ کتابیں تھیں۔اس لائف اسٹائل کے ساتھ اگر اس کے اکاؤنٹ میں اتنی رقم جمع ہو گئی تھی تو یہ کوئی خلافِ توقع بات نہیں تھی۔آفس ، یونیورسٹی ، فلیٹ۔۔۔۔۔۔اس کی زندگی کے معمولات میں چوتھی چیز کوئی نہیں تھی۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
ایم فل کے دوران سالار نے یونیسیف چھوڑ کر یونیسکو جوائن کر لیا۔
ایم فل کرنے کے بعد سالار کی پوسٹنگ پیرس میں ہو گئی۔اس سے پہلے وہ ایک فیلڈ آفس میں کام کر رہا تھا مگر اب اسے یونیسکو کے ہیڈکوارٹرز میں کام کرنے کا موقع مل رہا تھا۔وہ گزشتہ سالوں میں وقتاً فوقتاً چھوٹے موٹے پراجیکٹس کے سلسلے میں پیرس جاتا رہا تھا مگر اس بار وہ پہلی دفعہ لمبے عرصے کے لئے وہاں جا رہا تھا۔ایک آشنا دنیا سے نا آشنا دنیا میں ، اس دنیا میں جہاں وہ زبان تک سے واقف نہیں تھا۔نیویارک میں اس کے بہت سے دوست تھے ، یہاں پر ایسا کوئی بھی نہیں تھا جسے وہ بہت اچھی طرح جانتا ہو۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
یونیسیف میں کئے جانے والے ان تھک کام کی طرح وہ یہاں آ کر ایک بار پھر اسی طرح کام کرنے لگا تھا مگر اسلام آباد کے نواحی علاقے میں شروع کیا جانے والا وہ اسکول یہاں بھی اس کے ذہن سے محو نہیں ہوا تھا۔بعض دفعہ اسے حیرت ہوتی کہ اپنی جاب میں تعلیم سے اتنا گہرا تعلق ہونے کے باوجود آخر اسے کبھی فرقان کی طرح وہ اسکول کھولنے کا خیال کیوں نہیں آیا۔اگر اس اسکول کے بارے میں وہ کئی سال پہلے سوچ لیتا تو شاید آج یہ اسکول بہت مستحکم بنیادوں پر کھڑا ہوتا۔
"مجھے پاکستان سے زیادہ محبت نہیں ہے ، نہ ہی اس کے لیے میں کوئی گہری انسیت رکھتا ہوں۔"اس نے شروع کی ملاقات میں ایک بار فرقان سے کہا تھا۔
"کیوں؟"فرقان نے پوچھا تھا۔
"کیوں کا جواب تو میں نہیں دے سکتا ، بس پاکستان کے لئے کوئی خاص احساسات میرے دل میں نہیں ہیں۔"اس نے کندھے اچکا کر کہا تھا۔
"یہ جاننے کے باوجود کہ یہ تمہارا ملک ہے؟"
"ہاں ، یہ جاننے کے باوجود۔"
"امریکہ کے لیے خاص احساسات ہیں ، امریکہ سے محبت ہے؟"فرقان نے پوچھا۔
"نہیں ، اس کے لیے بھی میرے دل میں کچھ نہیں ہے۔"اس نے اطمینان سے کہا۔
فرقان نے اس بار حیرانی سے اسے دیکھا۔"دراصل میں وطنیت پر یقین نہیں رکھتا۔"اس نے فرقان کو حیران دیکھ کر وضاحت کی۔
"یا پھر مجھے ان جگہوں کے لیے محبت پیدا کرنے میں دقت محسوس ہوتی ہے ، جہاں میں رہتا ہوں۔میں کل کسی تیسرے ملک میں رہنے لگوں گا تو امریکہ کو بھی یاد نہیں کروں گا۔"
"تم بڑے عجیب آدمی ہو سالار!”فرقان نے بےاختیار کہا۔"کیا یہ ممکن ہے کہ آدمی اپنے ملک کے لیے یا اس جگہ کے لیے کوئی خاص احساسات ہی نہ رکھے جہاں وہ رہتا ہے۔"
فرقان کو اس کی بات پر یقین نہیں آیا تھا مگر اس نے کچھ غلط نہیں کہا تھا۔پیرس آنے کے بعد اسے نیویارک کی کوئی چیز یاد نہیں آئی تھی۔نیو ہیون سے نیویارک آتے ہوئے بھی اسے وہاں ایڈجسٹمنٹ کا کوئی مسئلہ نہیں ہوا تھا۔وہ ہر پانی کی مچھلی تھا۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
وہ ان دنوں یونائیٹڈ نیشنز کے زیرِ اہتمام ہونے والی کسی ریجنل کانفرنس کے سلسلے میں پاکستان آیا ہوا تھا۔وہ پرل کانٹی نینٹل میں ٹھہرا ہوا تھا۔اسے وہاں ایک بزنس مینجمنٹ کے ادارے میں کچھ لیکچرز دینے تھے اور فرقان کے ساتھ اپنے اسکول کے سلسلے میں کچھ امور کو بھی طے کرنا تھا۔
وہ لاہور میں اس کے قیام کا تیسرا دن تھا۔اس نے رات کا کھانا کچھ جلدی کھا لیا اور اس کے بعد وہ کسی ضروری کام سے ہوٹل سے باہر نکل آیا۔شام کے ساڑھے سات ہو رہے تھے۔مال روڈ پر جاتے ہوئے اچانک اس کی گاڑی کا ٹائر پنکچر ہو گیا۔ڈرائیور گاڑی سے اتر کر ٹائر کو دیکھنے لگا۔چند منٹوں کے بعد اس نے سالار کی کھڑکی کے پاس آ کر کہا۔
"سر! گاڑی میں دوسرا ٹائر موجود نہیں ہے۔میں آپ کے لئے کوئی ٹیکسی لاتا ہوں ، آپ اس پر چلے جائیں۔"سالار نے ہاتھ کے اشارے سے اسے روک دیا۔
"نہیں ، میں خود ٹیکسی روک لیتا ہوں۔"وہ کہتا ہوا اُتر گیا۔کچھ دور ایک پارکنگ میں کچھ ٹیکسیاں نظر آ رہی تھیں۔سالار کا رُخ اسی طرف تھا جب ایک کار نے یک دم اس کے پاس آ کر بریک لگائی۔گاڑی سامنے سے آئی تھی اور اس کے رُکنے پر سالار نے فٹ پاتھ پر چلتے ہوئے اس میں بیٹھے شخص کو ایک نظر میں ہی پہچان لیا۔
وہ عاکف تھا۔وہ اب گاڑی کی ڈرائیونگ سیٹ سے اُتر رہا تھا۔لاہور میں کچھ سال پہلے اس کی سرگرمیوں کا وہ ایک مرکزی کردار تھا۔عاکف اور اکمل۔وہ ان ہی دونوں کے ساتھ اپنا زیادہ وقت گزارا کرتا تھا اور اس سے سالار کی دوبارہ ملاقات کئی سالوں کے بعد ہو رہی تھی۔وہ ان سب کو چھوڑ چکا تھا۔پاکستان یا لاہور آنے پر بھی اس نے کبھی ان کے ساتھ رابطہ کرنے کی کوشش نہیں کی تھی۔ان لوگوں نے پچھلے کئی سالوں میں باربار اس سے رابطہ کرنے کی کوشش کی تھی مگر ان کی ان کوششوں کے باوجود سالار ان سے بچنے کی کوششوں میں کامیاب رہا تھا۔
اور اب اتنے سالوں کے بعد وہ یک دم اس طرح اچانک اس کے سامنے آ گیا تھا۔سالار کے اعصاب یک دم تن گئے تھے۔عاکف بڑے جوش و خروش کے عالم میں اس کی طرف بڑھا۔
"سالار! مجھے یقین نہیں آ رہا کہ یہ تم ہو۔۔۔۔۔کہاں غائب تھے اتنے سالوں سے؟تم تو گدھے کے سر سے سینگ کی طرح غائب ہو گئے تھے۔کہاں تھے یار ! اور اب یہاں کیا کر رہے ہو۔حلیہ ہی بدل لیا ہے ، کہاں گئے وہ بال ، لاہور میں کب آئے ہو ، آنے کی اطلاع کیوں نہیں دی۔؟"
اس نے یکے بعد دیگرے سوالات کی بوچھاڑ کر دی۔اس نے سالار کے انداز میں جھلکنے والی سرد مہری پر غور نہیں کیا تھا۔سالار کے جواب دینے سے پہلے ہی عاکف نے دوبارہ پوچھا۔
"یہاں مال پر کیا کر رہے ہو؟"
"گاڑی خراب ہو گئی تھی ، میں ٹیکسی کی طرف جا رہا تھا۔"سالار نے کہا۔
""کہاں جا رہے ہو ، میں ڈراپ کر دیتا ہوں۔"عاکف نے بےتکلفی سے کہا۔
"نہیں ، میں چلا جاتا ہوں۔ٹیکسی پاس ہی ہے۔"سالار نے تیزی سے کہا۔
عاکف نے اس کی بات سنی ان سنی کر دی۔
"چلو اندر بیٹھو۔"اس نے بازو پکڑ کر کھینچ لیا۔سالار سٹپٹایا لیکن اس کی گاڑی کی طرف بڑھ گیا۔اس کا موڈ بہت خراب ہونے لگا تھا۔
"تم تو اسٹیٹس پڑھنے چلے گئے تھے اور پھر مجھے پتا چلا کہ تم نے وہاں جاب کر لی ہے پھر اچانک پاکستان کیسے؟"عاکف نے گاڑی اسٹارٹ کرتے ہوئے پوچھا۔"کیا چھٹیاں گزارنے آئے ہو؟"
"ہاں!”سالار نے مختصراً کہا ، وہ اس طرح سے جان چھڑا سکتا تھا۔
"کیا کر رہے ہو ج کل؟'عاکف نے گاڑی چلاتے ہوئے پوچھا۔
"یونائیٹڈ نیشنز کی ایک ایجنسی میں کام کر رہا ہوں۔"
"یہاں لاہور میں کہاں ٹھہرے ہو؟"
"پی سی میں۔"
"ارے پی سی میں کیوں ٹھہرے ہو ، میرے پاس آتے یا مجھے فون کرتے۔کب آئے یہاں؟"عاکف نے کہا۔
"کل"۔
"بس تو پھر تم میرے ساتھ ، میرے گھر رہو گے۔ضرورت نہیں ہے ہوٹل میں رہنے کی۔"
"نہیں ، میں کل صبح اسلام آباد واپس جا رہا ہوں۔"سالار نے روانی سے جھوٹ بولا۔وہ عاکف سے ہر قیمت پر جان چھڑا لینا چاہتا تھا۔اسے اس سے الجھن ہو رہی تھی یا پھر یہ شاید اس کے ساتھ گزارا جانے والا ماضی تھا جو اسے تکلیف میں مبتلا کر رہا تھا۔
"اگر کل اسلام آباد واپس جا رہے ہو تو پھر آج میرے ساتھ رہو۔کھانا کھاؤ میرے ساتھ گھر چل کر۔"عاکف نے آفر کی۔
"کھانا میں دس منٹ پہلے ہی کھا کر نکلا ہوں۔"
"پھر بھی میرے ساتھ گھر چلو۔تمہیں اپنی بیوی سے ملواؤں گا۔"
"شادی ہو گئی تمہاری؟"
"ہاں ، تین سال ہوئے۔"عاکف نے کہا۔پھر پوچھا۔
"اور تم۔۔۔۔۔تم نے شادی کر لی؟"
"نہیں۔"
"کیوں؟"
"بس کچھ مصروفیت تھی اس لیے۔"سالار نے کہا۔
"گڈ! ابھی آزاد ہی پھر رہے ہو۔"عاکف نے ایک گہرا سانس لیا۔"خوش قسمت ہو۔"سالار نے جواب میں کچھ نہیں کہا۔عاکف نے اس سے بات کرتے ہوئے گلو کمپارٹمنٹ کھول کر اندر سے ایک کیسٹ نکالنی چاہی۔اس کا دھیان ذرا بھٹکا اور کیسٹ نکالتے نکالتے گلوکمپارٹمنٹ سے بہت سی چیزیں سالار کی گود اور نیچے اس کے پیروں میں گر پڑیں۔
"too bad " عاکف نے بےاختیار کہا۔سالار جھک کر چیزیں اٹھانے لگا۔عاکف نے گاڑی کے اندر کی لائٹ جلا دی۔وہ ان چیزوں کو سمیٹ کر گلو کمپارٹمنٹ میں رکھنے لگا تھا جب وہ ٹھٹک گیا کسی نے اس کے جسم میں جیسے کرنٹ سا دوڑا دیا۔گلوکمپارٹمنٹ کے ایک کونے میں ایر رنگز پڑے تھے۔سالار کے ہاتھوں میں بےاختیار لرزش آ گئی۔بایاں ہاتھ بڑھا کر اس نے ان ایر رنگز کو باہر نکال لیا۔وہ اب اس کے ہاتھ کی ہتھیلی پر گاڑی کے اندر جلتی روشنی میں چمک رہے تھے۔وہ بےیقینی کے عالم میں اسے دیکھ رہا تھا۔
بہت سال پہلے اس نے ان ایر رنگز کو کسی کے کانوں میں دیکھا تھا۔ایک بار۔۔۔۔۔دو بار۔۔۔۔۔۔تین بار۔۔۔۔۔چوتھی بار وہ انہیں اب دیکھ رہا تھا۔اسے کوئی شبہ نہیں تھا۔وہ امامہ ہاشم کے ایر رنگز تھے۔وہ آنکھیں بند کر کے کاغذ پر ان کا ڈیزائن اُتار سکتا تھا۔ہر پیچ و خم کو۔۔۔۔۔عاکف نے اس کی ہتھیلی سے وہ ایررنگز اُٹھا لئے۔کسی نے جیسے سالار کا سکتہ توڑ دیا تھا۔عاکف ان ایررنگز کو ایک بار پھر گلوکمپارٹمنٹ میں رکھ رہا تھا۔
"یہ ایررنگز۔۔۔۔۔"وہ اٹکتے ہوئے بولا۔"یہ تمہاری بیوی کے ہیں؟"سالار نے اپنے سوال کو مکمل کیا۔
"بیوی کے؟"عاکف ہنسا۔"کم آن یار ! بیوی کے ہوتے تو میں یہاں رکھتا۔"سالار پلکیں جھپکائے بغیر اسے دیکھتا رہا۔
"پھر؟"اس نے سرسراتی ہوئی آواز میں کہا۔
"یار ہے ایک گرل فرینڈ میری ، پچھلی رات میرے ساتھ تھی۔یہ ایررنگز میرے بیڈروم میں چھوڑ گئی۔کچھ ایمرجنسی میں ہی جانا پڑا اسے کیونکہ روہا واپس آ گئی تھی۔میں نے یہ ایررنگز لا کر گاڑی میں رکھ دئیے کیونکہ آج میرا اس کی طرف جانے کا ارادہ ہے۔"عاکف بڑی بےتکلفی سے اسے بتا رہا تھا۔
"گرل فرینڈ؟"سالار کے حلق میں جیسے پھندا لگا۔
"ہاں ، گرل فرینڈ۔ریڈ لائٹ ایریا کی ہی ایک لڑکی ہے۔اب ادھر ڈیفنس میں شفٹ ہو گئی ہے۔"
"کیا۔۔۔۔۔کیا نام ہے اس کا؟"امامہ ریڈ لائٹ ایریا کی لڑکی تو کبھی نہیں ہو سکتی۔یقیناً مجھے غلط فہمی ہوئی ہے۔اس نے عاکف کو دیکھتے ہوئے سوچا۔
"صنوبر۔"عاکف نے اس کا نام بتایا۔سالار نے چہرہ موڑ کر ہاتھ میں پکڑی چیزیں گلوکمپارٹمنٹ میں رکھ کر اسے بند کر دیا۔اسے واقعی غلط فہمی ہوئی تھی۔عاکف گاڑی کی لائٹ آف کر چکا تھا۔سیٹ کی پشت سے ٹیک لگا کر سالار نے گہرا سانس لیا۔
"مگر یہ اس کا اصلی نام نہیں ہے۔"عاکف نے بات جاری رکھی۔"اصلی نام اس کا امامہ ہے۔"سالار کے کانوں میں کوئی دھماکہ ہوا تھا یا پھر یہ پھگلا ہوا سیسہ تھا جو کسی نے اس کے کانوں میں انڈیل دیا تھا۔
عاکف اب اسٹیرنگ پر تھوڑا آگے جھکے ہونٹوں میں دبا سگریٹ لائٹر سے جلا رہا تھا۔
"تم نے۔۔۔۔۔تم نے۔۔۔۔۔کیا کہا؟"سالار کی آواز میں لرزش تھی۔
"کیا کہا؟"عاکف نے سگریٹ کا کش لیتے ہوئے اسے دیکھا۔
"نام بتا رہے تھے تم اس کا؟"
"ہاں ، امامہ ۔۔۔۔۔تم جانتے ہو اسے؟"عاکف نے عجیب سی مسکراہٹ کے ساتھ سالار کو دیکھا۔
کھڑکی کا شیشہ اب اس نے کھول دیا تھا۔سالار یک ٹک اسے دیکھتا رہا یوں جیسے وہ عاکف کو پہلی بار دیکھ رہا تھا۔ایررنگز اب اس کی مٹھی کی گرفت میں تھے۔
"میں کیا پوچھ رہا ہوں یار! تم جانتے ہو اسے؟"
عاکف نے ہونٹوں سے سگریٹ انگلیوں میں منتقل کرتے ہوئے کہا۔
"میں۔۔۔۔۔میں۔۔۔۔۔"سالار نے کچھ بولنے کی کوشش کی۔اپنی آواز اسے کسی کھائی سے آتی محسوس ہوئی۔ریڈ لائٹ ایریا وہ آخری جگہ تھی جہاں اس نے کبھی امامہ کے ہونے کا تصور کیا تھا۔
گاڑی کے اندر چلنے والی روشنی میں عاکف نے بہت غور سے دیکھا۔اس کے ذرد پڑتے ہوئے چہرے کو ، اس کے ہاتھ کی بند مٹھی کو ، اس کے کپکپاتے ہونٹوں کو ، اس کے بےربط ، بے معنی لفظوں کو۔عاکف مسکرا دیا۔اس نے اس کے کندھے پر تسلی آمیز انداز میں تھپکی دی۔
"ڈونٹ وری یار! کیوں گھبرا رہے ہو ، وہ صرف گرل فرینڈ ہے میری۔اگر تمہارے اور اس کے درمیان بھی کچھ ہے تو کوئی بات نہیں ، ہم تو پہلے بھی بہت کچھ شئیر کیا کرتے تھے ، یاد ہے تمہیں۔"عاکف نے قہقہہ لگایا پھر اس نے بارود میں تیلی پھینکی۔
"یہ تو پھر لڑکی ہے۔"
مال روڈ پر کتنا رش تھا۔عاکف کتنی رفتار سے گاڑی چلا رہا تھا۔ان دو سوالوں کے ساتھ ساتھ سالار نے یہ بھی نہیں سوچا کہ اسٹیرنگ پر موجود شخص پر جھپٹنے کی صورت میں خود اس کے ساتھ کیا ہو سکتا تھا۔اس نے پلک جھپکتے میں عاکف کو گلے سے پکڑ لیا۔عاکف کا پاؤں بےاختیار بریک پر آیا۔گاڑی ایک جھٹکے سے رُکی۔وہ دونوں پوری قوت سے ڈیش بورڈ سے ٹکرائے۔سالار نے اس کے کالر کو نہیں چھوڑا۔عاکف حواس باختگی کی حالت میں چلایا۔
"کیا کر رہے ہو تم؟"اس نے سالار کے ہاتھوں سے اپنا گلا چھڑانے کی کوشش میں اسے دور ہٹانے کی کوشش کی۔"پاگل ہو گئے ہو؟"
“How dare you talk like that?”
سالار جواباً غرایا۔اس کے ہاتھ ایک بار پھر عاکف کی گردن پر تھے۔عاکف کا سانس رُکنے لگا۔اس نے کچھ غصے اور کچھ حواس باختگی کے عالم میں سالار کے منہ پر مکا مارا۔سالار بےاختیار جھٹکا کھا کر پیچھے ہٹا۔اس کے دونوں ہاتھ اب اپنے منہ پر تھے۔عاکف کی گاڑی کے پیچھے موجود گاڑیاں ہارن پر ہارن دے رہی تھیں۔وہ سڑک کے وسط میں کھڑے تھے اور یہ ان دونوں کی خوش قسمتی تھی کہ اس طرح اچانک گاڑی رُکنے پر پیچھے آنے والی گاڑی ان سے نہیں ٹکرائی۔
سالار دونوں ہاتھوں سے اپنا جبڑا پکڑے ہوئے اپنی سیٹ پر دہرا ہوا تھا۔عاکف نے اپنے ہوش و حواس کو قابو میں رکھتے ہوئے گاڑی کو کچھ آگے ایک سنسان ذیلی سڑک پر موڑتے ہی ایک طرف روک لیا۔سالار تب تک سیدھا ہو چکا تھا اور اپنے ہاتھ کی ہتھیلی سے ہونٹوں اور جبڑے کو دبائے ونڈ اسکرین سے باہر دیکھ رہا تھا۔چند پہلے کا اشتعال اب غائب ہو چکا تھا۔
عاکف نے گاڑی روکی۔سیٹ پر بیٹھے بیٹھے اس کی طرف مڑا اور کہا۔"کیا مسئلہ ہے تمہارے ساتھ۔میرے گلے کیوں پڑ رہے تھے ، میں نے کیا کیا ہے؟"
بلند آواز میں بات کرتے کرتے اس نے ڈیش بورڈ سے ٹشو باکس اٹھا کر سالار کی طرف بڑھایا۔اس نے سالار کی شرٹ پر خون کے چند قطرے دیکھ لیے تھے۔سالار نے یکے بعد دیگرے دو ٹشو نکال لیے اور ہونٹ کے اس کونے کو صاف کرنے لگا جہاں سے خون رس رہا تھا۔
"گاڑی کا ایکسیڈنٹ ہو جاتا ابھی۔"عاکف نے کہا۔سالار کو ہاتھ صاف کرتے ہوئے دوبارہ ایررنگز کا خیال آیا۔اس نے یک دم جھک کر پائیدان میں ایررنگز ڈھونڈنا شروع کر دیا۔
"فٹ پاتھ پر گاڑی چڑھ جاتی یا۔۔۔۔۔"عاکف بات ادھوری چھوڑ کر اسے دیکھنے لگا۔
"کیا ڈھونڈ رہے ہو؟"
"وہ ایررنگز۔"سالار نے مختصراً کہا۔
عاکف بےاختیار جھلایا۔
"کیا پرابلم ہے سالار! میری گرل فرینڈ ہے ، اس کے ایررنگز ہیں ، میرا پرابلم ہے یہ ایررنگز یا اس کا پرابلم ہے تمہارا نہیں۔"سالار یک دم رُک گیا۔اسے اپنی نامعقول حرکت کا احساس ہوا۔وہ سیدھا ہو کر بیٹھ گیا۔ٹشو کو کھڑکی سے باہر پھینکتے ہوئے اسے دم گھٹتا ہوا محسوس ہو رہا تھا۔
عاکف ماتھے پر بل لیے اس کو دیکھ رہا تھا۔
"تمہارا اور صنوبر کا کوئی۔۔۔۔۔"عاکف بات کرتے کرتے محتاط انداز میں رُک گیا۔وہ اندازہ نہیں کر پا رہا کہ پچھلی بار اس کے جملے میں ایسا کون سا لفظ تھا جس نے اسے مشتعل کیا تھا۔وہ دوبارہ غلطی دُہرانا نہیں چاہتا تھا۔
"آئی ایم سوری۔"سالار نے اُس کے رُکنے پر کہا۔
"اوکے فائن۔"عاکف کچھ مطمئن ہوا۔"تم اور صنوبر۔۔۔۔۔"وہ پھر رُک گیا۔
"تم نے کہا تھا اس کا نام امامہ ہے۔۔"سالار نے گردن موڑ کر اس کا چہرہ دیکھا۔عاکف کو بےاختیار اس کی آنکھوں سے خوف آیا۔وہ کسی نارمل انسان کی آنکھیں نہیں تھیں۔وحشت۔۔۔۔۔بےچارگی۔۔۔۔۔خوف ۔۔۔۔۔وہ ہر تاثر لیے ہوئے تھیں۔
"ہاں ، اس نے ایک بار مجھے بتایا تھا۔شروع میں ، ایک بار اپنے بارے میں بتا رہی تھی ، تب اس نے مجھے بتایا۔"
"اس کا حلیہ بتا سکتے ہو مجھے؟"سالار نے موہوم سی اُمید کے ساتھ کہا۔
"ہاں ، کیوں نہیں۔"عاکف گڑبڑایا۔"بہت خوبصورت ہے۔fair………Tall “عاکف اب اٹکنے لگا۔"کالی آنکھیں ہیں ، بال بھی پہلے کالے تھے اب ڈائی کیے ہوئے ہیں اس نے اور کیا بتاؤں۔"وہ زچ ہوا۔
سالار نے آنکھیں بند کر کے ونڈ اسکرین کی طرف چہرہ کر لیا۔گھٹن کچھ اور بڑھ گئی تھی۔
"امامہ ہاشم ہے اس کا نام؟"وہ ونڈ اسکرین سے باہر دیکھتے ہوئے بڑبڑایا۔
"پتا نہیں ، باپ کا نام تو نہیں بتایا اس نے۔نہ ہی میں نے پوچھا۔"عاکف نے کہا۔
"امامہ ہاشم ہی ہے وہ۔"وہ بڑبڑایا۔اس کا چہرہ دھواں دھواں ہو رہا تھا۔"یہ سب میری وجہ سے ہوا۔۔۔۔۔سب۔۔۔۔۔میں ذمہ دار ہوں اس سب کچھ کا۔"
"کس چیز کے ذمہ دار ہو تم؟"عاکف کو تجسس ہوا۔سالار خاموشی سے ونڈ اسکرین سے باہر دیکھتا رہا۔عاکف جواب کا انتظار کرتا رہا۔چند منٹ کی خاموشی کے بعد سالار نے گردن موڑ کر اس سے کہا۔
"میں اس سے ملنا چاہتا ہوں۔ابھی اور اسی وقت۔"
عاکف کچھ دیر اسے دیکھتا رہا اور پھر وہ ڈیش بورڈ سے موبائل اٹھا کر ایک کال ملانے لگا۔کچھ دیر تک وہ کوشش کرتا رہا پھر اس نے کندھے اچکاتے ہوئے کہا۔
"اس کا موبائل آف ہے۔پتا نہیں وہ گھر پر ملے یا نہ ملے کیونکہ اب رات ہو رہی ہے اور وہ۔۔۔۔۔۔"عاکف چپ ہو کر گاڑی سٹارٹ کرنے لگا۔"لیکن میں تمہیں لے جاتا ہوں اس کے گھر۔"
آدھہ گھنٹہ کے بعد وہ دونوں ڈیفنس کے ایک بنگلے کے باہر کھڑے تھے۔وہاں پہنچنے تک ان دونوں میں کوئی بات نہیں ہوئی۔عاکف اب اس وقت کو کوس رہا تھا جب اس نے سالار کو لفٹ دی تھی۔
چند بار ہارن دینے پر اندر سے ایک آدمی باہر نکل آیا ، وہ چوکیدار تھا۔
"صنوبر گھر پر ہے؟"عاکف نے اسے دیکھتے ہی پوچھا۔
"نہیں ، بی بی صاحبہ تو نہیں ہیں۔"
"وہ کہاں ہیں؟"
"مجھے پتا نہیں۔"عاکف نے سالار کو دیکھا اور پھر گاڑی کا دروازہ کھولتے ہوئے کہا۔
"تم بیٹھو ، میں تھوڑی دیر میں آتا ہوں۔"عاکف اس آدمی کے ساتھ اندر چلا گیا۔اس کی واپسی دس منٹ بعد ہوئی۔
"تم کو اس سے بات کرنی ہے؟"اس نے اندر بیٹھتے ہی پوچھا۔
"مجھے اس سے ملنا ہے۔"عاکف دوبارہ گاڑی سٹارٹ کرنے لگا۔
سفر پھر اسی خاموشی سے طے ہونے لگا۔نو بج رہے تھے جب وہ ریڈلائٹ ایریا میں پہنچے تھے۔سالار کے لیے وہ جگہ نئی نہیں تھی۔صرف اس تکلیف کا احساس نیا تھا جو اسے اس بار ہو رہا تھا۔
"آج یہاں ہی ہے وہ۔۔۔۔۔۔کسی آدمی نے یہاں کی کچھ لڑکیوں کو بک کروایا ہے کسی فنکشن کے لیے۔وہ بھی ان ہی کے ساتھ جا رہی ہے۔"
عاکف نے گاڑی سے اُترتے ہوئے کہا۔
"تم بھی تو اُترو ، بہت اندر جانا ہے۔اب صنوبر کو تو میں تم سے ملانے کے لئے یہاں نہیں لا سکتا۔"سالار باہر نکل آیا۔
وہ عاکف کے ساتھ ایک بار پھر ان گلیوں میں جانے لگا۔اسے اچھی طرح یاد تھا وہ اس طرح کی جگہ میں آخری بار وہاں کب آیا تھا ، وہان کچھ بھی نہیں بدلا تھا۔انسانی گوشت کی تجارت تب بھی اسی "ڈھکے چھپے" انداز میں ہو رہی تھی۔
اسے بہت اچھی طرح یاد تھا وہ پہلی بار اٹھارہ سال کی عمر میں وہاں آیا تھا پھر وہ کئی بار وہاں آتا رہا تھا ، کئی بار۔بعض دفعہ رقص دیکھنے ، بعض دفعہ کسی مشہور ایکٹریس کی کسی محفل میں شرکت کے لیے۔بعض دفعہ ان گلیوں کے دروازوں ، کھڑکیوں ، چوباروں سے لٹکتی جھانکتی نیم برہنہ عورتوں کو دیکھنے۔( اسے عجیب سی خوشی ملتی تھی ان گلیوں سے گزرتے ہوئے۔وہ وہاں کھڑی کسی بھی عمر کی کسی بھی شکل کی کو چند گھنٹوں کے لیے خرید سکتا تھا۔والٹ سے نکلنے والے چند نوٹ وہاں کھڑی کسی بھی لڑکی کو سر سے پیر تک اس کا کر دیتے۔دنیا پیروں کے نیچے اور کائنات مٹھی میں ہونا اور کسے کہتے تھے ، اسے سرشاری کا احساس ہوتا )۔اور بعض دفعہ وہاں رات گزارنے کے لئے ، ان عورتوں کے ساتھ جن سے وہ نفرت کرتا تھا چند روپوں کی خاطر جسم فروخت کرنے والیوں کے لئے وہ اس کے علاوہ کیا جذبات رکھ سکتا تھا اور نفرت کے باوجود وہ انہیں خریدتا تھا کیونکہ وہ خرید سکتا تھا۔اتھارہ انیس سال کی عمر میں اسے یقین تھا ان عورتوں میں کبھی کوئی ایسی عورت نہیں ہو سکتی تھی جس سے اس کا کوئی تعلق ہوتا ، خونی رشتہ ہوتا یا محبت ہوتی۔
اس کی ماں اور بہن ایلیٹ کلاس کی فرد تھیں۔اس کی بیوی کو بھی اسی کلاس کے کسی گھر سے آنا تھا۔اس کی بیٹی بھی اسی کلاس سے ہوتی۔ریڈ لائٹ ایریا کی عورتیں۔۔۔۔۔۔انہیں اسی کام کے لیے پیدا کیا گیا ہے۔اسے یقین تھا اکڑی گردن ، اٹھی ہوئی ٹھوڑی اور تنے ہوئے ابروؤں کے ساتھ وہ اس مخلوق سے جتنی نفرت کرتا ، کم تھی۔جتنی تذلیل کرتا ناکافی تھی۔
اور اب۔۔۔۔۔اب قسمت نے کیا کیا تھا۔سات پردوں میں رہنے والی اس عورت کو جس کے جسم پر وہ کسی کی انگلی کے لمس تک کو برداشت نہیں کر سکتا تھا ، اسے اس بازار میں پھینک دیا گیا تھا۔اس سے چند قدم آگے وہ شخص چل رہا تھا جو اس کا گاہک تھا اور سالار سکندر زبان کھولنے کے قابل تک نہیں تھا۔آواز بلند نہیں کر سکتا تھا۔شکوہ نہیں کر سکتا تھا۔وہ کسی سے کیا کہتا۔کیا وہ اللہ سے کہہ سکتا تھا کہ اس کے ساتھ ایسا کیوں ہوا۔آخر اس نے ایسا کیا کیا تھا؟اس نے اپنے ہونٹ بھینچ لیے تھے۔اس کی کپکپاہٹ کو کیسے روکتا۔ان گلیوں میں آنے والا کوئی شخص کبھی دعوے کے ساتھ یہ کہہ سکتا ہے کہ اس کے اپنے گھر ، اپنے خاندان کی عورت کبھی اس بازار میں نہیں آئے گی۔کسی دوسرے مرد کی جیب میں پڑے ہوئے نوٹوں کے عوض نہیں بک سکے گی۔ماں نہیں؟۔۔۔۔۔بہن؟۔۔۔۔۔یا بیوی؟۔۔۔۔۔بیٹی؟۔۔۔۔۔پوتی؟۔۔۔۔۔نواسی؟۔۔۔۔۔آنے والی نسلوں میں سے کوئی۔
سالار سکندر کی زبان حلق سے کھینچ لی گئی تھی۔امامہ ہاشم اس کی بیوی تھی اس کی منکوحہ۔ایلیٹ کلاس کی وہ عورت جس کا اس بازار سے کبھی واسطہ نہیں پڑتا۔سالار سکندر نے ایک بار پھر خود کو مارگلہ کی پہاڑیوں پر رات کی تاریکی میں درخت کے ساتھ بندھا پایا۔۔۔۔۔ بےبسی کی انتہا تھی۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

سالار سکندر کی زبان حلق سے کھینچ لی گئی تھی۔امامہ ہاشم اس کی بیوی تھی اس کی منکوحہ۔ایلیٹ کلاس کی وہ عورت جس کا اس بازار سے کبھی واسطہ نہیں پڑتا۔سالار سکندر نے ایک بار پھر خود کو مارگلہ کی پہاڑیوں پر رات کی تاریکی میں درخت کے ساتھ بندھا پایا۔۔۔۔۔ بےبسی کی انتہا تھی۔
"صاحب! میرے ساتھ چلو ، ہر عمر کی لڑکی ہے میرے پاس۔اس علاقے کی سب سے اچھی لڑکیاں ، قیمت بھی زیادہ نہیں ہے۔"اس کے ساتھ ایک آدمی چلنے لگا۔
"میں اس لئے یہاں نہیں آیا ہوں۔"سالار نے مدھم آواز میں اس پر نظر ڈالے بغیر کہا۔
"کوئی ڈرنک چاہئیے ، کوئی ڈرگ میں سب کچھ سپلائی کر سکتا ہوں۔"
عاکف نے یک دم قدم روک کر قدرے اکھڑے ہوئے انداز میں اس آدمی سے کہا۔"تمہیں ایک بار کہا ہے نا کہ ضرورت نہیں پھر پیچھے کیوں پڑ گئے ہو۔"
اس آدمی کے قدم تھم گئے۔سالار خاموشی سے چلتا رہا۔اس کا ذہن کسی آندھی کی زد میں آیا ہوا تھا۔امامہ ہاشم وہاں ، کب ، کیوں ، کیسے آ گئی تھی۔ماضی ایک فلم کی طرح اس کی نظروں کے سامنے آیا تھا۔
"پلیز ، تم ایک بار۔۔۔۔۔ایک بار اس کو جا کر میرے بارے میں سب کچھ بتاؤ ، اس سے کہو مجھ سے شادی کر لے۔اس سے کہو ، مجھے کسی چیز کی ضرورت نہیں ہے ، صرف ایک نام ہے۔اس کو تم حضرت محمد ﷺ کا واسطہ دو گے تو وہ انکار نہیں کرے گا۔وہ اتنی محبت کرتا ہے ان ﷺ سے۔"اس نے بہت سال پہلے اپنے بیڈ پر نیم دراز چپس کھاتے ہوئے موبائل فون پر بڑے اطمینان کے ساتھ اس کو بلکتے سنا تھا۔
"بائے دا وے تم امامہ کے کیا لگتے ہو؟"
"میں۔۔۔۔۔؟میں اور امامہ بہت گہرے اور پرانے فرینڈز ہیں۔"جلال انصر کے ماتھے پر بل پڑ گئے تھے۔سالار نے عجیب سی سرشاری محسوس کی۔جلال اس وقت امامہ اور اس کے بارے میں کیا سوچ رہا ہو گا۔وہ اچھی طرح اندازہ کر سکتا تھا۔
"اس سے جا کر صاف صاف کہہ دو کہ میں اس سے شادی نہیں کروں گا۔"
وہ جلال انصر کا یہ پیغام سنتے ہوئے امامہ ہاشم کا چہرہ دیکھنا چاہتا تھا۔اس نے چیونگم کے ببل بناتے ہوئے امامہ کو موبائل پر خبر دی تھی۔
"تم نے مجھ پر اتنے احسان کیے ہیں ، ایک احسان اور کرو۔مجھے طلاق دے دو۔"وہ فون پر گڑگڑائی تھی۔
"نہیں ، میں تم پر احسان کرتے کرتے تھک گیا ہوں ، اب اور احسان نہیں کر سکتا اور یہ والا احسان ۔۔۔۔۔یہ تو ناممکن ہے۔"اس نے جواباً کہا تھا۔
"تم طلاق چاہتی ہو ، کورٹ میں جا کر لے لو مگر میں تو تمہیں طلاق نہیں دوں گا۔"
سالار کے حلق میں پھندے لگنے لگے۔
"ہاں ، میں نے یہ سب کچھ کیا تھا لیکن میں نے ، جلال انصر کی غلط فہمی کو دور کر دیا تھا۔میں نے اسے سب کچھ بتا دیا تھا ، کچھ بھی نہیں چھپایا۔میں نے صرف ایک مذاق کیا تھا ، ایک پریکٹیکل جوک۔میں یہ تو نہیں چاہتا تھا کہ امامہ کے ساتھ یہ سب کچھ ہو۔"وہ جیسے کسی عدالت میں آن کھڑا ہوا تھا۔
"ٹھیک ہے میں نے اس کے ساتھ زیادتی کی اسے طلاق نہیں دے کر۔۔۔۔۔۔مگر۔۔۔۔۔۔مگر۔۔۔۔۔۔میں نے پھر بھی یہ خواہش تو نہیں کی تھی کہ وہ یہاں آ پھنسے۔میں نے۔۔۔۔۔میں نے اسے گھر چھوڑنے سے روکا تھا ، میں نے مذاق میں ہی سہی مگر اسے مدد کی آفر بھی کی تھی۔میں تو اسے یہاں لے کر نہیں آیا تھا۔کوئی مجھے تو ذمہ دار نہیں ٹھہرا سکتا اس سب کا۔"
وہ بےربط جملوں میں وضاحتیں دے رہا تھا۔اس کے سر میں سنسناہٹ ہونے لگی تھی۔درد کی ایک تیز مگر مانوس سی لہر میگرین (آدھے سر کا درد ) کا ایک اور اٹیک۔وہ چلتے چلتے رُکا ، ہونٹ بھینچتے ہوئے اس نے بےاختیار اس نے اپنی کنپٹی کو مسلا ، درد کی لہر گزر گئی تھی۔آنکھیں کھول کر اس نے گلی کے پیچ و خم کو دیکھا۔وہ اندھی گلی تھی ، کم از کم اس کے لئے اور امامہ ہاشم کے لئے۔اس نے قدم آگے بڑھائے۔عاکف ایک چوبارے نما گھر کے سامنے رُک گیا تھا۔اس نے مڑ کر سالار کو دیکھا۔
"یہی گھر ہے۔"سالار کا چہرہ کچھ اور زرد پڑ گیا۔قیامت اب اور کتنی دور رہ گئی تھی۔
"اوپر کی منزل پر جانا ہے ، صنوبر اوپر ہی ہو گی۔"عاکف کہتے ہوئے ایک طرف موجود تنگ اور تاریک سی سیڑھیاں چڑھنے لگا۔سالار کو پہلی سیڑھی پر ہی ٹھوکر لگی۔وہ بےاختیار جھکا ، عاکف نے مڑکر اسے دیکھا اور رُک گیا۔
"احتیاط سے آؤ ، سیڑھیوں کی حالت زیادہ اچھی نہیں ہے۔اوپر سے یہ لوگ بلب لگوانے کے بھی روادار نہیں۔"سالار سیدھا ہو گیا۔اس نے عاکف کا سہارا لے کر اوپر والی سیڑھی پر قدم رکھا۔سیڑھیاں بل کھا کر گولائی کی صورت میں اوپر جا رہی تھیں اور اتنی تنگ تھیں کہ صرف ایک وقت میں ایک ہی آدمی گزر سکتا تھا۔ان کی سیمنٹ بھی اکھڑی ہوئی تھی۔وہ بوٹ پہننے کے باوجود ان کی خستہ حالت کو جانچ سکتا تھا جس دیوار کا سہارا لے کر وہ سیڑھیاں چڑھ رہا تھا۔اس دیوار کی سیمنٹ بھی اکھڑی ہوئی تھی۔سالار اندھوں کی طرح دیوار ٹٹولتے ہوئے سیڑھیاں چڑھنے لگا۔
پہلی منزل کے ایک دروازے کے کھلے ہوئے پٹ سے آنے والی روشنی نے سالار کی رہنمائی کی تھی۔عاکف وہاں کہیں نہیں تھا۔یقیناً وہ دروازہ پار کر کے آگے چلا گیا تھا۔سالار چند لمحوں کے لیے وہاں رُکا پھر اس نے دہلیز کے پار قدم رکھا۔وہ اب ایک چوبارے میں تھا۔ایک طرف بہت سے کمروں کے دروازے تھے۔دوسری طرف نیچے گلی نظر آ رہی تھی۔برآمدے نما لمبا چوبارہ بالکل خالی تھا۔تمام کمروں کے دروازے اسے وہاں کھڑے بند ہی لگ رہے تھے۔عاکف کہاں گیا تھا وہ نہیں جانتا تھا۔اس نے بہت محتاط انداز میں اپنے قدم آگے بڑھائے۔یوں جیسے وہ کسی بھوت بنگلے میں آ گیا تھا۔ابھی کوئی دروازہ کھلتااور امامہ ہاشم اس کے سامنے آکر کھڑی ہوجاتی۔
"میرے خدا۔۔۔۔۔ میں ۔۔۔۔۔ میں اس کا سامنا یہاں کیسے کروں گا۔" اس کا دل ڈوبا۔
وہ ان بند دروازوں پر نظر ڈالتے ہوئے چلتا جارہا تھا۔ جب اس برآمدے کے آخری سرے پر ایک دروازے میں سے عاکف نکلا۔
"تم یہاں رہ گئے ہو۔" وہ وہیں سے بلند آواز میں بولا۔"یہاں آؤ۔"
سالار کے قدموں کی رفتار تیز ہوگئی ۔ سالار دروازے تک پہنچنے سے پہلے چند لمحے کے لئے رُک گیا۔ وہ اپنے دل کی دھڑکن کی آواز باہر تک سن رہا تھا پھر آنکھیں بند کئے سرد ہاتھوں کی مٹھیاں بھینچتے وہ کمرے میں داخل ہوگیا۔ وہاں عاکف ایک کرسی پر بیٹھا ہوا تھا جبکہ ایک لڑکی اپنے بالوں پر برش کرتے ہوئے عاکف سے باتیں کر رہی تھی۔
"یہ امامہ نہیں ہے۔" بے اختیار سالار کے منہ سے نکلا۔
"ہاں یہ امامہ نہیں ہے۔ وہ اندر ہے ، آؤ۔"عاکف نے اٹھتے ہوئے ایک اور کمرے کا دروازہ کھولا۔ سالار ہموار قدموں سے اس کے پیچھے گیا۔ عاکف اگلے کمرے کو بھی پار کرگیا اور ایک اور دروازہ کھول کر ایک دوسرے کمرے میں داخل ہوگیا۔
"ہیلو صنوبر!"سالار نے دور سے عاکف کو کہتے ہوئے سنا۔ اس کا دل اچھل کر حلق میں آگیا۔ ایک لمحے کے لئے اس کا جی چاہا وہ وہاں سے بھاگ جائے۔۔۔۔۔ ابھی اسی وقت۔۔۔۔۔ سرپٹ۔۔۔۔۔ ادھر اُدھر دیکھے بغیر۔۔۔۔۔ اس گھر سے۔۔۔۔۔ اس علاقے سے۔۔۔۔۔ اس شہرسے۔۔۔۔۔ اس ملک سے۔۔۔۔۔ دوبارہ کبھی وہاں کا رخ تک نہ کرے۔۔۔۔۔ اس نے گردن موڑ کر اپنے عقب میں موجود دروازے کو دیکھا۔
"آؤ سالار! عاکف نے اسے مخاطب کیا۔ وہ اب گردن موڑ ے اندر کسی لڑکی سے مصروف گفتگو تھا ۔ سالار نے تھوک نگلا۔ اس کا حلق کانٹوں کا جنگل بن گیا تھا۔وہ آگے بڑھا۔ عاکف نے اپنی پشت پر اس کے قدموں کی آواز سنی تو دروازے سے ہٹ گیا۔ سالار دروازے میں تھا۔ وہ کمرے کے وسط میں کھڑی تھی۔
“یہ ہے صنوبر۔" عاکف نے تعارف کروایا۔ سالار اس سے نظریں نہیں ہٹا سکا۔ وہ بھی اس پر نظریں جمائے ہوئے تھی۔
"امامہ؟" وہ بے حس و حرکت اسے دیکھتے ہوئے بڑبڑایا۔
"ہاں امامہ! عاکف نے تصدیق کی۔
سالار گھٹنوں کے بل زمین پر گر پڑا۔ عاکف گھبرا گیا۔
"کیا ہوا، کیا ہوا؟" وہ دونوں ہاتھوں سے اپنا سر پکڑتے ہوئے سجدے میں تھا۔ وہ ایک طوائف کے کوٹھے پر سجدے میں گرنے والا پہلا مرد تھا۔
عاکف پنجوں کے بل بیٹھا اسے کندھے سے پکڑے ہلا رہا تھا۔ سالار سجدے میں بچوں کی طرح رو رہا تھا۔
"پانی۔۔۔۔۔ پانی لاؤں؟"صنوبر گھبراتے ہوئے تیزی سے بیڈ کے سرہانے پڑے جگ اور گلاس کی طرف گئی اور گلاس میں لے کر سالار کے پاس آکر بیٹھ گئی۔
"سالار صاحب! آپ پانی پئیں۔"
سالار ایک جھٹکے سے اٹھ بیٹھا۔ یوں جیسے اسے کرنٹ لگا ہو۔ اس کا چہرہ آنسوؤں سے بھیگا ہوا تھا۔ کچھ کہے بغیر اس نے اپنی جینز کی جیب سے والٹ نکالا اور پاگلوں کی طرح اس میں سے کرنسی نوٹ نکال کر صنوبر کے سامنے رکھتا گیا اس نے والٹ چند سیکنڈ میں خالی کردیا تھا۔ اس میں کریڈٹ کارڈ ز کے علاوہ کچھ بھی نہیں بچا تھا۔ پھر وہ کچھ کہے بغیر اٹھ کھڑا ہوا اور الٹے قدموں دروازے کی دہلیز سے ٹھوکر کھاتا ہوا باہر نکل گیا۔ عاکف ہکا بکا اس کے پیچھے آیا۔
"سالار۔۔۔۔۔سالار۔۔۔۔۔! کیا ہوا ہے؟ کہاں جارہے ہو؟"
اس نے سالار کو کندھے سے پکڑکر روکنے کی کوشش کی ۔ سالار وحشت زدہ اس سے اپنے آپ کو چھڑانے لگا۔
"چھوڑو مجھے ۔ ہاتھ نہ لگاؤ۔ مجھے جانے دو۔"
وہ بلند آواز میں روتے ہوئے ہذیانی انداز میں چلا یا۔
"امامہ سے ملنا تھا تمہیں۔" عاکف نے اسے یاد دلایا۔
"یہ اما مہ نہیں ہے۔ یہ نہیں ہے امامہ ہاشم۔۔۔۔۔"
"تو ٹھیک ہے۔ مگر میرے ساتھ جانا ہے تمہیں۔"
"میں چلا جاؤں گا۔ میں چلا جاؤں گا۔ مجھے تمہاری ضرورت نہیں۔" وہ اُلٹے قدموں اپنا کندھا چھڑاکر بھاگتا ہوا کمرے سے نکل گیا۔ عاکف زیرلب کچھ بڑبڑایا۔ اس کا موڈ آف ہوگیا تھا مڑ کر وہ صنوبر کے کمرے میں گھس گیا جو ابھی بھی حیرانی سے نوٹوں کے ڈھیر کو دیکھ رہی تھی۔ ٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
سیڑھیاں اب بھی اسی طرح تاریک تھیں مگر اس بار وہ جس ذہنی حالت میں تھا اسے کسی دیوار، کسی سہارے ، کسی روشنی کی ضرورت نہیں تھی۔ وہ اندھا دھند تاریک سیڑھیوں سے نیچے بھاگا اور بری طرح گرا۔ اگر سیڑھیاں سیدھی ہوتیں تو وہ سیدھا نیچے جاکر گرتا مگر سیڑھیوں کی گولائی نے اسے بچالیا تھا۔ وہ اندھیرے میں ایک بار پھر اُٹھا۔ گھٹنوں اور ٹخنوں میں اٹھنے والی ٹیسوں سے بے پروا اس نے دوبارہ اسی طرح بھاگتے ہوئے سیڑھیاں اترنے کی کوشش کی۔ چند سیڑھیاں اُترنے کے بعد لگائی جانے والی چھلانگ نے اسے پھر زمین بوس کیا تھا۔ اس بار اس کا سر بھی دیوار سے ٹکرایا۔ وہ خوش قسمت تھا کہ اس کی ہڈی نہیں ٹوٹی۔ شاید سیڑھیوں سے گرنے کے بعد نیچے والی سیڑھیوں پر آگیا تھا۔ سامنے گلی کی روشنی نظر آرہی تھی۔ وہ سیڑھیو ں سے نکل آیا مگر آگے نہیں جاسکا۔ چند قدم آگے چل کر اس گھر کے باہر تھڑے پر بیٹھ گیا۔ اسے متلی محسوس ہورہی تھی۔ سر کو تھامتے ہوئے بے اختیار اسے ابکائی آئی وہ تھڑے پر بیٹھے بیٹھے جھک گیا تھا ، وہ ابکائیاں کرتے ہوئے بھی اسی طرح سے رورہا تھا۔ گلی میں سے گزرنے والے لوگوں کے لئے یہ سین نیا نہیں تھا۔یہاں بہت سے شرابی اور نشئی ضرورت سے زیادہ نشہ استعمال کرنے کے بعد یہی سب کچھ کیا کرتے تھے۔صرف سالار کا لباس اور حلیہ تھا جوا سے کچھ مہذب دکھا رہا تھا اور اس کے آنسو اور واویلا۔ کسی طوائف کی بے وفائی کا نتیجہ تھا شاید۔ طوائف کا کوٹھا ہر کسی کو راس نہیں آتا۔ گزرنے والے طنزیہ مسکراہٹ کے ساتھ اسے دیکھتے ہوئے گزر رہے تھے۔ کوئی اس کے پاس نہیں آیا تھا۔ اس بازار میں حال احوال جاننے کا رواج نہیں تھا۔
عاکف نیچے نہیں آیاتھا۔ آتا تو شاید سالار کے پاس رُک جاتا۔ امامہ ہاشم وہاں نہیں تھی۔ صنوبر امامہ ہاشم نہیں تھی۔ کتنا بڑا بوجھ اس کے کندھوں سے اٹھالیا گیا تھا۔ کیسی اذیت سے اسے بچالیا گیا تھا۔ تکلیف دے کر اسے آگہی نہیں دی گئی۔صرف تکلیف کا احساس دے کر اسے آگہی سے شناسا کردیا گیا تھا۔اسے وہاں نہ دیکھ کر وہ اس حالت میں جاپہنچا تھا۔ وہ اسے وہاں دیکھ لیتا تو اس پر کیا گزرتی۔ اسے اللہ سے خوف آرہا تھا بے پناہ خوف۔ وہ کس قدر طاقتور تھا کیا نہیں کرسکتا تھا۔ وہ کس قدر مہربان تھا ۔ کیا نہیں کرتا تھا۔ انسان کو انسان رکھنا اسے آتا تھا۔ کبھی غضب سے ، کبھی احسان سے۔ وہ اسے اس کے دائرے میں ہی رکھتا تھا۔
اسے کبھی اپنی زندگی کے اس سیاہ باب پر اتنا چھتاوا اتنی نفرت نہیں ہوئی جتنی اس وقت ہورہی تھی۔۔۔۔۔
"کیوں؟کیوں۔۔۔۔۔؟ کیوں آتا تھا میں یہاں پر۔۔۔۔۔؟ کیوں خریدتا تھا میں ان عورتوں کو۔۔۔۔۔؟ کیوں گناہ کا احساس میرے اندر نہیں جاگتا تھا؟" وہ چبوترے پر بیٹھا دونوں ہاتھوں سے سر پکڑے بلک رہا تھا۔
"اور اب ۔۔۔۔۔ اب جب میں یہ سب کچھ چھوڑ چکا ہوں تو اب۔۔۔۔۔ اب کیوں۔۔۔۔۔ یہ تکلیف۔۔۔۔۔ یہ چبھن ہورہی ہے مجھے۔۔۔۔۔ میں جانتا ہوں۔۔۔۔۔ جانتا ہوں مجھے اپنے ہر عمل کے لئے جواب دہ ہونا ہے مگر یہ حساب یہاں۔۔۔۔۔ اس طرح نہ لے۔۔۔۔۔ جس عورت سے میں محبت کرتا ہوں اسے کبھی بازار میں نہ پھینک۔"
وہ روتے ہوئے رکا، کون سا انکشاف کہاں ہورہا تھا۔
"محبت؟" وہ گلی سے گزرتے لوگوں کو دیکھتے ہوئے بے یقینی سے بڑبڑایا۔
"کیا میں۔۔۔۔۔ میں اس سے محبت کرتا ہوں؟" کوئی لہر اس کے سر سے پیروں تک گزری تھی۔
"کیا یہ تکلیف صرف اس لئے ہورہی ہے مجھے کہ میں اس سے۔۔۔۔۔" اس کے چہرے پر سائے لہرائے تھے۔" کیا وہ میرا پچھتاوا نہیں ہے۔ کچھ اور ہے۔۔۔۔۔؟
اسے لگا وہ وہاں سے کبھی اٹھ نہیں پائے گا۔
“تو یہ پچھتاوا نہیں محبت ہے، جس کے پیچھے میں بھاگتا پھر رہا ہوں۔" اسے اپناجسم ریت کا بنا ہوا لگا۔
"امامہ پھانس نہیں ہے روگ ہے؟۔ آنسو اب بھی اس کی گالوں پر بہ رہے تھے۔"
"اور اس بازار میں اس عورت کی تلاش میں اٹھتے میرے قدموں میں لرزش اس لئے تھی کیونکہ میں نے اسے اپنے دل کے بہت اندر کہیں بہت اونچی جگہ رکھا تھا۔ وہاں جہاں خود میں بھی اس کو محسوس نہیں کرپارہا تھا۔ چیک میٹ۔"
"150 پلس آئی کیو لیول کا وہ مرد منہ کے بل زمین پر گرایا گیا تھا۔ وہ ایک بار پھر پھوٹ پھوٹ کر رونے لگا۔ کون سازخم تھا جو وہاں بیٹھا ہرا ہورہا تھا۔ کون سی تکلیف تھی جو سانس لینے نہیں دے رہی تھی۔ آئینے نے اسے کہاں بر ہنہ کیا تھا۔ اسے کیا یاد تھا؟ کیا لیا تھا؟ وہ اٹھ کر وہاں سے چلنے لگا۔ اسی طرح بلک بلک کر روتے ہوئے ۔ اسے خود پر قابو نہیں تھا۔ اسے پاس سے گزرنے والوں کی نظروں کی بھی پروا نہیں تھی۔ اسے اپنے وجود سے کبھی زندگی میں اتنی نفرت محسوس نہیں ہوئی تھی جتنی اس وقت ہورہی تھی۔ وہ ریڈ لائٹ ایریا اس کی زندگی کا سب سے سیاہ باب تھا۔ ایسا سیاہ باب جسے وہ کھرچ کر اپنی زندگی سے علیحدہ نہیں کر پایا تھا۔ وہ ایک بار پھر اس کی زندگی میں آکھڑا ہوگیا تھا۔ کئی سال پہلے وہاں گزاری گئی راتیں اب بلاؤں کی طرح اسے گھیرے ہوئے تھیں اور وہ ان سے فرار حاصل نہیں کر پارہا تھا اور اب جس خوف نے اسے اپنے حصار میں لیا تھا وہ تو۔۔۔۔۔
"اگر ۔۔۔۔۔اگر۔۔۔۔۔امامہ اس بازار میں آگئی ہوتی تو۔۔۔۔۔؟ صنوبر، امامہ ہاشم نہیں تھی مگر کوئی اور۔۔۔۔۔" اس کے سر میں درد کی ایک لہر اٹھی۔ میگرین اب شدت اختیار کرتا جارہا تھا۔ اس کا ذہن بیٹھ گیا تھا۔ گاڑیوں کے ہارن اور لائٹس نے اس کے درد کو اور بڑھا دیا تھا پھر اس کا ذہن کسی تاریکی میں اتر گیا تھا۔
کسی نے ہلکا سا قہقہہ لگایا پھر کچھ کہا۔۔۔۔۔ ایک دوسری آواز نے جواباً کچھ کہا۔ سالار سکندر کے حواس آہستہ آہستہ کام کرنے لگے تھے۔ مضمحل تھکن زدہ۔۔۔۔۔ مگر آوازوں کو شناخت کرتا ہوا ذہن۔
بہت آہستہ آہستہ اس نے آنکھیں کھولیں۔ اسے حیرانی نہیں ہوئی۔ اسے یہیں ہونا چاہیئے تھا۔ وہ ہاسپٹل یا کسی کلینک کے ایک کمرے میں ایک بیڈ پر تھا۔ بے حد نرم اور آرام دہ بیڈ، اس سے کچھ فاصلے پر فرقان کسی دوسرے ڈاکٹر کے ساتھ ہلکی آواز میں باتیں کر رہا تھا۔ سالار نے ایک گہراسانس لیا۔ فرقان اور دوسرے ڈاکٹر نے گردن موڑ کر باتیں کرتے اسے دیکھا پھر دونوں اس کی طرف چلے آئے۔
سالار نے ایک بار پھر آنکھیں بند کر لیں ۔آنکھیں کھلا رکھنا اسے مشکل لگ رہا تھا۔ فرقان نے پاس آکر نرمی سے اس کے سینے کو تھپتھپایا۔
"کیسے ہو اب سالار؟"
سالا نے آنکھیں کھول دیں۔ اس نے مسکرا نے کی کوشش نہیں کی۔ صرف چند لمحے خالی الذہنی کے عالم میں اسے دیکھتا رہا۔
"فائن۔۔۔۔۔"اس نے کہا۔
دوسرا ڈاکٹر اس کی نبض دیکھنے میں مصروف تھا۔
سالار نے ایک بار پھر آنکھیں بند کر لیں۔ فرقان اور دوسرا ڈاکٹر آپس میں ایک بار پھر گفتگو میں مصروف تھے۔ اسے اس گفتگو میں کوئی دلچسپی نہیں تھی۔ اسے کسی بھی چیز میں کوئی دلچسپی محسوس نہیں ہورہی تھی۔ باقی سب کچھ ویسا ہی تھا۔ احسا س جرم ، پچھتاوا۔ عاکف ، صنوبر۔۔۔۔۔امامہ۔۔۔۔۔ریڈ لائٹ ایریا۔ سب کچھ ویسا ہی تھا۔ اس کا دل چاہا کاش وہ ابھی ہوش میں نہ آتا۔
تو سالار صاحب۔۔۔۔۔! اب کچھ تفصیلاً گفتگو ہوجائے آپ کے ساتھ۔" اس نے فرقان کی آواز پر آنکھیں کھول دیں۔ وہ اس کے بیڈ کے بالکل قریب ایک اسٹول پر بیٹھا ہوا تھا۔ دوسرا ڈاکٹر باہر جا چکا تھا۔ سالار نے اپنی ٹانگوں کو سمیٹنے کی کوشش کی۔ اس کے منہ سے کراہ نکلی۔ اس کے ٹخنے اور گھٹنوں میں شدید ہورہا تھا۔ اس کی ٹانگوں پر کمبل تھا وہ انہیں نہیں دیکھ سکتا مگر اس کو اندازہ تھا کہ اس کے ٹخنے اور گھٹنے پر کچھ لپٹا ہوا تھا۔ وہ اپنے کپڑوں میں بھی نہیں تھا بلکہ مریضوں کے لئے مخصوص لباس میں تھا۔
"کیا ہوا ہے؟" سالار نے بے اختیار کراہ کر ٹانگ سیدھی کرتے ہوئے کہا۔
"sprained ankleدونوں گھٹنوں اور calfپر کچھ خراشیں اور سوجن مگر خوشی قسمتی سے کوئی فریکچر نہیں۔ بازوں اور کہنیوں پر بھی کچھBruises خوش قسمتی سے پھر کوئی فریکچر نہیں ۔ سر کے بائیں پچھلے حصے میں چھوٹا ساکٹ تھوڑی سی بلیڈنگ ، مگر سی ٹی اسکین کے مطابق کوئی سیریس انجری نہیں۔ سینے پر بھی رگڑ کی وجہ سے معمولی خراشیں مگر جہاں تک تمہارے سوال کا تعلق ہے کہ کیا ہوا ہے؟ تو یہ تم بتاو کہ کیا ہوا ہے؟"
فرقان کسی ماہر ڈاکٹر کی طرح بات کرتے کرتے بولا۔ سالار چپ چاپ اسے دیکھتا رہا۔
"میں پہلے سمجھتا رہا کہ میگرین کا اٹیک اتنا شدید تھا کہ تم بے ہوش ہوگئے مگر بعد میں تمہارا چیک اپ کرنے پر مجھے اندازہ ہوا کہ ایسا نہیں تھا۔ کیا کسی نے حملہ کیا تھا تم پر؟" وہ اب سنجیدہ تھا۔ سالار نے ایک گہرا سانس لیتے ہوئے سر کو جھٹکا۔
"تم مجھ تک کیسے پہنچے بلکہ میں یہاں کیسے پہنچا؟"
"میں تمہارے موبائل پر تمہیں کال کر رہا تھا اور تمہارے بجائے کسی آدمی نے وہ کال ریسیو کی ، وہ اس وقت فٹ پاتھ پر تمہارے قریب تھا۔ تمہیں ہوش میں لانے کی کوشش کر رہا تھا۔ اس نے مجھے تمہاری حالت کے بارے میں بتایا۔اچھا آدمی تھا۔ میں نے اسے کہا کہ وہ تمہیں کسی ٹیکسی میں قریبی ہاسپٹل لے جائے۔ وہ لے گیا پھر میں وہاں پہنچ گیا اور تمہیں یہاں لے آیا۔"
"ابھی کیا وقت ہے؟"
"صبح کے چھے بج رہے ہیں۔ سمیر نے تمہیں رات کو پین کلر ز دیئے اسی لئے تم ابھی تک سو رہے تھے۔"
فرقان کو بات کرتے کرتے ہوئے احساس ہوا کہ وہ دلچسپی نہیں لے رہا۔ اس کی نظروں میں ایک عجیب سی سرد مہری محسوس ہوئی تھی۔ یوں جیسے فرقان اسے کسی تیسرے شخص کی حالت کے بارے میں بتارہا تھا۔
"تم مجھے۔۔۔۔۔ دوبارہ۔۔۔۔۔"سالار نے اسے خاموش ہوتے ہوئے دیکھ کر کہنا شروع کیا۔ پھر قدرے الجھن آمیز انداز میں رکا۔ آنکھیں بند کیں جیسے ذہن پر زور دے رہا ہو۔
"ہاں ۔۔۔۔۔کوئی ٹرینکولائز دے دو۔ میں بہت لمبی نیند سونا چاہتا ہوں۔"
"سوجانا۔۔۔۔۔مگر یہ تو بتاؤ۔۔۔۔۔ہوا کیا تھا؟"
"کچھ نہیں۔" سالار نے بیزری سے کہا۔
"میگرین ۔۔۔۔۔ اور میں فٹ پاتھ پر گر پڑا، گرنے سے چوٹیں لگ گئیں۔"
فرقان نے اسے غور سے دیکھا۔
"کچھ کھالو۔۔۔۔۔"
سالار نے اس کی بات کاٹی۔" نہیں۔۔۔۔۔ بھوک ۔۔۔۔۔ نہیں ہے۔ تم بس مجھے کچھ دو۔۔۔۔۔ ٹیبلٹ ، انجکشن ، کچھ بھی ، میں بہت تھکا ہوا ہوں۔"
"اسلام آباد تمہارے گھر والوں ۔۔۔۔۔"
سالار نے اسے بات مکمل کرنے نہیں دی۔
"نہیں، اطلاع مت کرنا۔ میں جب سو کر اٹھوں گا تو اسلام آباد چلا جاؤں گا۔"
"اس حالت میں؟"
"تم نے کہا ہے میں ٹھیک ہوں۔"
“ٹھیک ہو مگر اتنے بھی ٹھیک نہیں ہو۔ دو چار دن آرام کرو۔ یہیں رہو لاہور میں ، پھر چلے جانا۔"
"اچھا پھر تم پا پا کو یا ممی کو اطلاع مت دینا۔"
فرقان نے کچھ الجھے ہوئے انداز میں اسے دیکھا۔ اس کے ماتھے پر چند بل آگئے۔" اچھا۔۔۔۔۔ اور ۔۔۔۔۔ کچھ۔۔۔۔۔؟"
"ٹرینکولائز۔۔۔۔۔"
فرقان اسے سوچتے ہوئے دیکھنے لگا۔
"میں رہوں تمہارے پاس۔۔۔۔۔؟"
"فائدہ۔۔۔۔۔؟ میں تو ابھی سو جاؤں گا۔ تم جاؤ۔ جب میں اٹھوں گا تو تمہیں کال کروں گا۔"
اس نے بازو کے ساتھ اپنی آنکھیں ڈھانپ لیں۔ اس کے انداز میں موجود روکھے پن اور سرد مہری نے فرقان کو کچھ اور پریشان کیا۔ اس کا رویہ بہت ابنارمل تھا۔
"میں سمیر سے بات کرتا ہوں، مگر ٹرینکولائز چاہیئے تو پہلے تو تمہیں کچھ کھا نا ہوگا۔" فرقان نے اٹھتے ہوئے دو ٹوک انداز میں کہا۔ سالار نے آنکھوں سے باز و نہیں ہٹایا۔
دوبارہ اس کی آنکھ جس وقت کھلی اس وقت شام ہورہی تھی۔ کمرہ خالی تھا۔ اس کے پاس کوئی بھی نہیں تھا۔ جسمانی طور پر صبح سے زیادہ تھکاوٹ محسوس کر رہا تھا۔ اپنی ٹانگوں سے کمبل پرے ہٹا کر اس نے لیٹے لیٹے بائیں ٹخنے اور گھٹنوں میں اٹھتی ہوئی ٹیسوں کو نظر انداز کرتے ہوئے ٹانگوں کو سکیڑ لیا۔ اسے اپنے اندر ایک عجیب سی گھٹن محسوس ہورہی تھی۔ اتنی گھٹن جیسے کسی نے اس کے سینے کو جکڑ لیا ہو۔ وہ اسی طرح لیٹے لیٹے چھت کو گھور تا رہا پھر جیسے اسے کوئی خیال آیا۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
وہ ہوٹل آکر اپنا سامان پیک کر رہا تھا جب فرقان نے دروازے پر دستک دی۔ سالار نے دروازہ کھول دیا۔ فرقان کو دیکھ کر وہ حیران ہوا۔ اسے اندا زہ نہیں تھا کہ وہ اتنی جلدی اس کے پیچھے آجائے گا۔
"عجیب انسان ہو تم سالار۔۔۔۔۔" فرقان اسے دیکھتے ہی ناراضی سے بولنے لگا۔
"یوں کسی کو بتائے بغیر سمیر کے کلینک سے چلے آئے، مجھے پریشان کر دیا۔ اوپر سے موبائل کوبھی آف کر رکھا ہے۔"
سالار نے کچھ نہیں کہا۔ وہ لنگڑاتا ہو ایک بار پھر اپنے بیگ کے پاس آگیا۔ جس میں وہ اپنی چیزیں پیک کر رہا تھا۔
"تم جارہے ہو؟" فرقان بیگ دیکھ کر چونکا۔
"ہاں۔۔۔۔۔!"سالار نے یک لفظی جواب دیا
"کہاں۔۔۔۔۔؟" سالار نے بیگ کی زپ بند کردی اور بیڈ پر بیٹھ گیا
"اسلام آباد؟" فرقان اس کے سامنے صوفے پر آکر بیٹھ گیا۔
“نہیں ۔" سالار نے اسے دیکھتے ہوئے کہا۔
"پھر ۔۔۔۔۔؟"
کراچی جارہا ہوں۔"
"کس لئے؟" فرقان نے حیرانی سے پوچھا۔
"فلائٹ ہے میری۔"
"پیرس کی؟"
"ہاں۔۔۔۔۔!"
"چار دن بعد ہے تمہاری فلائٹ ، ابھی جاکر کیا کروگے؟" فرقان اسے دیکھنے لگا۔ سمیر کا اندازہ ٹھیک تھا۔ اس کے چہرے کے تاثرات بے حد عجیب تھے۔
"کام ہے مجھے وہاں۔"
"کیا کام ہے؟"
وہ جواب دینے کے بجائے بیڈ پر بیٹھا پلکیں جھپکائے بغیر چپ چاپ اسے دیکھتا رہا ۔فرقان سا ئیکالوجسٹ نہیں تھا۔ پھر بھی سامنے بیٹھے ہوئے شخص کی آنکھوں کو پڑھنے میں اسے کوئی مشکل نہیں ہوئی ۔ سالار کی آنکھوں میں کچھ بھی نہیں تھا۔ صرف سرد مہری تھی۔ یوں جیسے وہ کسی کو جانتا ہی نہ ہو۔ اسے اور اپنے آپ کو بھی۔ وہ ڈپریس تھا۔ فرقان کو کوئی شبہ نہیں تھا مگر اس کا ڈپریشن اسے کہاں لے جا رہا تھا۔ فرقان یہ جاننے سے قاصر تھا۔
"تمہیں آخر کیا پریشانی ہے سالار؟" وہ پوچھے بغیر نہیں رہ سکا۔
"سالار نے توقف کیا۔ پھر کندھے جھٹکے۔
"کوئی پریشانی نہیں ہے۔"
"تو پھر۔۔۔۔۔" سالار نے فرقان کی بات کاٹ دی۔
"تم جانتے ہو مجھے میگرین ہے۔ کبھی کبھار اس طرح ہوجاتا ہے مجھے۔"
"میں ڈاکٹر ہوں سالار!" فرقان نے سنجیدگی سے کہا۔" میگرین کوکوئی مجھ سے زیادہ بہتر نہیں جانتا۔ یہ سب کچھ میگرین کی وجہ سے نہیں تھا۔"
"تو تم بتاؤ اور کیا وجہ ہوسکتی ہے؟" سالار نے اُلٹاا س سے سوال کیا۔
"کسی لڑکی کا پرابلم ہے؟" سالار پلکیں جھپک نہیں سکا ۔ فرقان کہاں جا پہنچا تھا۔
"ہاں ۔۔۔۔۔" وہ نہیں جانتا اس نے “نہیں" کیوں نہیں کہا تھا۔
"کسی میں انوالو ہو تم؟" فرقان کو اپنے اندازے کے صحیح ہونے پر جیسے یقین نہیں آیا۔
"ہاں۔۔۔۔۔"
فرقان بہت دیر چپ بیٹھا اسے دیکھتا رہا۔ یوں جیسے اپنی بے یقینی پر قابو پانے کی کوشش کر رہا ہو۔
"کس کے ساتھ انوالو ہو؟"
"تم اسے نہیں جانتے۔"
"شادی نہیں ہو سکی تمہاری اس کے ساتھ؟" سالار اسے دیکھتا رہا پھر اس نے کہا۔
"ہوگئی تھی۔" اس کے لہجے میں آنچ تھی۔
"شادی ہوگئی تھی؟" فرقان کو پھر یقین نہیں آیا۔
"ہاں۔۔۔۔۔"
پھر۔۔۔۔۔ طلاق ہوگئی؟" اس نے پوچھا۔
"نہیں۔"
"تو۔۔۔۔۔؟" سالار کے پاس آگے بتانے کے لئے کچھ بھی نہیں تھا۔
"تو بس۔۔۔۔۔"
"بس کیا۔۔۔۔۔؟ سالار اس کے چہرے سے نظریں ہٹا کر اپنے بائیں ہاتھ کی انگلی دائیں ہاتھ میں موجود دل کی لکیرپر پھیرتا رہا۔
"کیا نام ہے اس کا؟" فرقان نے مدھم آواز میں اس سے پوچھا۔ وہ ایک بار پھر اس طرح لکیر کو چھوتے ہوئے بہت دیر تک خاموش رہا ۔ بہت دیر۔۔۔۔۔ پھر اس نے کہا۔
"امامہ ہاشم۔۔۔۔۔" فرقان نے بے اختیار سانس لیا۔ اسے اب سمجھ میں آیا کہ وہ اس کی چھوٹی بیٹی کو ڈھیروں کے حساب سے تحفے کیوں دیا کرتا تھا۔ پچھلے کچھ عرصے میں جب سے سا لار سے اس کی شناسائی ہوئی تھی اور سالار کا اس کے گھر آنا جانا شروع ہوا تھا سالار اور امامہ کی بہت دوستی ہوگئی تھی۔ وہ پاکستان سے جانے کے بعد بھی اسے وہاں سے کچھ نہ کچھ بجھواتا رہتا تھا مگر فرقان کو اکثر صرف ایک بات پر حیرانی ہوئی تھی۔ وہ کبھی امامہ کا نام نہیں لیتا تھا اور وہ خود اس سے بات کرتا تو اسے نام کے بغیر مخاطب کرتا رہتا۔ فرقان کو چند ایک بار یہ بات محسوس ہوئی تھی مگر اس نے اسے نظر انداز کردیا تھا لیکن اب امامہ ہاشم کا نام سن کر وہ جان گیا تھا کہ وہ کیوں اس کا نام نہیں لیتا تھا۔
وہ اب رُک رُک کر بے ربط جملوں میں مدھم آواز میں اسے اپنے اور امامہ کے بارے میں بتارہا تھا۔ فرقان دم سادھے سن رہا تھا۔ جب وہ سب کچھ بتانے کے بعد خاموش ہوا تو دیر تک فرقان بھی کچھ بول نہیں سکا۔ اس کی سمجھ میں ہی نہیں آرہا تھا کہ وہ کیا کہے۔ تسلی دے یا پھر کچھ اور کہے۔۔۔۔۔ کوئی نصیحت۔۔۔۔۔
"تم اسے بھول جاؤ۔" اس نے بالآخر کہا۔" سوچ لو کہ وہ جہاں بھی ہے خوش ہے اور محفوظ ہے۔ ضروری نہیں اس کے ساتھ کوئی سانحہ ہی ہوا ہو۔ ہوسکتا ہے وہ بالکل محفوظ ہو۔ فرقان کہہ رہا تھا۔" تم نے اس کی مدد کی ، جس حد تک تم کر سکتے تھے۔ پچھتاؤں سے اپنے آپ کو نکال لو۔ اللہ مدد کرتا ۔ تمہارے بعد ہوسکتا اسے تم سے بہتر کوئی اور مل گیا ہو۔ تم کیوں اس طرح کے وہم لئے بیٹھے ہو۔ میں نہیں سمجھتا کہ جلال سے اس کی شادی نہ ہونے کی وجہ تم تھے۔ جو کچھ تم نے مجھے جلال کے بارے میں بتایا ہے۔ میرا ندازہ یہی ہے کہ وہ کسی صورت میں امامہ سے شادی نہ کرتا، چاہے تم بیچ میں آتے نہ آتے۔ کوشش کرتے نہ کرتے۔ جہاں تک امامہ کو طلاق نہ دینے کا سوال ہے اسے چاہیئے تھا وہ تم سے دوبارہ رابطہ کرتی۔ وہ ایسا کرتی تو یقیناً تم اسے طلاق دے دیتے۔ اگر اس معاملے میں تم سے کوئی غلطی ہوئی بھی ہے تو اللہ تمہیں معاف کردے گا کیونکہ تم پچھتارہے ہو۔ تم اللہ سے معافی بھی مانگتے آرہے ہو۔ یہ کافی ہے مگر اس طرح ڈپریشن کا شکار ہونے سے کیا ہوگا۔ سالار کی خاموشی سے اسے امید بندھی کہ شاید اس کی کوشش رنگ لارہی تھی مگر ایک لمبی تقریر کے بعد جب وہ خاموش ہوا تو سالار اٹھ کر اپنا بریف کیس کھولنے لگا۔
"کیا کر رہے ہو؟" فرقان نے پوچھا۔
"میری فلائٹ کا ٹائم ہورہا ہے۔" وہ اب اپنے بریف کیس میں سے کچھ پیپر نکال رہا تھا۔ فرقان کی سمجھ نہیں آیا وہ اس سے کیا کہے۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
وہ پچھلے کئی سالوں میں کئی بار پاکستان آتا جاتا رہا تھا اسے کبھی واپس جاتے ہوئے اس قسم کی کیفیا ت کا شکار نہیں ہونا پڑا تھا جس قسم کی کیفیات کا شکار وہ اس بار ہوا تھا۔ جہاز کے ٹیک آف کے وقت ایک عجیب سا خالی پن تھا، جو اس نےا پنے اندر اترتے ہوئے محسوس کیا تھا۔ اس نے جہاز کی کھڑکی سے باہر جھانکا ۔ بہت دور تک پھیلے ہوئے اس خطے میں کہیں امامہ ہاشم نام کی ایک لڑکی بھی تھی۔ وہ وہاں رہتا تو کبھی کہیں کسی وقت کسی روپ میں وہ اسے نظر آجاتی۔ اسے مل جاتی۔ یاکوئی ایسا شخص اسے مل جاتا جو اس سے واقف ہوتا لیکن وہ اب جہاں جا رہا تھا اس زمین پر امامہ ہاشم کہیں نہیں تھی۔ کوئی اتفا ق بھی ان دونوں کو آمنے سامنے نہیں لاسکتا تھا۔ وہ ایک بار پھر ایک لمبے عرصے کے لئے"امکان " کو چھوڑ کر جارہا تھا۔ وہ زندگی میں کتنی بار "امکان " کو چھوڑ کر جاتا رہے گا۔
دس منٹ کے بعد پانی سے ٹرینکولائز کو نگلتے ہوئے اسے احساس ہورہا تھا کہ وہ زندگی میں کہیں بھی نہیں کھڑا تھا۔ وہ زندگی میں کبھی بھی نہیں کھڑا ہوپائے گا۔ اس کے پیروں کے نیچے زمین کبھی نہیں آسکے گی۔
ساتویں منزل پر اپنے اپارٹمنٹ کا دروازہ کھولتے ہوئے بھی اسے احساس ہورہا تھا کہ وہ وہاں جانا نہیں چاہتا تھا وہ کہیں اور جانا چاہتا تھا۔کہاں۔۔۔۔۔؟
اس نے اپارٹمنٹ کے دروازے کو لاک کیا۔ لاؤنج میں پڑے ٹی وی کو آن کیا۔ سی این این پر نیوز بلیٹن آرہا تھا۔ اس نے اپنے جوتے اور جیکٹ اُتار کر دور پھینک دئیے۔ پھر ریموٹ لے کر صوفے پر لیٹ گیا۔ خالی الذہنی کے عالم میں وہ چینل بدلتا رہا ۔ ایک چینل سے گونجتی آوازنے اُسے روک لیا۔
ایک غیر معروف سا گلوکار کوئی غزل گا رہا تھا۔
میری زندگی تو فراق ہے ، وہ ازل سے دل میں مکیں سہی
وہ نگاہ شوق سے دور ہیں، رگِ جاں سے لاکھ قریں سہی
اس نے ریموٹ اپنے سینے پر رکھ دیا۔ گلوگار کی آواز بہت خوبصورت تھی یا پھر شاید وہ اس کے جذبات کو الفاظ دے رہا تھا۔
ہمیں جاں دینی ہے ایک دن، وہ کسی طرح وہ کہیں سہی
ہمیں آپ کھینچئے دار پر جو نہیں کوئی، تو ہمیں سہی
شاعری، کلاسیکل میوزک ، پرانی فلمیں ۔ انسٹرو مینٹل میوزک اسے ان تما م چیزوں کی worthکا اندازہ پچھلے کچھ سالوں میں ہی ہونا شروع ہوا تھا۔ پچھلے کچھ سالوں نے اس کی موسیقی کے انتخاب کو بہت اعلیٰ کردیا تھا اور اردو غزلیں سننے کا تو اس نے کبھی خواب میں بھی نہیں سوچا تھا۔
سر طور ہو، سر حشر ہو ، ہمیں انتظار قبول ہے
وہ کبھی ملیں ، وہ کہیں ملیں ، وہ کبھی سہی ، وہ کہیں سہی
اسے ایک بار پھر امامہ یاد آئی۔ اسے ہمیشہ وہی یاد آتی تھی۔ پہلے وہ صرف تنہائی میں یاد آتی تھی پھر وہ ہجوم میں بھی نظر آنے لگی۔۔۔۔۔ اور وہ۔ وہ محبت کو پچھتاوا سمجھتا رہا۔
نہ ہو ان پہ جو مرا بس نہیں کہ یہ عاشقی ہے ہوس نہیں
میں ان ہی کا تھا، میں ان ہی کاہوں، وہ میرے نہیں تو نہیں سہی
سالار یک دم صوفے سے اٹھ کر کھڑکیوں کی طرف چلا گیا۔ ساتویں منزل پر کھڑے وہ رات کو روشنیوں کی اوٹ میں دیکھ سکتا تھا۔ عجیب وحشت تھی جو باہر تھی۔ عجیب عالم تھا جو اندر تھا۔
ہو جو فیصلہ وہ سنائیے، اسے حشر پر نہ اٹھائیے
جو کریں گے آپ ستم وہاں، وہ ابھی سہی، وہ یہیں سہی
وہاں کھڑے کھڑکیوں کے شیشوں کے پار اندھیرے میں ٹمٹماتی روشنیوں کو دیکھتے ہوئے اس نے اپنے اندر اُترنے کی کوشش کی۔
"میں اور کبھی کسی لڑکی سے محبت کروں۔ سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔"
بہت سال پہلے اکثر کہا جانے والا جملہ اسے یاد آیا۔ باہر تاریکی کچھ اور بڑھی ۔ اندر آوازوں کی بازگشت۔۔۔۔۔ اس نے شکست خوردہ اندا ز میں سر جھکایا پھر چند لمحوں کے بعد دوبارہ سر اٹھا کر کھڑکی سے باہر دیکھا۔ انسان کا اختیا ر کہاں سے شروع کہاں پر ختم ہوتا ہے؟ڈپریشن کا ایک اور دورہ ، وہ باہر نظر آنے والی ٹمٹاتی روشنیاں بھی اب بجھے لگی تھیں۔
اسے دیکھنے کی جو لو لگی تو نصیر دیکھ ہی لیں گے ہم
وہ ہزار آنکھ سے دور ہو ، وہ ہزار پردہ نشیں سہی
سالار سکندر نے مڑ کر اس کی اسکرین کو دیکھا ، گلوگار لہک لہک کر بار بار آخری شعر دہرا رہا تھا۔ کسی معمول کی طرح چلتا ہوا وہ صوفے پر آکر بیٹھ گیا۔ سینٹرل ٹیبل پر رکھے ہوئے بریف کیس کو کھول کر اس نے اندر سے لیپ ٹاپ نکال لیا۔
اسے دیکھنے کی جو لو لگی تو نصیر دیکھ ہی لیں گے ہم
وہ ہزار آنکھ سے دور ہو ، وہ ہزار پردہ نشیں سہی
گلوکار مقطع دہرا رہا تھا۔ سالار کی انگلیاں لیپ ٹاپ پر برق رفتاری سے حرکت کرتے ہوئے استعفیٰ لکھنے میں مصروف تھیں۔ کمرے میں موسیقی کی آواز اب ڈوبتی جارہی تھی۔ استعفیٰ کی ہرلائن اس کے وجود پر چھائے جمود کو ختم کر رہی تھی وہ جیسے کسی جادو کے حصار سے باہر آرہا تھا۔ کوئی تو ڑ ہورہا تھا۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
"اپنے کیر ئیر کے اس اسٹیج پر اس طرح کا احمقانہ فیصلہ صر ف تم ہی کرسکتے تھے۔"
وہ فون پر سکندر عثمان کو خاموشی سے سن رہا تھا۔
"آخر اتنی اچھی پوسٹ کو کیوں چھوڑ رہے ہو اور وہ بھی اس طرح اچانک اور چلو اگر چھوڑنے کا فیصلہ کر ہی لیا ہے تو پھر آکر اپنا بزنس کرو۔ بینک میں جانے کی کیا تک بنتی ہے۔" وہ اس کے فیصلے پر بری طرح تنفید کر رہے تھے۔
"میں اب پاکستان میں کام کرنا چاہتا ہوں ۔ بس اسی لئے جاب چھوڑ دی۔ بزنس نہیں کرسکتا اور بینک کی آفر میرے پاس بہت عرصے سے تھی۔ وہ مجھے پاکستان پوسٹ کرنے پر تیار ہیں، اسی لئے میں اسے قبول کر رہا ہوں۔" اس نے تمام سوالوں کا اکٹھا جواب دیا۔
"پھر بینک کو بھی جوائن مت کرو،میرے ساتھ آکر کام کرو۔"
"میں نہیں کرسکتا پا پا! مجھے مجبور نہ کریں۔"
"تو پھر وہیں پر رہو۔ پاکستان آنے کی کیا تک بنتی ہے؟"
“میں یہاں پر رہ نہیں پا رہا۔"
"حب الوطنی کا کوئی دورہ پڑا ہوا ہے تمہیں؟"
"نہیں۔۔۔۔۔"
"تو پھر۔۔۔۔۔؟"
"میں آپ لوگوں کے پاس رہنا چاہتا ہوں۔" اس نے بات بدلی۔
"خیر یہ فیصلہ کم از کم ہماری وجہ سے تو نہیں کیا گیا۔" سکندر عثمان کا لہجہ نرم ہوا۔
سالار خاموش رہا۔ سکندر عثمان بھی کچھ دیر خاموش رہے۔
"فیصلہ تو تم کر ہی چکے ہو۔ میں اب اس کے بارے میں تو کچھ نہیں کرسکتا۔ ٹھیک ہے آنا چاہتے ہو آجاؤ۔ کچھ عرصہ بینک میں کام کرکے بھی دیکھ لو لیکن میری خواہش یہی ہے کہ تم میرے ساتھ میرے بزنس کو دیکھو۔" سکندر عثمان نے جیسے ہتھیار ڈالتے ہوئے کہا۔
“تمہارا تو پی ایچ ڈی کا بھی ارادہ تھا۔اس کا کیا ہوا؟" سکندر عثمان کو بات ختم کرتے کرتے پھر یاد آیا۔
"فی الحال میں مزید اسٹڈیز نہیں کرنا چاہ رہا۔ ہوسکتا ہے کچھ سالوں بعد پی ایچ ڈی کے لئے دوبارہ باہر چلا جاؤں۔ یہ بھی ممکن ہے کہ پی ایچ ڈی کروں ہی نہ۔" سالار نے مدھم آواز میں کہا۔
"تم اس اسکول کی وجہ سے آرہے ہو؟" سکندر عثمان نے اچانک کہا۔" شاید۔۔۔۔۔ سالار نے تردید کی۔ وہ اگر اسکول کو اس کی واپسی کی وجہ سمجھ رہے تھے تو بھی کوئی حرج نہیں تھا۔
"ایک بار پھر سوچ لو سالار۔۔۔۔۔! سکندر کہے بغیر نہیں رہ سکے۔
"بہت کم لوگوں کو کیرئیر میں اس طرح کا اسٹارٹ ملتا ہے جس طرح کا تمہیں ملا ہے۔ تم سن رہے ہو۔"
"جی۔۔۔۔۔!" اس نے صرف ایک لفظ کہا۔
"باقی تم میچور ہو، اپنے فیصلے خود کرسکتے ہو،" انہوں نے ایک طویل کال کے اختتام پر فون بند کرنے سے پہلے کہا۔
سالار نے فون رکھنے کے بعد اپارٹمنٹ کی دیواروں پر ایک نظر دوڑائی۔ اٹھارہ دن کے بعد اسے یہ اپارٹمنٹ ہمیشہ کے لئے چھوڑ دینا تھا۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
پیر س سے واپسی پر اس کی زندگی کے ایک نئے فیز کا آغاز ہوا تھا۔ ابتدائی طور پر وہ اسلام آباد میں اس غیر ملکی بینک میں کام کر تا رہا۔ پھر کچھ عرصے بعد وہ اسی بینک کی ایک نئی برانچ کے ساتھ لاہور چلا آیا۔اسے کراچی جانے کا موقع مل رہا تھا مگر اس نے لاہور کا انتخاب کیا۔ اسے یہاں ڈاکٹر سبط کے ساتھ وقت گزارنے کا موقع مل رہا تھا۔
پاکستان میں اس کی مصروفیات کی نوعیت تبدیل ہوگئی تھی مگر ان میں کمی نہیں آئی تھی۔ وہ یہاں بھی دن رات مصروف رہتا تھا۔ ایکexceptional ماہر معاشیات کے طور پر اس کی شہرت اس کے ساتھ ساتھ سفر کر رہی تھی۔ حکومتی حلقوں کے لئے اس کا نام نیا نہیں تھا مگر پاکستان آجانے کے بعد فنانس منسٹری مختلف مواقع پر اپنے زیر تربیت آفیسر کو دیئے جانے والے لیکچرز کے لئے اسے بلواتی رہتی۔ لیکچرز کا سلسلہ بھی اس کے لئے نیا نہیں تھا۔Yale میں زیر تعلیم رہنے کے بعد وہ وہاں مختلف کلاسز کو لیکچر دیتا رہا تھا یہ سلسلہ نیویارک منتقل ہوجانے کے بعد بھی جاری رہا ۔ جہاں وہ کولمبیا یونیورسٹی میں ہیومن ڈویلپمنٹ پر ہونے والے سیمینارز میں حصہ لیتا رہا بعد میں اس کی توجہ ایک بار پھر اکنانکس کی طرف مبذول ہوگئی۔
پاکستان میں بہت جلد وہ ان سیمینارز کے ساتھ انوالو ہوگیا تھا۔ جوIBAاور LUMS, FAST اور جیسے ادارے کروارہے تھے۔اکنامکس اور ہیومن ڈویلپمنٹ واحد موضوعات تھے جن پر خاموشی اختیار نہیں کیا کرتا تھا۔ وہ اس کے پسندیدہ موضوع گفتگو تھے اور سیمینارز میں اس کے لیکچرز کا فیڈ بیک ہمیشہ بہت زبردست رہا تھا۔
وہ مہینے کا ایک ویک اینڈ گاوں میں اپنے اسکول میں گزارا کرتا تھا اور وہاں رہنے کے دوران وہ زندگی کے ایک نئے رخ سے آشنائی حاصل کر رہا تھا۔
"ہم نے اپنی غربت اپنے دیہات میں چھپادی ہے۔ بالکل اسی طرح جیسے لوگ مٹی کو کارپٹ کے نیچے چھپا دیتے ہیں۔"
اس اسکول کی تعمیر کا آغاز کرتے ہوئے فرقان نے ایک بار اس سے کہا تھا اور وہاں گزارے جانے والے دن اسے اس جملے کی ہولناکی کا احساس دلاتے۔ ایسا نہیں تھا کہ وہ پاکستان میں غربت کی موجودگی سے نا آشنا تھا۔ وہ یونیسکو اور یونی سیف میں کام کے دوران دوسرے ایشیائی ممالک کے ساتھ پاکستان کے بارے میں بھی بہت ساری رپورٹس دیکھتا رہا مگر پاکستان میں غربت کی آخری حدوں کو بھی پار کرجانے والی لوگوں کو وہ پہلی بار ذاتی طور پر دیکھ رہا تھا۔
"پاکستان کے دس پندہ بڑے شہروں سے نکل جائیں تو احساس ہوتا ہے کہ چھوٹے شہروں میں رہنے والے لوگ تیسری دنیا میں نہیں دسویں بارھویں دنیا میں رہتے ہیں۔ وہاں تو لوگوں کے پاس نہ روزگار ہے ، نہ سہولتیں ۔ وہ اپنی آدھی زندگی خواہش میں گزارتے ہیں اور آدھی حسرت میں مبتلا ہو کر۔ کون سی اخلاقیات سکھا سکتے ہیں آپ اس شخص کو جس کا دن سوکھی روٹی سے شروع ہوتا ہے اور فاقے پر ختم ہوجاتا ہے۔ اور ہم۔۔۔۔۔ ہم لوگوں کی بھوک مٹانے کے بجائے مسجدوں پر مسجدیں تعمیر کرتے ہیں۔ عالی شان مسجدیں، پرشکوہ مسجدیں، ماربل سے آراستہ مسجدیں۔ بعض اوقات تو ایک ہی سڑک پر دس دس مسجدیں کھڑی ہوجاتی ہیں۔ نمازیوں سے خالی مسجدیں۔"
فرقان تلخی سے کہتا تھا۔
"اس ملک میں اتنی مسجدیں بن چکی ہیں کہ اگر پورا پاکستان ایک وقت کی نماز کے لئے مسجدوں میں اکٹھا ہوجائے تو بہت سی مسجدیں خالی رہ جائیں گی۔ میں مسجد یں بنانے پر یقین نہیں رکھتا۔جہاں لوگ بھوک سے خودکشیاں کرتے پھر رہے ہوں جہاں کچھ خاص طبقوں کی پوری نسل جہالت کے اندھیروں میں بھٹکتی پھر رہی ہو وہاں مسجد کے بجائے مدرسے کی ضرورت ہے۔ اسکول کی ضرورت ہے، تعلیم اور شعور ہوگا اور رزق کمانے کے مواقع تو اللہ سے محبت ہوگی ورنہ صرف شکوہ ہی ہوگا۔
وہ فرقان کی باتیں خاموشی سے سنتا رہا تھا۔ اس نے مستقل طور پر گاوں جانا شروع کیا تو اسے اندازہ ہوا تھا فرقان ٹھیک کہتا تھا۔ غربت لوگوں کو کفرتک لے گئی تھی۔ چھوٹی چھوٹی ضرورتیں ان کے اعصاب پر سوار تھیں اور جو ان معمولی ضرورتوں کو پورا کردیتا وہ جیسے اس کی غلامی کرنے پر تیار ہوجاتے۔ اس نے جس ویک اینڈ پر گاؤں جانا ہوتا اسکول میں لوگ اپنے چھوٹے موٹے کاموں کے لئے جمع ہوتے۔ بعص دفعہ لوگوں کی قطاریں ہوتیں۔
"بیٹے کو شہر کی کسی فیکٹری میں کام پر رکھوادیں۔ چاہے ہزار روپیہ ہی مل جائے مگر کچھ پیسہ تو آئے۔"
"دوہزار روپے مل جاتے تو میں اپنی بیٹی کی شادی کردیتا۔"
"بارش نے ساری فصل خراب کردی ۔ اگلی فصل لگانے کے لئے بیج خریدنے تک کے لئے پیسے نہیں ہیں۔ آپ تھوڑے پیسے قرض کے طور پر دے دیں۔ میں فصل کاٹنے کے بعد دے دوں گا۔"
"بیٹے کو پولیس نے پکڑ لیا ہے، قصور بھی نہیں بتاتے بس کہتے ہیں ہماری مرضی جب تک چاہیں اندر رکھیں تم آئی جی کے پاس جاؤ۔"
پٹواری میری زمین پر جھگڑا کر رہا ہے۔ کسی اور کو الاٹ کر رہا ہے۔ کہتا ہے میرے کاغذ جعلی ہیں۔"
"بیٹا کام کے لئے پاس کے گاؤں جاتا ہے۔ روز آٹھ میل چل کر آنا پڑتا ہے۔ آپ ایک سائیکل لے دیں مہربانی ہوگی۔"
"گھر میں پانی کا ہینڈ پمپ لگوانا ہے،آپ مدد کریں۔"
وہ تعجب سے ان درخواستوں کو سنتا تھا۔ کیا لوگوں کے یہ معمولی کام بھی ان کے لئے پہاڑ بن چکے ہیں ۔ ایسا پہاڑ جسے عبور کرنے کے لئے وہ زندگی کے کئی سال ضائع کر دیتے ہیں۔ وہ سوچتا۔
مہینے کے ایک ویک اینڈ پر جب وہ وہاں آتا تو اپنے ساتھ دس پندرہ ہزار روپے زیادہ لے کر آتا وہ روپے چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں بہت سے لوگوں کو بضاہر بڑی لیکن حقیقتاً بہت چھوٹی ضرورتیں پوری کر دیتے تھے۔ ان کی زندگی میں کچھ آسانیاں لے آتے اس کے لکھے ہوئے چند سفارشی رقعے اور فون کالز ان لوگوں کے کندھوں کے بوجھ اور پیروں میں نہ نظر پڑنے والی بیڑیوں کو کیسے اتاردیتے ۔ اس کا احساس شاید سالار کو خود بھی نہیں تھا۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
لاہور میں اپنے قیام کے دوران وہ باقاعدگی سے ڈاکٹر سبط صاحب کے پاس جاتا تھا۔ ان کے ہاں ہر رات عشاء کی نماز کے بعد کچھ لوگ جمع ہوتے تھے۔ ڈاکٹر صاحب کسی نہ کسی موضوع پر بات کیا کرتے تھے۔ بعض دفعہ اس موضوع کا انتخاب وہ خود کرتے بعض دفعہ ان کے پاس آنے والے لوگوں میں سے کوئی ان سے سوال کرتا اور پھر یہ سوال اس رات کا موضوع بن جاتا۔ عام اسکالرز کے برعکس ڈاکٹر سبط علی صرف خود نہیں بولتے تھے نہ ہی انہوں نے اپنے پاس آنے والے لوگوں کو صرف سامع بنادیا تھا بلکہ وہ اکثر اپنی بات کے دوران ہی چھوٹے موٹے سوالات بھی کرتے رہتے اور پھر ان سوالات کا جواب دینے کے لئے نہ صرف لوگوں کی حوصلہ افزائی کرتے بلکہ ان کی رائے کو بہت زیادہ اہمیت دیتے ان کے اعتراضات کو بڑے تحمل اور بردباری سے سنتے۔ ان کے پاس آنے والوں میں صرف سالار سکندر تھا جس نے کبھی سوال کیا تھا نہ کبھی ان کے سوال کا جواب دینے کی کوشش کی تھی۔ وہ کبھی کسی بات پر اعتراض کرنے والوں میں شامل نہ ہوا نہ کسی بات پر رائے دینے والوں میں۔
وہ فرقان کے ساتھ آتا۔ فرقان نہ آتا تو اکیلا چلا آتا، کمرے کے آخری حصے میں اپنی مخصوص جگہ پر بیٹھ جاتا، خاموشی سے ڈاکٹر صاحب اور وہاں موجود لوگوں کوسنتا۔ بعض دفعہ اپنے دائیں بائیں آبیٹھنے والے لوگوں کے استفسار پر اپنا ایک جملہ پیش کرتا۔
"میں سالار سکندر ہوں، ایک بینک میں کام کرتا ہوں۔"
وہ جب تک امریکہ میں رہا تب ہر ہفتے ایک بار وہاں سے ڈاکٹر سبط علی کو فون کرتا رہا مگر فون پر ڈاکٹر صاحب کے ساتھ ہونے والی گفتگو بہت مختصر اور ایک ہی نوعیت کی ہوتی تھی۔ وہ کال کرتا ڈاکٹر صاحب ریسیو کرتے اور ایک ہی سوال کرتے۔
وہ پہلی بار اس سوال پر تب چونکا تھا جب وہ پاکستان سے چند دن پہلے امریکہ آیا تھا اور ڈاکٹر صاحب اس کی واپسی کا پوچھ رہے تھے۔ اسے تعجب ہوا تھا۔
"ابھی تو نہیں۔۔۔۔۔" اس نے کچھ نہ سمجھتے ہوئے کہا تھا۔ بعد میں وہ سوال اسے کبھی عجیب نہیں لگا کیونکہ وہ لاشعوری طور پر جان گیا تھا کہ وہ کیا پوچھ رہے تھے۔
آخری بار انہوں نے وہ سوال اس سے تب کیا تھا جب وہ امامہ کی تلاش میں ریڈ لائٹ ایریا میں پہنچا تھا۔ پیرس واپس پہنچنے کے ایک ہفتے کے بعد اس نے ہمیشہ کی طرح انہیں کا ل کیا تھا۔ ہمیشہ جیسی گفتگو کے بعد گفتگو اسی سوال پر آپہنچی تھی۔
"واپس پاکستان کب آرہے ہیں؟"
بے اختیار سالار کا دل بھر آیا۔ اسے خود کو کمپوز کرنے میں کچھ دیر لگی
"اگلے ماہ آجاوں گا ۔ میں ریزائن کر رہا ہوں۔ واپس آکر پاکستان میں ہی کام کروں گا۔"
"پھر ٹھیک ہے، آپ سے اگلے ماہ ملاقات ہوگی۔" ڈاکٹر صاحب نے تب کہا تھا۔
“دعا کیجئے گا۔" سالا ر آخر میں کہتا۔
"کروں گا کچھ اور۔۔۔۔۔؟"
"اور کچھ نہیں۔ اللہ حافظ۔۔۔۔۔" وہ کہتا۔
"اللہ حافظ۔" وہ جواب دیتے۔ گفتگو کا یہ سلسلہ پاکستان آنے تک جاری رہا جب وہ ان کے پاس باقاعدگی سے جانے لگا تو یہ سلسلہ ختم ہوگیا۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
لاہور آنے کے بعد وہ باقاعدگی سے ان کے پاس جانے لگا تھا۔ اسے ان کے پاس سکون ملتا تھا۔ صرف ان کے پاس گزارا ہوا وقت ایسا ہوتا تھا جب وہ کچھ دیر کے لئے مکمل طور پر اپنے ڈپریشن سے آزادی حاصل کر لیتا تھا۔ بعض دفعہ ان کے پاس خاموش بیٹھے بیٹھے بے اختیار اس کا دل چاہتا وہ ان کے سامنے وہ سب کچھ اگل دے جسے وہ اتنے سالوں سے اپنے اندر زہر کی طرح بھرے پھر رہا تھا۔ پچھتاوا، احساس جرم ۔۔۔۔۔ بے چینی، بے بسی ، شرمندگی ، ندامت ، ہر چیز۔ پھر اسے خوف پیدا ہوتا ڈاکٹر سبط علی اس کو پتا نہیں کن نظروں سے دیکھیں گے۔ اس کی ہمت دم توڑ جاتی۔
ڈاکٹر سبط علی ابہام کو دور کرنے میں کمال رکھتے تھے۔ وہ ان کے پاس خاموش بیٹھا رہتا۔ صرف سنتا، صرف سمجھتا، صرف نتیجے اخذ کرتا۔ کوئی دھند تھی جو چھٹ رہی تھی۔ کوئی چیز تھی جو نظر آنے لگی تھی۔جن سوالوں کو وہ کئی سالوں سے سر پر بوجھ کی صورت میں لئے پھر رہا تھا ان کے پاس ان کے جواب تھے۔
"اسلام کو سمجھ کر سیکھیں تو آپ کو پتا چلے گا کہ اس میں کتنی وسعت ہے۔ یہ تنگ نظری اور تنگ دلی کا دین نہیں ہے نہ ہی ان دونوں چیزوں کی اس میں گنجائش ہے۔ یہ میں سے شروع ہوکر ہم پر جاتا ہے۔ فرد سے معاشرے تک۔ اسلام آپ سے یہ نہیں کہتا کہ آپ چوبیس گھنٹے سر پر ٹوپی، ہاتھ میں تسبیح ہر جگہ مصلیٰ بچھائے بیٹھے رہیں۔ ہر بات میں اس کے حوالے دیتے رہیں۔ نہیں، یہ تو آپ کی زندگی سے ۔۔۔۔۔ آپ کی اپنی زندگی سے حوالہ چاہتا ہے۔ یہ تو آپ سے راست بازی اور پارسائی کا مطالبہ کرتا ہے۔ دیانت داری اور لگن چاہتا ہے۔ اخلاص اور استقامت مانگتا ہے۔ ایک اچھا مسلمان مانگتا ہے۔ ایک اچھا مسلمان اپنی باتوں سے نہیں اپنے کردار سے دوسروں کو متاثر کرتا ہے۔"
سالار ان کی باتوں کو ایک چھوٹے سے ریکارڈ ر میں ریکارڈ کرلیتا پھر گھر آکر بھی سنتا رہتا۔ اسے ایک رہبر کی تلاش تھی، ڈاکٹر سبط علی کی صورت میں اسے وہ رہبر مل گیا تھا۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
"سالار آؤ، اب آ بھی جاؤ۔کتنی منتیں کرواؤ گے؟" انیتا نے اس کا بازو کھینچتے ہوئے ناراضی سے کہا۔
وہ عمار کی شادی میں شرکت کے لئے اسلام آباد آیا ہوا تھا۔ تین دن کی چھٹی لے کر حالانکہ اس کے گھر والوں کا اصرار تھا کہ وہ ایک ہفتے کے لئے آئے۔ شادی کی تقریبات کئی دن پہلے شروع ہوچکی تھیں۔ وہ ان تقریبات کی "اہمیت" اور " نوعیت" سے واقف تھا۔ اس لئے گھر والوں کے اصرار کے باوجود تین دن کی رخصت لے کر آیا اور اب وہ عمار کی مہندی کے فنکشن میں شرکت کرہا تھا جو عمار اور اس کے سسرال والے مل کر کر رہے تھے۔ عمار اور اسری ٰ دونوں کے عزیز و اقارب اور دوست مختلف فلمی اور پاپ گانوں پر رقص کرنے میں مصروف تھے۔ ایک طوفان بدتمیزی تھا جو وہاں برپا تھا۔ سلیولیس شرٹس، کھلے گلے ، جسم کے ساتھ چپکے ہوئے کپڑے، باریک ملبوات، سلک اور شیفون کی ساڑھیاں ، نیٹ کے بلاؤز اس کی فیملی کی عورتیں بھی دوسری عورتوں کی طرح اسی طرح کے ملبوسات پہنے ہوئے تھیں۔
مکسڈ گیدرنگ تھی اور وہ تقریب شروع ہونے پر اس ہنگامے سے کافی دور کچھ ایسے لوگوں کے پاس بیٹھا ہوا تھا جو کارپوریٹ یا بینکنگ سکیٹر سے تعلق رکھتے تھے اور سکندر یا اس کے اپنے بھائیوں کے شناسا تھے۔
مگر پھر مہندی کی رسومات کا آغاز ہونے لگا اور انیتا اسے اسٹیج کی طرف لے گئی۔ اسریٰ اور عمار بے تکلفی سے اسٹیج پر بیٹھے باتیں کر رہے تھے۔ وہ پہلی بار اسریٰ سے مل رہا تھا۔ عمار نے اس کا اور اسری ٰ کا تعارف کروایا۔ مہندی کی رسومات کے بعد اس نے وہاں سے جانے کی کوشش کی مگر کامران اور طیبہ نے اسے زبردستی روک دیا۔
بھائی کی مہندی ہورہی ہے اور تم اس طرح وہاں کونے میں بیٹھے ہو۔" طیبہ نے اسے ڈانٹا تھا۔ تمہیں یہاں ہونا چاہیئے۔"
وہ ان کے کہنے پر وہیں کامران اور اس کی بیوی کے ساتھ کھڑا ہوگیا ۔ اس کے ایک کزن نے ایک بار پھر دوپٹہ اس کے گلے میں ڈالنے کی کوشش کی جو وہ سب ڈالے ہوئے تھے۔ اس نے ایک بار پھر قدرے ناگواری سے اس کا ہاتھ جھٹکتے ہوئے اسے تنبیہ کی۔
اگلے چند منٹوں کے بعد وہاں رقص شروع ہوچکا تھا۔ عمار سمیت سارے بہن بھائی اور کزنز رقص کر رہے تھے اور انتیا نے اسے بھی کھینچنا شروع کردیا تھا۔
"نہیں انیتا! میں نہیں کرسکتا۔ مجھے نہیں آتا۔"
اس نے اپنا ہاتھ چھڑانے کی کوشش کرتے ہوئے معذرت کی مگر اس کی معذرت قبول کرنے کے بجائے وہ اور عمار اسے کھینچ کر رقص کرنے والوں کے ہجوم میں لے آئے تھے۔ کامران اور معیز کی شادی میں وہ بھی ایسے ہی رقص کرتا رہا تھا، مگر عمار کی مہندی پر وہ پچھلے سات سالوں میں اتنا لمبا ذہنی سفر طے کرچکا تھا کہ وہاں اس ہجوم کے درمیان خالی بازو کھڑے کرنا بھی اس کے لئے دشوار تھا۔ قدرے بے بس مسکراہٹ کے ساتھ وہ اسی طرح ہجوم کے درمیان کھڑا رہا پھر اس نے انیتا کے کان میں کہا۔
"انیتا۔۔۔۔۔ میں ڈانس بھول چکا ہوں۔Please let me go۔ (برائے مہربانی مجھے جانے دو) ۔"
"تم کرنا شروع کرو۔۔۔۔۔آجائے گا۔" انیتا نے جواباً اس کے کندھے پر ہاتھ رکھتے ہوئے کہا۔ اب اسریٰ بھی اس ہجوم میں شامل ہوچکی تھی۔
"میں نہیں کرسکتا ۔ تم لوگ کرو۔ میں انجوائے کر رہا ہوں۔ مجھے جانے دو۔"
اس نے مسکراتے ہوئے نکلنے کی کوشش کی ۔ اسریٰ کی آمد نے اسے اس کوشش میں کامیاب کردیا۔
"عروج ہرقوم ، ہر نسل کا خواب ہوتا ہے اور پھر وہ قومیں جن پر الہامی کتابیں ناز ل ہوئی ہوں وہ تو عروج کو اپنا حق سمجھتی ہیں ، مگر کبھی بھی کسی قوم پر عروج صرف اس بنا پر نہیں آیا کہ اسے کتاب اور نبی دے دیا گیا جب تک اس قوم نے اپنے اعمال اور افعال سے عروج کے لئے اپنی اہلیت ثابت نہیں کردی وہ کسی مرتبہ کسی مقام کسی فضیلت کے قابل نہیں ٹھہریں۔ مسلمان قوم یا امت کے ساتھ بھی ایسا ہوتا رہا ہے اور ہورہا ہے ۔ ان کا مسئلہ یہ ہے کہ ان کے اعلی طبقات تعیش اور نفس پرستی کا شکا ر ہیں۔ یہ دونوں چیزیں وبا کی طرح ہوتی ہیں۔ ایک دوسرے سے دوسرے سے تیسرے اور پھر یہ سلسلہ کہیں رکتا نہیں۔" اسے وہاں کھڑے ان ناچتی عورتوں اور مردوں کے ہجوم کو دیکھتے ہوئے بے اختیار ڈاکٹر سبط کی باتیں یاد آنے لگیں۔
"مومن عیاش نہیں ہوتا نہ تب جب وہ رعایا ہوتا ہے نہ تب جب وہ حکمران ہوتا ہے۔ اس کی زندگی کسی جانور کی زندگی جیسی نہیں ہوتی۔ کھانا پینا، اپنی نسل کو آگے بڑھانا اور فنا ہوجانا۔ یہ کسی جانور کی زندگی کا انداز تو ہوسکا ہے مگر کسی مسلمان کی نہیں۔ "سالار بے اختیار مسکرا دیا۔ وہ آج پھر "جانوروں " اور"حشرات الارض"کا ایک گروہ دیکھ رہا تھا۔ اسے خوشی ہوئی ، وہ بہت عرصہ پہلے ان میں سے نکل چکا تھا۔ وہاں ہر ایک خوش باش ، پرسکون اور مطمئن نظر آرہا تھا۔ بلند قہقہے اور چمکدار چہرے اور آنکھیں۔ اس کے سامنے طیبہ عمار کے سسر کے ساتھ رقص کر رہی تھیں ۔ انیتا اپنے سب سے بڑے بھائی کامران کے ساتھ۔
سالار نے اپنے ہاتھ کی ا نگلیوں سے دائیں کنپٹی کو مسلا۔ شاید یہ تیز میوزک تھا یا پھر اس وقت اس کا ذہنی اضطراب اسے اپنی کنپٹی میں ہلکی سی درد کی لہر گزرتی محسوس ہوئی۔ اپنے گلاسز اُتار کر اس نے بائیں ہاتھ سے اپنی دونوں آنکھیں مسلیں۔ دوبارہ گلاسز آنکھوں پر لگاتے ہوئے اس نے مڑ کر راستہ تلاش کرنے کی کوشش کی، کچھ جدوجہد کے بعد وہ اپنی جگہ چھوڑتے ہوئے اس دائرے سے نکلنے میں کامیاب ہوگیا۔ اسے بخوشی راستہ دے دیا گیا۔
"کدھر جارہے ہو؟" بے ہنگم شور میں طیبہ نے بلند آواز میں جانے سے پہلے اس کا بازو پکڑ کر پوچھا تھا۔ وہ ابھی رقص کرتے کرتے تھک کر اس کے پاس کھڑی ہوئی تھیں ان کا سانس پھولا ہوا تھا۔
"ممی! میں ابھی آتا ہوں۔ نماز پڑھ کر۔"
"آج رہنے دو۔۔۔۔۔"
سالار مسکرایا مگر اس نے جواب میں کچھ نہیں کہا بلکہ نفی میں سر ہلاتے ہوئے نرمی سے ان کا ہاتھ اپنے بازو سے ہٹا دیا۔
وہ اب باہر نکلنے کی تگ ودو کر رہا تھا۔
"یہ کبھی نارمل نہیں ہوسکتا۔ زندگی کو انجوائے کرنا بھی آرٹ ہے اور یہ آرٹ اس بے وقوف کو کبھی نہیں آئے گا۔" انہوں نے اپنے تیسرے بیٹے کی پشت کو دیکھتے قدرے افسوس سے سوچا۔
سالار نے اس ہجوم سے نکل کر بے اختیار سکون کی سانس لی تھی۔
وہ جس وقت نماز پڑھنے کے لئے اپنے گھر کے گیٹ سے باہر نکل رہا تھا۔ سنگر اس وقت گانے میں مصروف تھا۔ اس وقت مسجد کی طرف جانے والا وہ اکیلا تھا۔ شاید گاڑیوں کی لمبی قطاروں کے درمیان سے سڑک پر چلتے ہوئے وہ مسلسل ڈاکٹر سبط علی کے بارے میں سوچ رہا تھا۔ وہ "سینکڑوں "کے اس مجمع کے بارے میں بھی سوچ رہا تھا جو اس کے گھر ناچ گانے میں مصروف تھے۔ مسجد میں کل" چودہ" لوگوں نے باجماعت نماز ادا کی تھی۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

پاکستان آنے کے بعد اسلام آباد اپنی پوسٹنگ کے دوران وہ سکندر عثمان کے گھر پر ہی رہتا رہا۔لاہور آنے کے بعد بھی کسی پوش علاقے میں کوئی بڑا گھر رہائش کے لئے منتخب کرنے کی بجائے اس نے فرقان کی بلڈنگ میں ایک فلیٹ کرائے پر لینے کو ترجیح دی۔
فرقان کے پاس فلیٹ لینے کی ایک وجہ اگر یہ تھی کہ وہ لاہور میں اپنی عدم موجودگی کے دوران فلیٹ کے بارے میں کسی عدم تحفظ کا شکار نہیں ہوتا تھا تو دوسری وجہ یہ بھی تھی کہ فلیٹ کی بجائے کوئی گھر لینے پر اسے دو چار ملازم مستقل رکھنے پڑتے جب کہ اس کا بہت کم وقت فلیٹ پر گزرتا تھا۔ فرقان کے ساتھ آہستہ آہستہ لاہور میں اس کا سوشل سرکل بہت وسیع ہونے لگا تھا۔فرقان بہت سوشل آدمی تھا اور اس کا حلقہء احباب بھی خاصا لمبا چوڑا تھا۔وہ سالار کے موڈ اور ٹمپرامنٹ کو سمجھنے کے باوجود اسے وقتاً فوقتاً اپنے ساتھ مختلف جگہوں پر کھینچتا رہتا۔
وہ اس رات فرقان کے ساتھ اس کے کسی ڈاکٹر دوست کی ایک پارٹی اور محفل غزل میں شرکت کے لیے گیا تھا۔وہ ایک فارم پر ہونے والی پارٹی تھی۔اس نے سالار کو مدعو کر لیا اور محفل غزل کا سن کر وہ انکار نہیں کر سکا۔
فارم پر شہر کی ایلیٹ کلاس کا اجتماع تھا۔وہ ان میں سے اکثریت کو جانتا تھا۔وہ اپنے شناسا کچھ لوگوں کے ساتھ باتیں کرنے لگا۔ڈنر چل رہا تھا اور ان ہی باتوں کے دوران اس نے فرقان کی تلاش میں نظر دوڑائی تھی وہ کہیں نظر نہیں آ رہا تھا۔سالار ایک بار پھر کھانے میں مصروف ہو گیا۔کھانے کے بعد اسے چند لوگوں کے ساتھ فرقان کھڑا نظر آ گیا۔وہ بھی اس طرف بڑھ آیا۔
"آؤ سالار! میں تمہارا تعارف کرواتا ہوں۔"فرقان نے اس کے قریب آنے پر چند جملوں کے تبادلے کے بعد کہا۔"یہ ڈاکٹر رضا ہیں۔گنگا رام ہاسپٹل میں کام کرتے ہیں۔چائلڈ اسپیشلسٹ ہیں۔"سالار نے ہاتھ ملایا۔
"یہ ڈاکٹر جلال انصر ہیں۔"سالار کو اس شخص سے تعارف کی ضرورت نہیں تھی۔فرقان اب کیا کہہ رہا تھا وہ سن نہیں پایا۔اس نے جلال انصر کی طرف ہاتھ بڑھا دیا۔دونوں کے درمیان بہت رسمی سا مصافحہ ہوا۔جلال انصر نے بھی یقیناً اسے پہچان لیا تھا۔
سالار وہاں ایک اچھی شام گزارنے آیا تھا مگر اس وقت اسے محسوس ہوا کہ وہ ایک اور بری رات گزارنے آیا تھا۔یادوں کا ایک سیلاب تھا جو ایک بار پھر ہر بند توڑ کر اس پر چڑھائی کر رہا تھا۔وہ سب اس طرف جا رہے تھے جہاں بیٹھنے کا انتظام کیا گیا تھا۔اس کے ساتھ اب فرقان تھا۔جلال انصر اب اس سے کچھ آگے دوسرے ڈاکٹرز کے ساتھ تھا۔سالار نے ستے ہوئے چہرے کے ساتھ اس کی پشت کو دیکھا۔
دشتِ تمہائی میں اے جانِ جہاں
لرزاں ہیں
تیری آواز کے سائے
تیرے ہونٹوں کے سراب
اقبال بانو گانا شروع کر چکی تھیں۔
دشتِ تنہائی میں
دوری کے
خس و خاشاک تلے
کھل رہے ہیں
تیرے پہلو کے سمن اور گلاب
اس کے ارد گرد بیٹھے لوگ اپنا سر دھن رہے تھے۔سالار چند ٹیبلز کے فاصلے پر بیٹھے ہوئے اس شخص کو دیکھ رہا تھا جو اپنے ساتھ بیٹھے ہوئے لوگوں کے ساتھ خوش گپیوں میں مصروف تھا۔اسے زندگی میں کبھی کسی شخص کو دیکھ کر رشک نہیں آیا تھا ، اس دن پہلی بار آ رہا تھا۔
آدھا گھنٹہ گزر جانے کے بعد اس نے فرقان سے کہا۔
"چلیں؟"فرقان نے چونک کر اسے دیکھا۔
"کہاں۔۔۔۔۔؟"
"گھر۔۔۔۔۔۔"
"ابھی تو پروگرام شروع ہوا ہے۔تمہیں بتایا تو تھا ، رات دیر تک یہ محفل چلے گی۔"
"ہاں ، مگر میں جانا چاہتا ہوں۔کسی کے ساتھ بھجوا دو۔تم بعد میں آ جانا۔"
فرقان نے اس کے چہرے کو غور سے دیکھا۔
"تم کیوں جانا چاہتے ہو؟"
"مجھے ایک ضروری کام یاد آ گیا ہے۔"اس نے مسکرانے کی کوشش کی۔
"اقبال بانو کو سنتے ہوئے بھی کوئی دوسرا کام یاد آ گیا ہے؟"فرقان نے قدرے ملامتی انداز میں کہا۔
"تم بیٹھو میں چلا جاتا ہوں۔"سالار نے جواب میں کچھ کہنے کی بجائے کھڑے ہوتے ہوئے کہا۔
"عجیب باتیں کرتے ہو۔یہاں سے کیسے جاؤ گے۔فارم اتنا دور ہے۔چلو اگر اتنی ہی جلدی ہے تو چلتے ہیں۔"فرقان بھی اٹھ کر کھڑا ہو گیا۔
میزبان سے اجازت لیتے ہوئے وہ دونوں فرقان کی گاڑی میں آ بیٹھے۔
"اب بتاؤ۔یوں اچانک کیا ہوا ہے؟"گاڑی کو فارم سے باہر لاتے ہوئے فرقان نے کہا۔
"میرا وہاں ٹھہرنے کو دل نہیں چاہ رہا تھا۔"
"کیوں۔۔۔۔۔؟"سالار نے جواب نہیں دیا۔وہ باہر سڑک کو دیکھتا رہا۔
"وہاں سے اُٹھ آنے کی وجہ جلال ہے؟"
سالار نے بےاختیار گردن موڑ کر فرقان کو دیکھا۔فرقان نے ایک گہرا سانس لیا۔
"یعنی میرا اندازہ ٹھیک ہے۔تم جلال انصر کی وجہ سے ہی فنکشن سے بھاگ آئے ہو۔"
"تمہیں کیسے پتا چلا؟"سالار نے ہتھیار ڈالنے والے انداز میں کہا۔
"تم دونوں بڑے عجیب انداز میں آپس میں ملے تھے۔جلال انصر نے خلافِ معمول تمہیں کوئی اہمیت نہیں دی جب کہ تمہارے جیسی شہرت والے بینکر کے سامنے تو اُس جیسے آدمی کو کھل اٹھنا چاہئیے تھا۔وہ تعلقات بنانے کا کوئی موقع ضائع نہیں کرتا ، خود تم بھی مسلسل اُسے دیکھ رہے تھے۔"فرقان بہت آرام سے کہہ رہا تھا۔
"تم جلال انصر کو جانتے ہو؟"
سالار نے گردن سیدھی کر لی۔وہ ایک بار پھر سڑک کو دیکھ رہا تھا۔
"امامہ اسی شخص سے شادی کرنا چاہتی تھی۔"بہت دیر بعد اس نے مدھم آواز میں کہا۔فرقان کچھ بول نہیں سکا۔اسے توقع نہیں تھی جلال اور سالار کے درمیان اس طرح کی شناسائی ہو گی ، ورنہ وہ شاید یہ سوال کبھی نہ کرتا۔
گاڑی میں بہت دیر خاموشی رہی پھر فرقان نے ہی اس خاموشی کو توڑا۔
"مجھے یہ جان کر مایوسی ہوئی ہے کہ وہ جلال جیسے آدمی کے ساتھ شادی کرنا چاہتی تھی۔یہ تو بڑا خرانٹ آدمی ہے۔ہم لوگ اس کو "قصائی" کہتے ہیں۔اس کی واحد دلچسپی پیسہ ہے۔مریض کیسے لا کر دے گا ، کہاں سے لا کر دے گا ، اسے دلچسپی نہیں ہوتی۔تم دیکھنا آٹھ سال میں یہ اسی رفتار کے ساتھ پیسہ کماتے ہوئے لاہور کا سب سے امیر ڈاکٹر ہو گا۔"
فرقان اب جلال انصر کے بارے میں تبصرہ کر رہا تھا۔سالار خاموشی سے سن رہا تھا۔جب فرقان نے اپنی بات ختم کر لی تو اس نے کہا۔
"اس کو قسمت کہتے ہیں۔"
"تمہیں اس پر رشک آ رہا ہے؟"فرقان نے قدرے حیرانی سے کہا۔
"حسد تو میں کر نہیں سکتا۔"سالار عجیب سے انداز میں مسکرایا۔"یہ جو کچھ تم مجھے اس کے بارے میں بتا رہے ہو۔یہ سب کچھ مجھے بہت سال پہلے پتا تھا۔تب ہی جب میں امامہ کے سلسلے میں اس سے ملا تھا۔یہ کیسا ڈاکٹر بننے والا تھا ، مجھے اندازہ تھا مگر آج اس فنکشن میں اسے دیکھ کر مجھے اس پر بےتحاشا رشک آیا۔کچھ بھی نہیں ہےاس کے پاس۔معمولی شکل و صورت ہے۔خاندان بھی خاص نہیں ہے۔اس جیسے ہزاروں ڈاکٹرز ہوتے ہیں۔لالچی ، مادہ پرست بھی ہے مگر قسمت دیکھو کہ امامہ ہاشم جیسی لڑکی اس کے عشق میں مبتلا ہوئی۔اس کے پیچھے خوار ہوتی پھری۔میں اور تم اسے قصائی کہہ لیں ، کچھ بھی کہہ لیں ، صرف ہماری باتوں سے اس کی قسمت تو نہیں بدل جائے گی نہ اس کی نہ میری۔"
اس نے بات ادھوری چھوڑ دی۔فرقان نے اس کے چہرے کو دھواں دھواں ہوتے دیکھا۔
"کوئی نہ کوئی خوبی تو ہو گی اس میں کہ۔۔۔۔۔کہ امامہ ہاشم کو اور کسی نہیں صرف اسی سے محبت ہوئی۔"وہ اب اپنی دونوں آنکھوں کو مسل رہا تھا۔
"مجھے اگر پتا ہوتا کہ یہاں تم جلال انصر سے ملو گے تو میں تمہیں کبھی اپنے ساتھ یہاں نہ لاتا۔"فرقان نے گاڑی ڈرائیو کرتے ہوئے کہا۔
"مجھے بھی اگر یہ پتا ہوتا کہ میں یہاں اس کا سامنا کروں گا تو میں بھی کسی قیمت پر یہاں نہ آتا۔"سالار نے ونڈ اسکرین سے نظر آنے والی تاریک سڑک کو دیکھتے ہوئے افسردگی سے سوچا۔
کچھ اور سفر بےحد خاموشی سے طے ہوا پھر فرقان نے ایک بار پھر اسے مخاطب کیا۔
"تم نے اسے کبھی ڈھونڈنے کی کوشش نہیں کی؟"
"امامہ کو۔۔۔۔۔؟یہ ممکن نہیں ہے۔"
"کیوں؟"
"میں اسے کیسے ڈھونڈ سکتا ہوں۔کئی سال پہلے ایک بار میں نے کوشش کی تھی کوئی فائدہ نہیں ہوا اور اب۔۔۔۔۔۔اب تو یہ اور بھی مشکل ہے۔"
"تم نیوز پیپرز کی مدد لے سکتے ہو۔"
"اشتہار دوں اس کے بارے میں؟"سالار نے قدرے خفگی سے کہا۔"وہ تو پتا نہیں ملے یا نہ ملے لیکن اس کے گھر والے مجھ تک ضرور پہنچ جائیں گے۔شک تو ان کو مجھ پر پہلے بھی تھا اور فرض کرو میں ایسا کچھ کر بھی لوں تو نیوز پیپر میں کیا اشتہار دوں۔کیا کہوں؟"اس نے سر جھٹکتے ہوئے کہا۔
"پھر اسے بھول جاؤ۔"فرقان نے بڑی سہولت سے کہا۔
"کوئی سانس لینا بھول سکتا ہے؟"سالار نے ترکی بہ ترکی کہا۔
"سالار! اب بہت سال گزر گئے ہیں۔تم آخر کتنی دیر اس طرح اس لاحاصل عشق میں مبتلا رہو گے۔تمہیں اپنی زندگی کو دوبارہ پلان کرنا چاہئیے۔تم اپنی ساری زندگی امامہ ہاشم کے لئے تو ضائع نہیں کر سکتے۔"
"میں کچھ بھی ضائع نہیں کر رہا ہوں۔نہ زندگی کو ، نہ وقت کو ، نہ اپنے آپ کو۔میں اگر امامہ ہاشم کو یاد رکھے ہوئے ہوں تو صرف اس لئے کیونکہ میں اسے بھلا نہیں سکتا۔یہ میرے بس میں نہیں ہے۔مجھے اس کے بارے میں سوچنے سے بہت تکلیف ہوتی ہے لیکن میں اس تکلیف کا عادی ہو چکا ہوں۔وہ میری پوری زندگی کو dominate کرتی ہے۔وہ میری زندگی میں نہ آتی تو میں آج یہاں پاکستان میں تمہارے ساتھ نہ بیٹھا ہوتا۔سالار سکندر کہیں اور ہوتا یا شاید ہوتا ہی نہ۔مجھ پر اس کا قرض بہت ہے۔جس آدمی کے مقروض ہوں اس کو چٹکی سے پکڑ کر اپنی زندگی سے کوئی باہر نہیں کر سکتا۔میں بھی نہیں کر سکتا۔"
سالار نے دو ٹوک انداز میں کہا۔
"فرض کرو دوبارہ نہ ملے پھر۔۔۔۔۔۔؟"فرقان نے اس کی بات کے جواب میں کہا۔یکلخت گاڑی میں خاموشی چھا گئی۔بہت دیر بعد سالار نے کہا۔
"میرے پاس اس سوال کا کوئی جواب نہیں ہے۔کسی اور موضوع پر بات کرتے ہیں۔"اس نے بڑی سہولت سے بات بدل تھی۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
چند سالوں میں فرقان کی طرح اس نے بھی گاؤں میں بہت کام کیا تھا اور فرقان کی نسبت زیادہ تیز رفتاری سے کیونکہ فرقان سے برعکس وہ بہت زیادہ اثر و رسوخ رکھتا تھا۔اس نے چند سالوں میں اس گاؤں کی حالت بدل کر رکھ دی تھی۔صاف پانی ، بجلی اور بڑی سڑک تک جاتی پختہ سڑک ، اس کے پہلے دو سالوں کی کارکردگی تھی۔تیسرے سال وہاں ڈاک خانہ ، محکمہ وزارت کا دفتر اور فون کی سہولت آئی تھی اور چوتھے سال اس کے اپنے ہائی اسکول میں سہ پہر کی کلاسز میں ایک این جی او کی مدد سے لڑکیوں کے لئے دستکاری سکھانے کا آغاز کیا گیا۔گاؤں کی ڈسپنسری میں ایمبولینس آ گئی۔وہاں کچھ اور مشینری نصب کی گئی۔فرقان کی طرح یہ ڈسپنسری بھی اس نے اپنے وسائل سے اسکول کے ساتھ ہی شروع کی تھی اور اسے مزید بہتر بنانے میں فرقان نے اس کی مدد کی تھی۔
فرقان کے برعکس اس کی ڈسپنسری میں ڈاکٹر کی عدم دستیابی کا کوئی مسئلہ نہیں تھا۔اس کی ڈسپنسری کا باقاعدہ آغاز ہونے سے بھی پہلے ایک ڈاکٹر اس کی کوششوں کی وجہ سے وہاں موجود تھا۔
اسکول پر ہونے والے تمام اخراجات تقریباً اسی کے تھے لیکن ڈسپنسری کو قائم کرنے اور اسے چلانے کے لیے ہونے والے اخراجات اس کے کچھ دوست برداشت کر رہے تھے۔یونیسیف میں کام کے دوران بنائے ہوئے کانٹیکٹ اور دوستیاں اب اس کے کام آ رہی تھیں اور وہ انہیں استعمال کر رہا تھا۔وہ یونیسیف اور یونیسکو میں اپنے بہت سے دوستوں کو پاکستان آنے پر وہاں لا چکا تھا۔وہ اب وہاں ووکیشنل ٹریننگ کی پلاننگ کرنے میں مصروف تھا ، مگر چوتھے سال میں صرف یہی کچھ نہیں ہوا تھا کچھ اور بھی ہوا تھا۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
سکندر عثمان اس دن سہ پہر کے قریب اسلام آباد آتے ہوئے گاڑی کا ٹائر پنکچر ہونے پر سڑک پر رُک گئے تھے۔ڈرائیور ٹائر بدلنے لگا اور وہ سڑک کے اطراف نظریں دوڑانے لگے۔تب ان کی نظر ایک سائن بورڈ پر پڑی۔وہاں لکھے ہوئے گاؤں کے نام نے ان کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی۔سالار سکندر کے حوالے سے وہ نام ان کے لئے نا آشنا نہیں تھا۔
ڈرائیور جب ٹائر بدل کر واپس ڈرائیونگ سیٹ پر آ کر بیٹھا تو سکندر عثمان نے اس سے کہا۔
"اس گاؤں میں چلو۔"انہیں اچانک ہی تجسس پیدا ہوا تھا۔اس اسکول کے بارے میں جو سالار سکندر پچھلے کئی سالوں سے وہاں چلا رہا تھا۔
پکی سڑک پر تیز رفتاری سے گاڑی چلاتے ہوئے دس منٹ میں وہ گاؤں کے اندر موجود تھے۔آبادی شروع ہو چکی تھی۔کچھ کچی پکی دکانیں نظر آنے لگی تھیں۔شاید یہ گاؤں کا "کمرشل ایریا " تھا۔
"یہاں نیچے اتر کر کسی سے پوچھو کہ سالار سکندر کا اسکول کہاں ہے۔"سکندر عثمان نے ڈرائیور کو ہدایت دی۔اس وقت انہیں یاد آیا تھا کہ اس نے کبھی ان کے سامنے اسکول کا نام نہیں لیا تھا اور جہاں ان کی گاڑی موجود تھی وہاں آس پاس کسی اسکول کے آثار نظر نہیں آ رہے تھے۔گاؤں کے لوگوں کے لیے چند سال پہلے سکند عثمان کی گاڑی بےحد اشتیاق یا تجسس کا باعث بنتی مگر پچھلے کچھ سالوں میں سالار اور فرقان کی وجہ سے وہاں وقتاً فوقتاً گاڑیوں کی آمد ہوتی رہتی تھی۔یہ پہلے کی طرح ان کے لیے تعجب انگیز نہیں رہی تھی مگر وہ گاڑی وہاں سے ہمیشہ کی طرح گزر جانے کی بجائے جب وہیں کھڑی ہو گئی تو یک دم لوگوں میں تجسس پیدا ہوا۔
سکندر عثمان کی ہدایت پر ڈرائیور نیچے اتر کر پاس کی ایک دکان کی طرف گیا اور وہاں بیٹھے چند لوگوں سے اسکول کے بارے میں پوچھنے لگا۔
"یہاں سالار سکندر صاحب کا کوئی اسکول ہے؟"علیک سلیک کے بعد اس نے پوچھا۔
"ہاں جی ہے۔۔۔۔۔یہ اسی سڑک پر آگے دائیں طرف موڑ مڑنے پر بڑی سی عمارت ہے۔"ایک آدمی نے بتایا۔
"آپ ان کے کوئی دوست ہیں؟"اس آدمی نے جواب کے ساتھ ساتھ سوال بھی کیا۔
"نہیں میں ان کے والد کے ساتھ آیا ہوں۔"
"والد؟"اس آدمی کے منہ سے بےساختہ نکلا اور وہاں بیٹھے ہوئے تمام لوگ یک دم سکندر عثمان کی گاڑی کی طرف دیکھنے لگے۔پھر اس آدمی نے اٹھ کر ڈرائیور سے ہاتھ ملایا۔
"سالار صاحب کے والد آئے ہیں بڑی خوش قسمتی کی بات ہے۔"اس آدمی نے کہا اور پھر ڈرائیور کے ساتھ گاڑی کی طرف آنے لگا۔وہاں بیٹھے ہوئے باقی لوگ بھی کسی معمول کی طرح اس کے پیچھے آئے۔
سکندر عثمان نے دور سے انہیں ایک گروپ کی شکل میں اپنی طرف آتے دیکھا تو وہ کچھ اُلجھن کا شکار ہو گئے۔ڈرائیور کے پیچھے آنے والے آدمی نے بڑی عقیدت کے ساتھ کھڑکی سے اپنا ہاتھ آگے بڑھایا۔سکندر عثمان نے کچھ تذبذب کے عالم میں اس سے ہاتھ ملایا جب کہ اس آدمی نے بڑے جوش و خروش سے دونوں ہاتھوں کے ساتھ اس سے مصافحہ کیا۔اس کے ساتھ آنے والے دوسرے آدمی بھی اب یہی کر رہے تھے۔سکندر کچھ اُلجھن کے انداز میں ان سے ہاتھ ملا رہے تھے۔
"آپ سے مل کر بڑی خوشی ہوئی ہے صاب۔"
پہلے ادھیڑ عمر آدمی نے عقیدت بھرے انداز میں کہا۔
"آپ کے لیے چائے لائیں یا پھر بوتل۔۔۔۔۔"وہ آدمی اسی جوش و خروش سے پوچھ رہا تھا۔ڈرائیور اب گاڑی اسٹارٹ کر چکا تھا۔
"نہیں۔۔۔۔۔کوئی ضرورت نہیں۔بس راستہ ہی پوچھنا تھا۔"انہوں نے جلدی سے کہا۔
ڈرائیور نے گاڑی آگے بڑھا دی۔وہ آدمی اور اس کے ساتھ کھڑے دوسرے لوگ وہیں کھڑے گاڑی کو آگے جاتے دیکھتے رہے پھر اس آدمی نے قدرے مایوسی سے سر ہلایا۔
"سالار صاحب کی اور بات ہے۔"
"ہاں سالار صاحب کی اور ہی بات ہے۔وہ کبھی کچھ کھائے پئیے بغیر یہاں سے اس طرح جاتے تھے۔"ایک دوسرے آدمی نے تائید کی۔وہ لوگ اب واپس قدم بڑھانے لگے۔
سالار گاؤں میں موجود ان چند دکانوں کے پاس ہی اپنی گاڑی کھڑی کر دیا کرتا تھااور پھر وہاں موجود لوگوں سے ملتے ان کی پیش کردہ چھوٹی موٹی چیزیں کھاتا پیتا وہاں سے پیدل دس منٹ میں اپنے اسکول چلا جاتا تھا۔وہ لوگ مایوس ہوئے تھے۔سکندر عثمان نے تو گاڑی سے اترنے تک کا تکلف نہیں کیا تھا ، کھانا پینا تو دور کی بات تھی۔
گاڑی اب موڑ مڑ رہی تھی اور موڑ مڑتے ہی ڈرائیور سے مزید کچھ کہتے کہتے سکندر عثمان خاموش ہو گئے۔پچھلی سیٹ پر بیٹھے ونڈ اسکرین کے پار نظر آنے والی وسیع و عریض عمارت ان چھوٹے چھوٹے کچے پکے مکانوں اور کھلے کھیتوں کے درمیان دور سے بھی حیرت میں ڈالنے کے لیے کافی تھی۔سکندر کو اندازہ نہیں تھا کہ وہ وہاں اتنا بڑا اسکول چلا رہا تھا مگر ان کو دم بخود اس اسکول کی دور تک پھیلی ہوئی عمارت نے نہیں کیا تھا بلکہ اسکول کی طرف جاتی ہوئی سڑک پر لگے اس سائن بورڈ نے کیا جس پر تیر کے ایک نشان کے اوپر جلی حروف میں اردو تحریر تھا۔سکندر عثمان ہائی اسکول ، ڈرائیور گاڑی اسکول کے سامنے روک چکا تھا۔
سکندر عثمان نے گاڑی سے اتر کر اس عمارت کے گیٹ کے پار عمارت کے ماتھے پر چمکتے ہوئے اپنے نام کو دیکھا ، ان کی آنکھوں میں ہلکی سی نمی تیر گئی۔سالار سکندر نے ایک بار پھر انہیں کچھ بولنے کے قابل نہیں رکھا تھا۔گیٹ بند تھا مگر اس کے دوسری طرف چوکیدار موجود تھا جو گاڑی کو وہاں رُکتے دیکھ کر گیٹ کھول رہا تھا۔ڈرائیور جب تک گاڑی سے اترا چوکیدار باہر آ گیا۔
"صاحب شہر سے آئے ہیں ذرا اسکول دیکھنا چاہتے ہیں۔"ڈرائیور نے چوکیدار سے کہا۔سکندر عثمان ہنوز اس اسکول پر لگے اپنے نام کو دیکھ رہے تھے۔
"سالار صاحب کے حوالے سے آئے ہیں؟"چوکیدار نے پوچھا۔
"نہیں۔۔۔۔۔"ڈرائیور نے بلا توقف کہا۔"ویسے آئے ہیں۔"سکندر عثمان نے پہلی بار اپنی نظریں ہٹا کر ڈرائیور اور پھر چوکیدار کو دیکھا۔
"میں سالار سکندر کا باپ ہوں۔"سکندر عثمان نے مستحکم مگر بھرائی ہوئی آواز میں کہا۔ڈرائیور نے حیرانی سے ان کو دیکھا۔چوکیدار ایک دم بوکھلا گیا۔
"آپ۔۔۔۔۔آپ سکندر عثمان صاحب ہیں؟"سکندر کچھ کہے بغیر میکانکی انداز میں گیٹ کی طرف بڑھ گئے۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
وہ شام کو جاگنگ ٹریک پر تھا جب موبائل پر سکندر عثمان کی کال آئی۔اپنی بےترتیب سانس پر قابو پاتے ہوئے وہ جاگنگ کرتے کرتے رُک گیا اور ٹریک کے پاس ایک بینچ پر بیٹھ گیا۔
"ہیلو پاپا! السلام علیکم۔"
"وعلیکم السلام۔۔۔۔۔ٹریک پر ہو؟"انہوں نے اس کے پھولے ہوئے سانس سے اندازہ لگایا۔
"جی۔۔۔۔۔آپ کیسے ہیں؟"
"میں ٹھیک ہوں۔۔۔۔۔"
"ممی کیسی ہیں؟"
"وہ بھی ٹھیک ہیں۔"سالار ان کی طرف سے کچھ مزید کہنے یا پوچھنے کا انتظار کرتا رہا۔دوسری طرف اب خاموشی تھی پھر چند لمحوں کے بعد وہ بولے۔
"میں آج تمہارا اسکول دیکھ کر آیا ہوں۔"
"رئیلی۔۔۔۔۔!” سالار نے بےساختہ کہا۔
"کیسا لگا آپ کو؟"
"تم نے یہ سب کیسے کیا ہے سالار؟"
"کیا۔۔۔۔۔؟"
"وہ سب کچھ جو وہاں پر ہے۔"
"پتا نہیں۔بس ہوتا گیا۔مجھے پتا ہوتا تو میں آپ کو خود ساتھ لے جاتا۔کوئی پرابلم تو نہیں ہوئی؟"سالار کو تشویش ہوئی۔
"وہاں سالار سکندر کے باپ کو کوئی پرابلم ہو سکتی ہے؟"انہوں نے جواباً کہا۔سالار جانتا تھا وہ سوال نہیں تھا۔
"تم کس طرح کے آدمی ہو سالار؟"
"پتا نہیں۔۔۔۔۔آپ کو پتا ہونا چاہئیے ، میں آپ کا بیٹا ہوں۔"
"نہیں مجھے۔۔۔۔۔ مجھے تو کبھی بھی پتا نہیں چل سکا۔"سکندر کا لہجہ عجیب تھا۔سالار نے ایک گہرا سانس لیا۔
"مجھے بھی کبھی پتا نہیں چل سکا۔میں تو اب بھی اپنے آپ کو جاننے کی کوشش کر رہا ہوں۔"
"تم۔۔۔۔۔تم۔۔۔۔۔سالار ایک انتہائی احمق ، کمینے اور خبیث انسان ہو۔"سالار ہنسا۔
"آپ ٹھیک کہتے ہیں ، میں واقعی ایسا ہوں۔۔۔۔۔اور کچھ۔۔۔۔۔؟"
"اور۔۔۔۔۔یہ کہ میں بڑا خوش قسمت ہوں کہ تم میری اولاد ہو۔"سکندر عثمان کی آواز لرز رہی تھی۔اس بار چپ ہونے کی باری سالار کی تھی۔
"مجھے اس اسکول کے ہر ماہ کے اخراجات کے بارے میں بتا دینا۔میری فرم ہر ماہ اس رقم کا چیک تمہیں بھجوا دیا کرے گی۔"
اس سے پہلے کہ سالار کچھ کہتا فون بند ہو چکا تھا۔سالار نے پارک میں پھیلی تاریکی میں ہاتھ میں پکڑے موبائل کی روشن اسکرین کو دیکھا۔پھر جاگنگ ٹریک پر لگی روشنیوں میں وہاں دوڑتے لوگوں کو کچھ دور وہ وہیں بیٹھا خالی الذہنی کے عالم میں ان لوگوں کو دیکھتا رہا پھر اٹھ کر لمبے لمبے ڈگ بھرتے ہوئے ٹریک پر آ گیا۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
رمشہ سے سالار کی پہلی ملاقات لاہور آنے کے ایک سال بعد ہوئی تھی۔وہ لندن اسکول آف اکنامکس کی گریجویٹ تھی اور سالار کے بینک میں اس کی تعیناتی ہوئی تھی۔اس کے والد بہت عرصے سے اس بینک کے کسٹمرز میں سے تھے اور سالار انہیں ذاتی طور پر جانتا تھا۔
رمشہ بہت خوبصورت ، ذہین اور خوش مزاج لڑکی تھی اور اس نے وہاں آنے کے کچھ عرصے کے بعد ہی ہر ایک سے خاصی بےتکلفی پیدا کر لی تھی۔ایک کولیگ کے طور پر سالار کے ساتھ بھی اچھی سلام دعا تھی اور کچھ اس کے والد کے حوالے سے بھی وہ اس کی خاصی عزت کرتا تھا۔بینک میں کام کرنے والی چند دوسری لڑکیوں کی نسبت رمشہ سے اس کی کچھ زیادہ بےتکلفی تھی۔
لیکن سالار کو قطعی اندازہ نہیں ہوا تھا کہ کس وقت رمشہ نے اسے کچھ زیادہ سنجیدگی سے لینا شروع کر دیا۔وہ سالار کا ضرورت سے زیادہ خیال رکھنے لگی تھی۔وہ اس کے آفس میں بھی زیادہ آنے جانے لگی تھی اور آفس کے بعد بھی اکثر اوقات اسے کال کرتی رہتی۔سالار کو چند بار اس کا رویہ کچھ خلافِ معمول لگا لیکن اس نے اپنے ذہن میں ابھرنے والے شبہات کو جھٹک دیا مگر اس کا یہ اطمینان پورے ایک سال کے بعد ایک واقعے کے ساتھ رخصت ہو گیا۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
سالار صبح آفس میں داخل ہوا اور داخل ہوتے ہی چونک گیا۔اس کی ٹیبل پر ایک بہت بڑا اور خوبصورت بکے پڑا ہوا تھا۔اپنا بریف کیس ٹیبل پر رکھتے ہوئے اس نے وہ بکے اٹھا کر اس پر موجود کارڈ کھولا۔
"ہیپی برتھ ڈے ٹو سالار سکندر۔"
رمشہ ہمدانی۔
سالار نے بےاختیار ایک گہرا سانس لیا۔اس میں کوئی شک نہیں تھا آج اس کی سالگرہ تھی مگر رمشہ یہ کیسے جانتی تھی وہ کچھ دیر کسی سوچ میں گُم ٹیبل کے پاس کھڑا رہا پھر اس نے بکے ٹیبل پر ایک طرف رکھ دیا۔اپنا کوٹ اتار کر اس نے ریوالونگ چئیر کی پشت پر لٹکایا اور چئیر پر بیٹھ گیا۔بکے کے نیچے ٹیبل پر بھی ایک کارڈ پڑا ہوا تھا۔اس نے بیٹھنے کے بعد اس کارڈ کو کھولا۔چند لمحے تک وہ اس میں لکھی ہوئی تحریر پڑھتا رہا پھر کارڈ بند کر کے اس نے اپنی دراز میں رکھ دیا۔وہ نہیں جانتا تھا اس کارڈ اور بکے پر کس ردِ عمل کا اظہار کرے ، چند لمحے وہ کچھ سوچتا رہا پھر اس نے کندھے جھٹک کر اپنا بریف کیس کھولنا شروع کر دیا۔وہ اس میں سے اپنا لیپ ٹاپ نکال کر بریف کیس کو نیچے کارپٹ پر اپنی ٹیبل کے ساتھ رکھ رہا تھا جب رمشہ اندر داخل ہوئی۔
"ہیپی برتھ ڈے سالار۔"اس نے اندر داخل ہوتے ہی کہا۔
سالار مسکرایا۔
"تھینکس۔۔۔۔۔"رمشہ اب ٹیبل کے سامنے پڑی کرسی کھینچ کر بیٹھ رہی تھی ، جب کہ سالار لیپ ٹاپ کو کھولنے میں مصروف تھا۔
"بکے اور کارڈ کے لیے بھی شکریہ۔یہ ایک خوشگوار سرپرائز تھا۔"
سالار نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا وہ اب اپنا فون لیپ ٹاپ کے ساتھ اٹیچ کرنے میں مصروف تھا۔
"مگر تمہیں میری برتھ ڈے کے بارے میں پتا کیسے چلا؟"وہ پوچھے بغیر نہیں رہ سکا۔
"جناب یہ تو میں نہیں بتاؤں گی۔بس پتا چلانا تھا۔چلا لیا۔"رمشہ نے شگفتگی سے کہا۔"اور ویسے بھی دوست آپس میں یہ سوال نہیں کرتے۔اگر دوستوں کو ایسی چیزوں کا بھی پتہ نہیں ہوگا تو پھر وہ دوست تو نہیں ہوئے۔"
سالار لیپ ٹاپ کی اسکرین پر نظریں جمائے مسکراتے ہوئے اس کی بات سنتا رہا۔
"اب میں سارے اسٹاف کی طرف سے پارٹی کی ڈیمانڈ کے لیے آئی ہوں۔آج کا ڈنر تمہیں ارینج کرنا چاہئیے۔"سالار نے لیپ ٹاپ سے نظریں ہٹا کر اس کی طرف دیکھا۔
"رمشہ! میں اپنی برتھ ڈے سیلیبریٹ نہیں کرتا۔"
"کیوں۔۔۔۔۔۔؟"
"ویسے ہی۔۔۔۔۔۔"
"کوئی وجہ تو ہو گی۔۔۔۔۔۔؟"
"کوئی خاص وجہ نہیں ہے۔بس میں ویسے ہی سیلیبریٹ نہیں کرتا۔"
"پہلے نہیں کرتے ہو گے مگر اس بار تو کرنی پڑے گی۔اس بار تو سارے اسٹاف کی ڈیمانڈ ہے۔"رمشہ نے بےتکلفی سے کہا۔
"میں کسی بھی دن آپ سب لوگوں کو کھانا کھلا سکتا ہوں۔میرے گھر پر ، ہوٹل میں ، جہاں آپ چاہیں مگر میں برتھ ڈے کے سلسلے میں نہیں کھلا سکتا۔"سالار نے صاف گوئی سے کہا۔
"یعنی تم چاہتے ہو ہم تمہارے لیے پارٹی ارینج کر دیں۔"رمشہ نے کہا۔
"میں نے ایسا نہیں کہا۔"وہ کچھ حیران ہوا۔
"اگر تم پورے اسٹاف کو پارٹی نہیں بھی دے سکتے تو کم از کم مجھے ڈنر پر تو لے جا سکتے ہو۔"
"رمشہ! میں آج رات کچھ مصروف ہوں اپنے کچھ دوستوں کے ساتھ۔"سالار نے ایک بار پھر معذرت کی۔
"کوئی بات نہیں میں بھی آ جاؤں گی۔"رمشہ نے کہا۔
"نہیں یہ مناسب نہیں ہو گا۔"
"کیوں۔۔۔۔۔؟"
"وہ سب مرد ہیں اور تم ان سے واقف بھی نہیں ہو۔"اس نے بہانا بنایا۔
"میں سمجھتی ہوں۔"رمشہ نے کہا۔
"پھر کل چلتے ہیں؟"
"کل نہیں۔۔۔۔۔پھر کبھی چلیں گے۔میں تمہیں بتا دوں گا۔"
رمشہ کچھ مایوس ہوئی مگر اسے اندازہ ہو گیا کہ وہ اسے فی الحال باہر کہیں لے جانے کا ارداہ نہیں رکھتا۔
"اوکے۔۔۔۔۔"وہ کھڑے ہوتے ہوئے بولی۔
"مجھے اُمید ہے ، تم نے مائنڈ نہیں کیا ہو گا۔"سالار نے اُسے اٹھتے دیکھ کر کہا۔
"نہیں بالکل نہیں۔It’s alright” وہ مسکراتی ہوئی کمرے سے باہر نکل گئی۔سالار اپنے کام میں مصروف ہو گیا۔اس کا خیال تھا سالگرہ کا وہ معاملہ وہیں ختم ہو گیا۔یہ اس کی غلط فہمی تھی۔
لنچ آور کے دوران اس کے لیے ایک سرپرائز پارٹی تیار تھی۔اس کے باس مسٹر پال ملر نے بڑی گرم جوشی سے سالگرہ پر مبارک باد دی تھی۔وہ پارٹی رمشہ نے ارینج کی تھی اور کیک اور دوسرے لوازمات کو دیکھتے ہوئے وہ پہلی بار صحیح معنوں میں تشویش میں مبتلا ہوا تھا اگر پہلے رمشہ ڈھکے چھپے الفاظ میں اپنی پسندیدگی ظاہر کر رہی تھی تو اس دن اس نے بہت واضح انداز میں یہ بات ظاہر کر دی تھی۔وہ لنچ آور کے بعد تقریباً آدھ گھنٹہ اپنے آفس میں بیٹھا پہلی بار رمشہ کے بارے میں سوچتا رہا۔وہ اندازہ کرنے کی کوشش کررہا تھا کہ اس سے کون سی ایسی غلطی ہوئی تھی، جس سے رمشہ کو اس میں دلچسپی پیدا ہوئی۔
اس میں کوئی شک نہیں تھا کہ وہ بہت خوبصورت تھی۔پچھلے کچھ عرصے میں ملنے والی چند اچھی لڑکیوں میں سے ایک تھی مگر وہ یہ نہیں چاہتا تھا کہ وہ اس میں انوالو ہونے لگے۔وہ پچھلے کچھ عرصے سے رمشہ کے اپنے لیے خاص روئیے کو اس کی خوش اخلاقی سمجھ کر ٹالتا رہا تھا ، مگر اس دن آفس سے نکلتے ہوئے اس کی طرف سے دئیے جانے والے چند پیکٹس کو گھر جا کر کھولنے پر اس کے چودہ طبق روشن ہو گئے تھے۔وہ ابھی ان تحائف کو دیکھ کر تشویش میں مبتلا ہو رہا تھا ، جب فرقان آ گیا۔ڈرائنگ روم میں پڑے وہ پیکٹس فوراً اس کی نظر میں آ گئے۔
"واؤ ، آج تو خاصے تحائف اکٹھے ہو رہے ہیں۔دیکھ لوں؟"فرقان نے صوفہ پر بیٹھتے ہوئے کہا۔
سالار نے صرف سر ہلایا ، گھڑی ، پرفیومز ، ٹائیاں ، شرٹس ، وہ یکے بعد دیگرے ان چیزوں کو نکال نکال کر دیکھتا رہا۔
"یہ تمہاری بری کا سامان اکٹھا نہیں ہو گیا؟"فرقان نے مسکراتے ہوئے تبصرہ کیا۔"خاصا دل کھول کر گفٹس دئیے ہیں تمہارے کولیگز نے۔"
"صرف ایک کولیگ نے۔"سالار نے مداخلت کی۔
"یہ سب کچھ ایک نے دیا ہے؟"فرقان کچھ حیران ہوا۔
"ہاں۔"
"کس نے؟"
"رمشہ نے۔"فرقان نے اپنے ہونٹ سکوڑے۔
"تم جانتے ہو یہ سب گفٹس ایک ڈیڑھ لاکھ کی رینج میں ہوں گے۔"وہ اب دوبارہ ان چیزوں پر نظر ڈال رہا تھا۔
"صرف یہ گھڑی ہی پچاس ہزار کی ہے۔کوئی صرف کولیگ سمجھ کر تو اتنی مہنگی چیزیں نہیں دے گا۔تم لوگوں کے درمیان کوئی۔۔۔۔۔۔"فرقان بات کرتے کرتے رُک گیا۔
"ہم دونون کے درمیان کچھ نہیں ہے۔کم از کم میری طرف سے ، مگر آج میں پہلی بار پریشان ہو گیا ہوں۔مجھے لگتا ہے کہ رمشہ۔۔۔۔۔۔مجھ میں کچھ ضرورت سے زیادہ دلچسپی لے رہی ہے۔"سالانے نے ان چیزوں پر نظر دوڑاتے ہوئے کہا۔
"بہت اچھی بات ہے۔چلو تم میں بھی کسی لڑکی نے دلچسپی لی۔"فرقان نے ان پیکٹس کو واپس سینٹر ٹیبل پر رکھتے ہوئے کہا۔
"ویسے بھی تم بہت کنوارے رہ لیے۔لگے ہاتھوں اس سال یہ کام کر لو۔"
"جب مجھے شادی ہی نہیں کرنی تو میں اس سلسلے کو آگے کیوں بڑھاؤں۔"
"سالار دن بہ دن تم بہت impractical کیوں ہوتے جا رہے ہو؟تمہیں اب سیٹل ہونے کے بارے میں سنجیدگی سے سوچنا چاہئیے۔ہر لڑکی سے کب تک اس طرح بھاگتے پھرو گے۔تمہیں اپنی ایک فیملی شروع کر لینی چاہئیے۔رمشہ اچھی لڑکی ہے۔میں اس کی فیملی کو جانتا ہوں۔کچھ ماڈرن ضرور ہے مگر اچھی لڑکی ہے اور چلو اگر رمشہ نہیں تو پھر تم کسی اور کے ساتھ شادی کر لو۔میں اس سلسلے میں تمہاری مدد کر سکتا ہوں۔تم اپنے پیرنٹس کی مدد لے سکتے ہو مگر اب تمہیں اس معاملے کے بارے میں سنجیدگی سے سوچنا چاہئیے۔تمہیں ان تمام باتوں کے بارے میں غور کرنا چاہئیے اور کم از کم دوسرے کی بات پر کچھ کہہ ضرور دینا چاہئیے۔"
فرقان نے آخری جملے پر زور دیتے ہوئے کہا اس کا اشارہ اس کی خاموشی کی طرف تھا۔
"اس سے دوسرے کو یہ تسلی ہو جاتی ہے کہ وہ کسی مجمعے کے سامنے تقریر نہیں کرتا رہا۔"فرقان نے کہا۔
"تم کبھی اپنی شادی کے بارے میں سوچتے نہیں ہو؟"
"کون اپنی شادی کے بارے میں نہیں سوچتا؟"سالار نے مدھم آواز میں کہا۔"میں بھی سوچتا ہوں مگر میں اس طرح نہیں سوچتا جس طرح تم سوچتے ہو۔چائے پیو گے؟"
"آخری جملے کے بجائے تمہیں کہنا چاہئیے تھا کہ بکواس بند کرو۔"
فرقان نے ناراضی سے کہا۔سالار نے مسکرا کر کندھے اچکا دئیے وہ اب چیزیں سمیٹ رہا تھا۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
رمشہ نے حیرانی سے اپنے سامنے پڑے ان پیکٹس کو دیکھا۔"لیکن سالار ! یہ سب چیزیں تمہارا برتھ ڈے گفٹ ہیں۔"
سالار اگلی صبح ایک ٹائی چھوڑ کر تمام چیزیں واپس اٹھا لایا تھا اور اب وہ رمشہ کے آفس میں تھا۔
"میں کسی سے اتنا مہنگا تحفہ نہیں لیا کرتا۔ایک ٹائی کافی ہے۔"
"سالار ، میں اپنے فرینڈز کو اتنے ہی مہنگے گفٹس دیتی ہوں۔"رمشہ نے وضاحت کی کوشش کی۔
"یقیناً تم دیتی ہو گی مگر میں نہیں لیتا۔۔۔۔۔اگر تم نے زیادہ اصرار کیا تو میں وہ ٹائی بھی لا کر واپس تمہیں دے دوں گا۔۔۔۔۔۔"سالار نے کہا اور اس کے جواب کا انتظار کیے بغیر کمرے سے نکل آیا۔رمشہ پھیکے چہرے کے ساتھ اسے کمرے سے نکلتا دیکھتی رہی۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
سالار ہمیشہ کی طرح اس دن ڈاکٹر صاحب کے پاس آیا ہوا تھا۔ڈاکٹر صاحب نے ابھی اپنا لیکچر شروع نہیں کیا تھا جب ان کے پاس بیٹھے ایک ادھیڑ عمر آدمی نے کہا۔
"ڈاکٹر صاحب! آدمی کو پیر کامل مل جائے تو اس کی تقدیر بدل جاتی ہے۔"
سالار نے گردن موڑ کر اس شخص کو دیکھا ، وہ وہاں پچھلے چند دن سے آ رہا تھا۔
"اس کی نسلیں سنور جاتی ہیں۔میں جب سے آپ کے پاس آنے لگا ہوں ، مجھے لگتا ہے میں ہدایت پا گیا ہوں۔میرے الٹے کام سیدھے ہونے لگے ہیں۔میرا دل کہتا ہے مجھے پیر کامل مل گیا ہے۔میں۔۔۔۔۔میں آپ کے ہاتھوں پر بیعت کرنا چاہتا ہوں۔"
وہ بڑی عقیدت مندی سے ڈاکٹر صاحب کا ہاتھ پکڑے ہوئے کہنے لگا۔کمرے میں مکمل خاموشی چھا گئی تھی۔ڈاکٹر صاحب نے نرمی سے اس شخص کے ہاتھ پر تھپکی دیتے ہوئے اپنا ہاتھ چھڑا لیا۔
"تقی صاحب! میں نے زندگی میں آج تک کسی سے بیعت نہیں لی۔آپ کے منہ سے پیرِ کامل کا ذکر سنا۔۔۔۔۔پیرِ کامل کون ہوتا ہے۔۔۔۔۔۔پیرِ کامل کس کو کہتے ہیں۔۔۔۔۔وہ کیا کرتا ہے۔۔۔۔۔۔؟اس کی ضرورت کیوں ہوتی ہے؟"
وہ بڑی سنجیدگی سے اس شخص سے پوچھ رہے تھے۔
"آپ پیرِ کامل ہیں۔"اس شخص نے کہا۔
"نہیں ، میں پیرِ کامل نہیں ہوں۔"ڈاکٹر سبط علی نے کہا۔
"آپ سے مجھے ہدایت ملتی ہے۔"اس شخص نے اصرار کیا۔
"ہدایت تو استاد بھی دیتا ہے ، ماں باپ بھی دیتے ہیں ، لیڈرز بھی دیتے ہیں ، دوست احباب بھی دیتے ہیں ، کیا وہ پیرِ کامل ہو جاتے ہیں؟"
"آپ۔۔۔۔۔آپ گناہ نہیں کرتے۔"وہ آدمی گڑبڑا گیا۔
"ہاں ، دانستہ طور پر نہیں کرتا ، اس لیے نہیں کرتا ، کیونکہ گناہ سے مجھے خوف آتا ہے۔یہاں پر بیٹھے بہت سے لوگ دانستہ طور پر گناہ نہیں کرتے ہوں گے ، کیونکہ میری طرح انہیں بھی گناہ سے خوف آتا ہو گا مگر نادانستگی میں مجھ سے کیا سر زد ہو جاتا ہے ، اسے میں نہیں جانتا۔ہو سکتا ہے نادانستگی میں مجھ سے بھی گناہ سر زد ہو جاتے ہوں۔"انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا۔
"آپ کی دعا قبول ہوتی ہے۔"وہ آدمی اپنے مؤقف سے ہٹنے کے لئے تیار نہیں تھا۔
"دعا تو ماں باپ کی بھی قبول ہوتی ہے ، مجبور اور مظلوم کی بھی قبول ہوتی ہے اور بھی بہت سے لوگوں کی قبول ہوتی ہے۔"
"لیکن آپ کی تو ہر دعا قبول ہو جاتی ہے۔"اس نے اصرار کیا۔
ڈاکٹر سبط علی صاحب نے انکار میں سر ہلایا۔
"نہیں ، ہر دعا تو قبول نہیں ہوتی۔میں کئی سالوں سے ہر روز مسلمانوں کی نشاۃ ثانیہ کی دعا کرتا ہوں ، ابھی تک تو قبول نہیں ہوئی۔ہر روز میری کی جانے والی کئی دعائیں قبول نہیں بھی ہوتیں۔"
"لیکن آپ کے پاس جو شخص دعا کروانے کے لیے آتا ہے ، اس کے لیے آپ کی دعا ضرور قبول ہو جاتی ہے۔"
ڈاکٹر صاحب کی مسکراہٹ اور گہری ہو گئی۔
"آپ کے لیے کی جانے والی دعا قبول ہو گئی ہو گی ، یہاں بہت سے ایسے ہیں جن کے لیے میری دعا قبول نہیں ہوتی یا نہیں ہوئیں۔"
وہ اب کچھ بول نہیں سکا۔
"آپ میں سے اگر کوئی بتا سکے کہ پیرِ کامل کون ہوتا ہے؟"
وہاں موجود لوگ ایک دوسرے کو دیکھنے لگے پھر ایک نے کہا۔
"پیرِ کامل نیک شخص ہوتا ہے ، عبادت گزار شخص ، پارسا آدمی۔"
ڈاکٹر سبط علی نے سر ہلایا۔
"بہت سے لوگ نیک ہوتے ہیں ، عبادت گزار ہوتے ہیں ، پارسا ہوتے ہیں۔آپ کے ارد گرد ایسے بہت سارے لوگ ہوتے ہیں تو کیا وہ سب پیر کامل ہوتے ہیں؟"
"نہیں ، پیر کامل وہ آدمی ہوتا ہے جو دکھاوے کے لیے عبادت نہیں کرتا۔دل سے عبادت کرتا ہے ، صرف اللہ کے لیے۔اس کی نیکی اور پارسائی ڈھونگ نہیں ہوتی۔"ایک اور شخص نے اپنی رائے دی۔
"اپنے حلقہء احباب میں آپ میں سے ہر ایک کسی نہ کسی ایسے شخص کو ضرور جانتا ہو گا ، جس کی عبادت کے بارے میں اسے یہ شبہ نہیں ہوتا کہ وہ ڈھونگ ہے ، جس کی نیکی اور پارسائی کا بھی آپ کو یقین ہوتا ہے تو کیا وہ شخص پیر کامل ہے؟"
کچھ دیر خاموشی پھر ایک اور شخص نے کہا۔
"پیر کامل ایک ایسا شخص ہوتا ہے ، جس کے الفاظ میں تاثیر ہوتی ہے کہ وہ انسان کا دل بدل دیتے ہیں۔"
"تاثیر بھی بہت سے لوگوں کے الفاظ میں ہوتی ہے۔کچھ کے منہ سے نکلنے والے الفاظ میں ، کچھ کے قلم سے نکلنے والے الفاظ میں ، تاثیر تو اسٹیج پر کھڑے ایک کمپئیر اور اخبار کا کالم لکھنے والے ایک جرنلسٹ کے الفاظ میں بھی ہوتی ہے تو کیا وہ پیر کامل ہوتے ہیں؟"
ایک اور شخص بولا۔"پیر کامل وہ ہوتا ہے جسے الہام اور وجدان ہو ، جو مستقبل کو بوجھ سکے۔"
"ہم میں سے بہت سارے لوگ ایسے خواب دیکھتے ہیں جن میں مستقبل میں درپیش آنے والے حالات سے ہمیں آگاہی ہو جاتی ہے۔کچھ لوگ استخارہ بھی کرتے ہیں اور چیزوں کے بارے میں کسی حد تک جان جاتے ہیں۔کچھ لوگوں کی چھٹی حِس بہت تیز ہوتی ہے ، وہ خطروں کو بھانپ جاتے ہیں۔"
"پیر کامل کون ہوتا ہے؟"ڈاکٹر صاحب کچھ دیر خاموش رہے ، انہوں نے پھر اپنا سوال دُہرایا۔
"پیر کامل کون ہو سکتا ہے؟"سالار اُلجھن آمیز انداز میں ڈاکٹر سبط علی کے چہرے کو دیکھنے لگا۔
"کیا ڈاکٹر سبط علی کے علاوہ کوئی اور پیرِ کامل ہو سکتا تھا اور اگر وہ نہیں تھے تو پھر کون تھا اور کون ہو سکتا ہے؟"
وہاں بیٹھے ہوئے لوگوں کے دل و دماغ میں ایک ہی گونج تھی۔ڈاکٹر سبط علی ایک ایک کا چہرہ دیکھ رہے تھے ، پھر ان کے چہرے کی مسکراہٹ آہستہ آہستہ معدوم ہو گئی۔
"پیرِ کامل میں کاملیت ہوتی ہے۔کاملیت ان تمام چیزوں کا مجموعہ ہوتی ہے جو آپ کہہ رہے تھے۔پیرِ کامل وہ شخص ہوتا ہے جو دل سے اللہ کی عبادت کرتا ہے ، نیک اور پارسا ہوتا ہے۔اس کی ہر دعا قبول ہوتی ہے۔اس حد تک جس حد تک اللہ چاہے۔اس کے الفاظ میں تاثیر بھی ہوتی ہے۔وہ لوگوں کو ہدایت بھی دیتا ہے مگر اسے الہام نہیں ہوتا ، اسے وجدان ہوتا ہے۔وحی اُترتی ہے اس پر اور وحی کسی عام انسان پر نہیں اترتی۔صرف پیغمبر پر اترتی ہے۔ایک لاکھ چوبیس ہزار پیغمبروں میں سے ہر پیغمبر کامل تھا مگر پیرِ کامل وہ ہے جس پر نبوت کا سلسلہ ختم کر دیا جاتا ہے۔
ہر انسان کو زندگی میں کبھی نہ کبھی کسی پیرِ کامل کی ضرورت ضرور پڑتی ہے۔کبھی نہ کبھی انسانی زندگی اس موڑ پر آ کر ضرور کھڑی ہو جاتی ہے جب یہ لگتا ہے کہ ہمارے لبوں اور دلوں سے نکلنے والی دعائیں بےاثر ہو گئی ہیں۔ہمارے سجدے اور ہمارے پھیلے ہوئے ہاتھ رحمتوں اور نعمتوں کو اپنی طرف موڑ نہیں پا رہے۔یوں لگتا ہے جیسے کوئی تعلق تھا جو ٹوٹ گیا ہے پھر آدمی کا دل چاہتا ہے اب اس کے لیے کوئی اور ہاتھ اٹھائے ، کسی اور کے لب اس کی دعا اللہ تک پہنچائیں ، کوئی اور اللہ کے سامنے اس کے لیے گڑگڑائے ، کوئی ایسا شخص جس کی دعائیں قبول ہوتی ہوں ، جس کے لبوں سے نکلنے والی التجائیں اس کے اپنے لفظوں کی طرح واپس نہ موڑ دی جاتی ہوں پھر انسان پیرِ کامل کی تلاش شروع کرتا ہے ، بھاگتا پھرتا ہے ، دنیا میں کسی ایسے شخص کے لیے جو کاملیت کی کسی نہ کسی سیڑھی پر کھڑا ہو۔
پیرِ کامل کی یہ تلاش انسانی زندگی کے ارتقاء سے اب تک جاری ہے۔یہ تلاش وہ خواہش ہے جو اللہ خود انسان کے دل میں پیدا کرتا ہے۔انسان کے دل میں یہ خواہش ، یہ تلاش نہ اتاری جاتی تو وہ پیغمبروں پر کبھی یقین نہ لاتا۔کبھی ان کی پیروی اور اطاعت کرنے کی کوشش نہ کرتا۔پیرِ کامل کی یہ تلاش ہی انسان کو ہر زمانے میں اُتارے جانے والے پیغمبروں کی طرف لے جاتی رہی پھر پیغمبروں کی مبعوثیت کا یہ سلسلہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے ساتھ ختم کر دیا گیا۔آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی اُمت کے لیے آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے بعد کسی اور پیرِ کامل کی گنجائش نہیں رکھی گئی۔
کون ہے جسے اب یا آئندہ آنے والے زمانے میں حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم سے بڑھ کر کوئی مقام دیا جائے؟
کون ہے جسے آج یا آئندہ آنے والے زمانے میں کسی شخص کے لیے حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم سے بڑھ کر کاملیت دے دی جائے؟
کون ہے جو آج یا آئندہ آنے والے زمانے میں کسی شخص کے لیے حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم سے بڑھ کر شفاعت کا دعویٰ کر سکے؟
جامد اور مستقل خاموشی کی صورت میں آنے والا نفی میں یہ جواب ہم سے صرف ایک سوال کرتا ہے۔
پیر کامل صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو چھوڑ کر ہم دنیا میں اور کس وجود کو کھوجنے نکل کھڑے ہوئے ہیں؟ پیر کامل صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بیعت شدہ ہوتے ہوئے ہمیں دوسرے کس شخص کی بیعت کی ضرورت رہ گئی ہے؟
پیر کامل صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے راستے پر چلنے کی بجائے ہمیں دوسرا کون سا راستہ اپنی طرف کھینچ رہا ہے؟
کیا مسلمانوں کے لئے ایک اللہ ، ایک قرآن ، ایک رسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم اور ان کی سنت کافی نہیں؟
اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم اور اس کی کتاب کے علاوہ اور کون سا شخص، کون سا کلام ہے جو ہمیں دنیا اور آخرت کی تکلیفوں سے بچا سکے گا؟
جو ہماری دعاؤں کو قبولیت بخشے ، جو ہم پر نعمتیں اور رحمتیں نازل کر سکے؟
کوئی پیرِ کامل کا فرقہ بتا سکتا ہے؟نہیں بتا سکتا۔"
ڈاکٹر سبط علی کہہ رہے تھے۔
"وہ صرف مسلمان تھے ، وہ مسلمان جو یہ یقین رکھتے تھے کہ اگر وہ صراطِ مستقیم پر چلیں گے تو وہ جنت میں جائیں گے ، اس راستے سے ہٹیں گے تو اللہ کے عذاب کا نشانہ بنیں گے۔
اور صراطِ مستقیم وہ راستہ ہے جو اللہ اپنے پیغمبر صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے ذریعے قرآن پاک میں بتاتا ہے۔صاف ، دو ٹوک اور واضح الفاظ میں۔وہ کام کریں جس کا حکم اللہ اپنے رسول محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے ذریعے دیتا ہے اور اُس کام سے رک جائیں جس سے منع کیا جاتا ہے۔
اللہ ، حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم اور قرآن کسی بات میں کوئی ابہام نہیں رکھتے۔قرآن کو کھولئے ، اگر اس میں کہیں دو ٹوک اور غیر مبہم الفاظ میں کسی دوسرے پیر کامل یا پیغمبر کا ذکر ملے تو اس کی تلاش کرتے رہئیے اور اگر ایسا کچھ نظر نہیں آتا تو پھر صرف خوف کھائیے کہ آپ اپنے پیروں کو کس دلدل میں لئے جا رہے ہیں۔اپنی پچاس ساٹھ سالہ زندگی کو کس طرح اپنی ابدی زندگی کی تباہی کے لئے استعمال کر رہے ہیں کس طرح خسارے کا سودا کر رہے ہیں۔ہدایت کی تلاش ہے ، قرآن کھولئے۔کیا ہے جو وہ آپ کو نہیں بتا دیتا۔وہ آپ کو معصوم ، انجان اور بےخبر نہیں رہنے دیتا۔آپ کا اصل آپ کے منہ پر دے مارتا ہے۔کیا اللہ انسان کو نہیں جانتا ہو گا؟ اس مخلوق کو ، جو اس کی اربوں کھربوں تخلیقات میں سے ایک ہے۔
دعا قبول نہیں ہوتی تو آسرے اور وسیلے تلاش کرنے کی بجائے صرف ہاتھ اٹھا لیجئیے ، اللہ سے خود مانگیں۔دے دے تو شکر کریں ، نہ دے تو صبر ۔۔۔۔۔مگر ہاتھ آپ خود ہی اٹھائیں۔
زندگی کا قرینہ اور سلیقہ نہیں آ رہا تو اسوہء حسنہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی طرف چلے جائیں ، سب کچھ مل جائے گا آپ کو۔
احترام ہر ایک کا کریں۔ہر ولی کا ، ہر مومن کا ، ہر بزرگ کا ، ہر شہید کا ، ہر صالح کا ، ہر پارسا کا۔۔۔۔۔۔
مگر اپنی زندگیوں میں ہدایت اور رہنمائی صرف حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم سے لیں کیونکہ انہوں نے آپ تک اپنے ذاتی احکامات نہیں پہنچائے جو کچھ بتایا وہ اللہ کا نازل کردہ ہے۔
ڈاکٹر سبط علی کون ہے ، کیا ہے ، کون جانتا ہے اسے؟آپ۔۔۔۔۔؟آپ کے علاوہ چند سو لوگ۔۔۔۔۔۔چند ہزار لوگ مگر جس پیرِ کامل صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی بات کر رہا ہوں انہیں تو ایک ارب کے قریب لوگ اپنا روحانی پیشوا مانتے ہیں۔میں تو وہی کچھ کہتا ، دہراتا پھر رہا ہوں ، جو چودہ سو سال پہلے حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم فرما چکے ہیں۔کیا نئی بات کہی میں نے؟"
ڈاکٹر سبط علی خاموش ہو گئے۔کمرے میں موجود ہر شخص پہلے ہی خاموش تھا۔انہوں نے وہاں بیٹھے ہر شخص کو جیسے آئینہ دکھا دیا تھا اور آئینے میں نظر آنے والا عکس کسی کو ہولا رہا تھا ، کسی کو لرزا رہا تھا۔
وہاں سے باہر آ کر سالار بہت دیر تک اپنی گاڑی کی سیٹ پر چپ چاپ بیٹھا رہا۔اس کی آنکھوں پر بندھی آخری پٹی بھی آج کھول دی گئی تھی۔
کئی سال پہلے جب امامہ ہاشم سوچے سمجھے بغیر گھر سے نکل پڑی تھی تو وہ اس لگن کو سمجھ نہیں پایا تھا۔اس کے نزدیک وہ حماقت تھی۔بعد میں اس نے اپنے خیالات میں ترمیم کر لی تھی۔اسے یقین آ گیا تھا کہ کوئی بھی واقعی حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی محبت میں اس حد تک گرفتار ہو سکتا ہے کہ سب کچھ چھوڑ دے۔
اس نے اسلام کے بارے میں جاننا شروع کیا تو اسے پتا چلا صحابہ کرام رضی اللہ تعالیٰ عنہا بھی اسی طرح کی قربانیاں دیا کرتے تھے۔حضرت بلال رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے حضرت اویس قرنی رضی اللہ تعالیٰ عنہ تک ان گنت لوگ تھے اور ہر زمانے میں تھے اور سالار سکندر نے اقرار کر لیا تھا کہ پیغمبر صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی محبت میں اتنی طاقت تھی کہ وہ کسی کو بھی چھوڑنے پر مجبور کر دیتی۔اس نے کبھی اس محبت کا تجزیہ کرنے کی کوشش نہیں کی تھی۔وہ آج وہاں بیٹھا پہلی بار یہ کام کر رہا تھا۔
یہ صرف پیغمبر صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی محبت نہیں تھی ، جس نے امامہ ہاشم کو گھر چھوڑنے پر مجبور کر دیا تھا۔وہ صراطِ مستقیم کو دیکھ کر اس طرف چلی گئی تھی۔اس صراطِ مستقیم کی طرف جسے وہ کسی زمانے میں اندھوں کی طرح ڈھونڈتا پھرتا تھا۔وہ صحابہ کرام رضی اللہ تعالیٰ عنہ بھی اسی صراطِ مستقیم کی طرف جاتے تھے۔
امامہ ہاشم نے کئی سال پہلے پیر کامل صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کو پا لیا تھا۔وہ بےخوفی اسی ہدایت اور رہنمائی کی عطا کردہ تھی جو اسے حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی محبت سے ملی تھی۔وہ آج تک پیرِ کامل صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کو خود شناخت نہیں کر پایا تھا اور امامہ ہاشم نے ہر کام خود کیا تھا۔شناخت سے اطاعت تک۔۔۔۔۔اس کو سالار سکندر کی طرح دوسروں کے کندھوں کی ضرورت نہیں پڑی۔
سالار سکندر نے پچھلے آٹھ سالوں میں امامہ ہاشم کے لئے ہر جذبہ محسوس کیا تھا۔حقارت ، تضحیک ، پچھتاوا ، نفرت ، محبت ، سب کچھ ۔۔۔۔۔مگر آج وہاں بیٹھے پہلی بار اسے امامہ ہاشم سے حسد ہو رہا تھا۔تھی کیا وہ۔۔۔۔۔؟ایک عورت۔۔۔۔۔ذرا سی عورت ۔۔۔۔۔آسمان کی حور نہیں تھی۔۔۔۔۔سالار سکندر جیسے آدمی کے سامنے کیا اوقات تھی اس کی۔
کیا میرے جیسا آئی کیو تھا اس کا؟
کیا میرے جیسی کامیابیاں تھیں اس کی؟
کیا میرے جیسا کام کر سکتی تھی وہ؟
کیا میرے جیسا نام کما سکتی تھی وہ؟
کچھ بھی نہیں تھی وہ اور اس کو سب کچھ پلیٹ میں رکھ کر دیا اور میں۔۔۔۔۔میں جس کا آئی کیو لیول 150+ ہے مجھے سامنے کی چیزیں دیکھنے کے قابل نہیں رکھا؟
وہ اب آنکھوں میں نمی لیے اندھیرے میں ونڈ اسکرین سے باہر دیکھتے ہوئے بڑبڑا رہا تھا۔
"مجھے بس اس قابل کر دیا کہ میں باہر نکلوں اور دنیا فتح کر لوں۔وہ دنیا جس کی کوئی وقعت ہی نہیں ہے اور وہ۔۔۔۔۔وہ۔۔۔۔۔۔"
وہ رُک گیا۔اسے امامہ پر غصہ آ رہا تھا۔آٹھ سال پہلے کا وقت ہوتا تو وہ اسے "بچ" کہتا ، تب امامہ پر غصہ آنے پر یہی کہا کرتا تھا مگر آٹھ سال کے بعد آج وہ زبان پر اس کے لئے گالی نہیں لا سکتا تھا۔وہ امامہ ہاشم کے لئے کوئی بُرا لفظ نکالنے کی جرات نہیں کر سکتا تھا۔صراطِ مستقیم پر خود سے بہت آگے کھڑی اس عورت کے لیے کون زبان سے بُرا لفظ نکال سکتا تھا؟
اپنے گلاسز اُتار کر اس نے اپنی آنکھیں مسلیں۔اس کے انداز میں شکست خوردگی تھی۔
"پیر کامل صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم ۔۔۔۔۔صراطِ مستقیم۔"آٹھ سال لگے تھے ، مگر تلاش ختم ہو گئی تھی۔جواب مل چکا تھا۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
وہ دونوں ایک ریستوران میں بیٹھے ہوئے تھے۔رمشہ آج خاص طور پر تیار ہو کر آئی تھی۔وہ خوش تھی اور کوئی بھی اس کے چہرے سے اس کی خوشی کا اندازہ لگا سکتا تھا۔سالار بھی۔
ویٹر سے مینیو کارڈ لے کر سالار نے بند کر کے ٹیبل پر رکھ دیا۔رمشہ نے حیرانی سے اسے دیکھا۔وہ اپنا کارڈ کھولے ہوئی تھی۔
"لنچ میری طرف سے ہے مگر مینیو آپ طے کریں۔"سالار نے مدھم مسکراہٹ کے ساتھ کہا۔
"اوکے۔"رمشہ بےاختیار مسکرائی پھر وہ مینیو کارڈ پر نظر دوڑانے لگی اور سالار قرب و جوار میں۔
رمشہ نے ویٹر کو کچھ ڈشز نوٹ کروائیں۔جب ویٹر چلا گیا تو اس نے سالار سے کہا۔
"تمہاری طرف سے لنچ کی یہ دعوت بڑا اچھا سرپرائز ہے میرے لئے۔پہلے تو تم نے کبھی ایسی دعوت نہیں دی؟بلکہ میری دعوت بھی رد کرتے رہے۔"
"ہاں لیکن اب ہم دونوں کے لیے کچھ باتیں کرنا ضروری ہو گیا تھا۔مجھے اسی لئے تمہیں یہاں بلانا پڑا۔"سالار نے کہا۔
رمشہ نے گہری نظروں سے اسے دیکھا۔
"کچھ باتیں؟۔۔۔۔۔کون سی باتیں؟"
"پہلے لنچ کرلیں ، اس کے بعد کریں گے۔"سالار نے اسے ٹالتے ہوئے کہا۔
"مگر لنچ آنے اور کھانے میں کافی وقت لگے گا۔کیا یہ بہتر نہیں ہے کہ ہم وہ باتیں ابھی کر لیں؟"رمشہ نے قدرے بےتابی سے کہا۔
"نہیں ، یہ بہتر نہیں ہے۔لنچ کے بعد۔"سالار نے مسکراتے ہوئے مگر حتمی انداز میں کہا۔
رمشہ نے اس بار اصرار نہیں کیا۔وہ دونوں ہلکی پھلکی گفتگو کرنے لگے پھر لنچ آ گیا اور وہ دونوں لنچ میں مصروف ہو گئے۔
لنچ سے فارغ ہونے میں تقریباً پون گھنٹہ لگا ، پھر سالار نے ویٹر سے کافی منگوا لی۔
"میرا خیال ہے اب بات شروع کرنی چاہئیے۔"
رمشہ نے کافی کا پہلا گھونٹ لیتے ہوئے کہا۔سالار اب بہت سنجیدہ نظر آ رہا تھا۔وہ سر جھکائے اپنی کافی میں چمچ ہلا رہا تھا۔رمشہ کی بات پر اس نے سر اُٹھا کر اسے دیکھا۔
"میں تم سے اس کارڈ کے بارے میں بات کرنا چاہتا ہوں ، جو تم نے دو دن پہلے مجھے بھیجا ہے۔"رمشہ کا چہرہ قدرے سُرخ ہو گیا۔
دو دن پہلے جب وہ شام کو اپنے فلیٹ پر پہنچا تو وہاں ایک کارڈ اور بکے اس کا منتظر تھا۔وہ ایک ہفتہ ہانگ کانگ میں بنک کے کسی کام کے لئے رہا تھا اور اسی شام واپس آیا تھا۔کارڈ رمشہ کا بھیجا ہوا تھا۔
"تمہیں دوبارہ دیکھ کر مجھے کتنی خوشی ہو گی اس کا اظہار ناممکن ہے۔"
سالار کارڈ پر لکھے پیغام کو پڑھ کر چند لمحوں کے لئے ساکت رہ گیا۔اس کے بدترین خدشات درست ثابت ہوئے تھے۔رمشہ اس کے لئے اپنے احساسات کا اظہار کر رہی تھی۔
سالار نے اگلے دو دن اس کارڈ کے بارے میں رمشہ سے کوئی تذکرہ نہیں کیا لیکن اس نے ویک اینڈ پر اسے لنچ کی دعوت دے ڈالی۔رمشہ کے ساتھ اب ان تمام باتوں کو کلئیر کرنا ضروری ہو گیا تھا۔
"تمہیں کارڈ بُرا لگا؟"رمشہ نے کہا۔
"نہیں ، پیغام۔"
رمشہ کچھ شرمندہ ہو گئی۔
"آئی ایم سوری ، مگر میں صرف ۔۔۔۔۔سالار! میں تمہیں بتانا چاہ رہی تھی کہ میں نے تمہیں کتنا مس کیا۔"
سالار نے کافی کا ایک گھونٹ لیا۔
"تم مجھے اچھے لگتے ہو ، میں تم سے شادی کرنا چاہتی ہوں۔"
رمشہ نے چند لمحوں کے توقف کے بعد کہا۔
"ہو سکتا ہے یہ پروپوزل تمہیں عجیب لگے لیکن میں بہت عرصے سے اس سلسلے میں تم سے بات کرنا چاہ رہی تھی۔میں تم سے فلرٹ نہیں کر رہی ہوں جو کچھ کارڈ میں میں نے لکھا ہے میں واقعی تمہارے لیے وہی جذبات رکھتی ہوں۔"
سالار نے اسے بات مکمل کرنے دی۔اب وہ کافی کا کپ نیچے رکھ رہا تھا۔
"لیکن میں تم سے شادی نہیں کرنا چاہتا۔"جب وہ خاموش ہو گئی تو اس نے دو ٹوک انداز میں کہا۔
"کیوں؟"
"کیا اس سوال کا جواب ضروری ہے؟"سالار نے کہا۔
"نہیں ، ضروری نہیں ہے مگر بتانے میں کیا حرج ہے۔"
"تم مجھ سے شادی کیوں کرنا چاہتی ہو؟"سالار نے جواباً پوچھا۔
"کیونکہ تم مختلف ہو۔"
سالار ایک گہری سانس لے کر رہ گیا۔
"عام مردوں جیسے نہیں ہو ، وقار ہے تم میں ، کلچرڈ اور گرومڈ ہو۔"
"میں ایسا نہیں ہوں۔"
"ثابت کرو۔"رمشہ نے چیلنج کیا۔
"کر سکتا ہوں ، مگر نہیں کروں گا۔"اس نے کافی کا کپ دوبارہ اٹھاتے ہوئے کہا۔
"ہر مرد سالار سکندر سے بہتر ہے۔"
"کس لحاظ سے؟"
"ہر لحاظ سے۔"
"میں نہیں مانتی۔"
"تمہارے نہ ماننے سے حقیقت نہیں بدلے گی۔"
"میں تمہیں جانتی ہوں ، ڈیڑھ سال سے تمہارے ساتھ کام کر رہی ہوں۔"
"مردوں کے بارے میں اتنی جلدی کسی رائے پر پہنچنا مناسب نہیں ہوتا۔"
"تمہاری کوئی بات تمہارے بارے میں میری رائے کو تبدیل نہیں کر سکتی۔"رمشہ اب بھی اپنی بات پر قائم تھی۔
"تم جس فیملی سے تعلق رکھتی ہو ، جس سوسائٹی میں موو کرتی ہو ، وہاں تمہیں مجھ سے زیادہ اچھے مرد مل سکتے ہیں۔"
"تم مجھ سے صرف اپنی بات کرو۔"
"رمشہ! میں کسی اور سے محبت کرتا ہوں۔"
اس نے بالآخر کہہ دیا۔اس ساری گفتگو میں پہلی بار رمشہ کی رنگت زرد پڑی۔
"تم نے۔۔۔۔۔تم نے کبھی۔۔۔۔۔کبھی نہیں بتایا۔"
سالار آہستہ سے مسکرایا۔""ہمارے درمیان اتنی بےتکلفی تو کبھی بھی نہیں رہی۔"
"تم اس سے شادی کر رہے ہو؟"
دونوں کے درمیان اس بار خاموشی کا ایک طویل وقفہ آیا۔
"ہو سکتا ہے کچھ مشکلات کی وجہ سے میری وہاں شادی نہ ہو سکے۔"سالار نے کہا۔
"میں تمہاری بات سمجھ نہیں سکی۔تم کسی سے محبت کر رہے ہو ، یہ جانتے ہوئے کہ وہاں تمہاری شادی نہیں ہو سکتی؟"
"کچھ ایسا ہی ہے۔"
"سالار! تم ۔۔۔۔۔تم اتنے جذباتی تو نہیں ہو۔ایک پریکٹکل آدمی ہو کر تم کس طرح کی عجیب بات کر رہے ہو۔"
رمشہ استہزائیہ انداز میں ہنس دی۔
"فرض کیا کہ وہاں تمہاری شادی نہیں ہوئی تو پھر۔۔۔۔۔۔پھر کیا تم شادی نہیں کرو گے؟"
"نہیں۔"
رمشہ نے نفی میں سر ہلایا۔I can’t believe it ۔( مجھے یقین نہیں آ رہا ) ۔
"مگر ایسا ہی ہے ، میں نے اگر شادی کا سوچا بھی تو دس پندرہ سال بعد ہی سوچوں گا اور دس پندرہ سال تک ضروری نہیں کہ میں زندہ رہوں۔"
اس نے بےحد خشک لہجے میں کہتے ہوئے ویٹر کو ہاتھ کے اشارے سے اپنی طرف بلایا۔
"میں چاہتا ہوں رمشہ! کہ آج کی اس گفتگو کے بعد ہم دونوں کے درمیان دوبارہ کوئی ایسا مسئلہ پیدا نہیں ہو۔ہم اچھے کولیگ ہیں۔میں چاہتا ہوں یہ تعلق ایسے ہی رہے۔میرے لئے اپنا وقت ضائع مت کرو ، میں وہ نہیں ہوں ، جو تم مجھے سمجھ رہی ہو۔"
ویٹر قریب آ گیا تھا۔سالار اس کا لایا ہوا بل ادا کرنے لگا۔
رمشہ ، سالار کا چہرہ دیکھتی رہی۔وہ اب کسی گہری سوچ میں ڈوبی ہوئی تھی۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
سالار اس روز کسی کام سے لنچ بریک کے بعد آفس سے نکل آیا۔ریلوے کراسنگ پر ٹریفک کا اژدھام دیکھ کر اس نے دور سے ہی گاڑی موڑ لی۔وہ اس وقت کسی ٹریفک جام میں پھنس کر وقت ضائع کرنا نہیں چاہتا تھا۔
گاڑی کو پیچھے موڑ کر اس نے ایک دوسری سڑک پر ٹرن لے لیا۔وہ اس سڑک پر تھوڑا ہی آگے گیا تھا جب اس نے سڑک کے کنارے فٹ پاتھ پر ایک بوڑھی خاتون کو بیٹھے دیکھا۔وہ ایک ہائی روڈ تھی اور اس وقت بالکل سنسان تھی۔خاتون اپنے لباس اور چہرے سے کسی بہت اچھے گھرانے کی نظر آ رہی تھیں۔اس کے ہاتھ میں سونے کی کچھ چوڑیاں بھی نظر آ رہی تھیں اور سالار کو خدشہ ہوا کہ اس اکیلی سڑک پر وہ کسی حادثے کا شکار نہ ہو جائیں۔اس نے گاڑی ان کے قریب لے جا کر روک دی۔خاتون کی سفید رنگت اس وقت سرخ تھی اور سانس پھولا ہوا تھا اور شاید وہ اپنا سانس ٹھیک کرنے کے لئے ہی سڑک کنارے بیٹھی تھیں۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭
اس نے گاڑی ان کے قریب لے جا کر روک دی۔خاتون کی سفید رنگت اس وقت سرخ تھی اور سانس پھولا ہوا تھا اور شاید وہ اپنا سانس ٹھیک کرنے کے لئے ہی سڑک کنارے بیٹھی تھیں۔
السلام علیکم اماں! کیا مسئلہ ہے ، آپ یہاں کیوں بیٹھی ہیں؟"
سالار نے اپنے سن گلاسز اُتارتے ہوئے کھڑکی سے سر نکال کر پوچھا۔
"بیٹا! مجھے رکشہ نہیں مل رہا۔"
سالار ان کی بات پر حیران ہوا۔وہ مین روڈ نہیں تھی۔ایک رہائشی علاقے کی ہائی روڈ تھی اور وہاں رکشہ ملنے کا امکان نہیں تھا۔
"اماں جی! یہاں سے تو آپ کو رکشہ مل بھی نہیں سکتا۔آپ کو جانا کہاں ہے؟"
اس خاتون نے اسے اندرون شہر کے ایک علاقے کا نام بتایا۔سالار کے لئے بالکل ممکن نہیں تھا کہ وہ انہیں وہاں چھوڑ آتا۔
"آپ میرے ساتھ آ جائیں۔میں آپ کو مین روڈ پر چھوڑ دیتا ہوں۔وہاں سے آپ کو رکشہ مل جائے گا۔"
سالار نے پچھلے دروازے کا لاک کھولا اور پھر اپنی سیٹ سے اتر گیا مگر اماں جی اسے خاصی متامل نظر آئیں۔وہ ان کے اندیشوں کو بھانپ گیا۔
"اماں جی! ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے۔میں شریف آدمی ہوں۔آپ کو نقصان نہیں پہنچاؤں گا۔میں صرف آپ کی مدد کرنا چاہتا ہوں ، کیونکہ اس سڑک سے تو آپ کو رکشہ ملے گا نہیں اور اس وقت سڑک سنسان ہے ، آپ نے زیور پہنا ہوا ہے ، کوئی نقصان پہنچا سکتا ہے آپ کو۔"
سالار نے نرمی سے ان کے اندیشے دور کرنے کی کوشش کی۔خاتون نے اپنی عینک درست کرتے ہوئے اپنی چوڑیوں کو دیکھا اور پھر سالار سے کہا۔
"لو۔۔۔۔۔یہ سارا زیور تو نقلی ہے۔"
"چلیں ، یہ تو بہت اچھی بات ہے مگر کوئی بھی غلط فہمی کا شکار ہو سکتا ہے۔کوئی آپ سے یہ تھوڑی پوچھے گا کہ یہ زیور اصلی ہے یا نقلی۔"
سالار نے ان کے جھوٹ کا پردہ رکھتے ہوئے کہا۔
وہ اب سوچ میں پڑ گئیں۔سالار کو دیر ہو رہی تھی۔
"ٹھیک ہے اماں جی! آپ اگر مناسب نہیں۔۔۔۔۔"
اس نے واپس اپنی گاڑی کی طرف قدم بڑھائے تو اماں جی فوراً بول اٹھیں۔
"نہیں ، نہیں۔میں چلتی ہوں تمہارے ساتھ۔پہلے ہی ٹانگیں ٹوٹ رہی ہیں چل چل کے۔"
وہ ٹانگوں پر زور دیتے ہوئے اُٹھنے کی کوشش کرنے لگیں۔
سالار نے ان کا بازو پکڑ کر انہیں اُٹھایا۔پچھلی سیٹ کا دروازہ کھول کر انہیں اندر بٹھا دیا۔
ہائی روڈ کو تیزی سے کراس کر کے وہ مین روڈ پر آ گیا۔اب وہ کسی خالہ رکشہ کی تلاش میں تھا مگر اسے رکشہ نظر نہیں آیا۔وہ آہستہ آہستہ گاڑی چلاتے ہوئے کسی خالی رکشے کی تلاش میں ٹریفک پر نظریں دوڑانے لگا۔
"نام کیا ہے بیٹا تمہارا؟"
"سالار۔"
"سلار؟"انہوں نے جیسے تصدیق چاہی۔وہ بےاختیار مسکرایا۔زندگی میں پہلی بار اس نے اپنے نام کو بگڑتے سنا تھا۔تصحیح کا کوئی فائدہ نہیں تھا۔وہ پنجابی خاتون تھیں اور اس سے بمشکل اردو میں بات کر رہی تھیں۔
"جی۔"سالار نے تصدیق کی۔
"یہ کیا نام ہوا ، مطلب کیا ہے اس کا؟"انہوں نے یک دم دلچسپی لی۔
سالار نے انہیں اپنے نام کا مطلب اس بار پنجابی میں سمجھایا۔اماں جی کو اس کے پنجابی بولنے پر خاصی خوشی ہوئی اور اب وہ پنجابی میں گفتگو کرنے لگیں۔
سالار کے نام کا مطلب پوچھنے کے بعد انہوں نے کہا۔
"میری بڑی بہو کے ہاں بیٹا ہوا ہے۔"
وہ حیران ہوا اسے توقع نہیں تھی کہ نام کا مطلب جاننے کے بعد ان کا اگلا جملہ یہ ہو گا۔
"جی۔۔۔۔۔مبارک ہو۔"فوری طور پر اسے یہی سوجھا۔
"خیر مبارک۔"
انہوں نے خاصی مسرت سے اس کی مبارک باد وصول کی۔
"میری بہو کا فون آیا تھا ، پوچھ رہی تھی کہ امی! آپ نام بتائیں۔میں تمہارا نام دے دوں؟"
اس نے بیک ویو مرر سے کچھ حیران ہو کر انہیں دیکھا۔
"دے دیں۔"
"چلو یہ مسئلہ تو حل ہوا۔"
اماں جی اب اطمینان سے عینک اُتار کر اپنی بڑی سی چادر کے پلو سے اس کے شیشے صاف کرنے لگیں۔سالار کو ابھی تک کوئی رکشہ نظر نہیں آیا تھا۔
"عمر کتنی ہے تمہاری؟"انہوں نے گفتگو کا سلسلہ وہیں سے جوڑا جہاں سے توڑا تھا۔
"تیس سال۔"
"شادی شدہ ہو؟"
سالار سوچ میں پڑ گیا۔وہ ہاں کہنا چاہتا تھا مگر اس کا خیال تھا کہ ہاں کی صورت میں سوالات کا سلسلہ مزید دراز ہو جائے گا اس لئے بہتر یہی تھا کہ انکار کر دے اور اس کا یہ اندازہ اس دن کی سب سے فاش غلطی ثابت ہوا۔
"نہیں۔"
"شادی کیوں نہیں کی؟"
"بس ایسے ہی۔خیال نہیں آیا۔"اس نے جھوٹ بولا۔
"اچھا۔"
کچھ دیر خاموشی رہی۔سالار دعائیں کرتا رہا کہ اسے رکشہ جلدی مل جائے۔اسے دیر ہو رہی تھی۔
"کیا کرتے ہو تم؟"
"میں بینک میں کام کرتا ہوں۔"
"کیا کام کرتے ہو؟"
سالار نے اپنا عہدہ بتایا۔اسے اندازہ تھا کہ اماں جی کے اوپر سے گزرے گا مگر وہ اس وقت ہکا بکا رہ گیا جب انہوں نے بڑے اطمینان سے کہا۔
"یہ افسر ہوتا ہے نا؟"
وہ بےاختیار ہنسا۔اس سے زیادہ اچھی وضاحت کوئی اس کے کام کی نہیں دے سکتا تھا۔
"جی ا ماں جی!"افسر" ہوتا ہے۔"وہ محفوظ ہوا۔
"کتنا پڑھے ہو تم؟"
"سولہ جماعتیں۔"
اس بار سالار نے اماں جی کا فارمولا استعمال کرتے ہوئے اپنی تعلیم کو آسان لفظوں میں پیش کیا۔اماں جی کا جواب اس بار بھی حیران کن تھا۔
"یہ کیا بات ہوئی سولہ جماعتیں۔۔۔۔۔؟ایم بی اے کیا ہے یا ایم اے اکنامکس؟"
سالار نے بےاختیار پلٹ کر اماں جی کی کو دیکھا۔وہ اپنی عینک کے شیشوں سے اسے گھور رہی تھیں۔
"اماں جی! آپ کو پتا ہے ایم بی اے کیا ہوتا ہے یا ایم اے اکنامکس کیا ہوتا ہے؟"وہ واقعی حیران تھا۔
"لو مجھے نہیں پتا ہو گا؟میرے بڑے بیٹے نے پہلے ایم اے اکنامکس کیا ادھر پاکستان سے پھر انگلینڈ جا کر اس نے ایم بی اے کیا۔وہ بھی بینک میں ہی کام کرتا ہے مگر ادھر انگلینڈ میں۔اسی کا تو بیٹا ہوا ہے۔"
سالار نے ایک گہری سانس لیتے ہوئے گردن واپس موڑ لی۔
"تو پھر تم نے بتایا نہیں؟"
"کیا؟"
سالار کو فوری طور پر یاد نہیں آیا کہ انہوں نے کیا پوچھا تھا۔
"اپنی تعلیم کے بارے میں؟"
"میں نے ایم بی اے کیا ہے۔"
"کہاں سے؟"
"امریکہ سے۔"
"اچھا۔۔۔۔ماں باپ ہیں تمہارے؟"
"جی۔"
"کتنے بہن بھائی ہیں؟"سوالات کا سلسلہ دراز ہوتا جا رہا تھا۔
"پانچ۔"سالار کو کوئی جائے فرار نظر نہیں آ رہی تھی۔
"کتنی بہنیں اور کتنے بھائی؟"
"ایک بہن اور چار بھائی۔"
"شادیاں کتنوں کی ہوئی ہیں؟"
"میرے علاوہ سب کی۔"
"تم سب سے چھوٹے ہو؟"
"نہیں ، چوتھے نمبر پر ہوں۔ایک بھائی چھوٹا ہے۔"
سالار کو اب پہلی بار اپنے "سوشل ورک" پر پچھتاوا ہونے لگا۔
"اس کی بھی شادی ہو گئی؟"
"جی۔"
"تو پھر تم نے شادی کیوں نہیں کی؟کوئی محبت کا چکر تو نہیں؟"
اس بار سالار کے پیروں کے نیچے سے حقیقت میں زمین کھسک گئی۔وہ ان کی قیافہ شناسی کا قائل ہونے لگا۔
"اماں جی! رکشہ نہیں مل رہا۔آپ مجھے ایڈریس بتا دیں ، میں آپ کو خود چھوڑ آتا ہوں۔"سالار نے ان کے سوال کا جواب گول کر دیا۔
دیر تو اسے پہلے ہی ہو چکی تھی اور رکشے کا ابھی بھی کہیں نام و نشان نہیں تھا اور وہ اس بوڑھی خاتون کو کہیں سڑک پر بھی کھڑا نہیں کر سکتا تھا۔
اماں جی نے اسے پتا بتایا۔
سالار کی سمجھ میں نہیں آیا۔ایک چوک میں کھڑے ٹریفک کانسٹیبل کو اس نے وہ پتا دوہرا کر مدد کرنے کے لئے کہا۔کانسٹیبل نے اسے علاقے کا رستہ سمجھایا۔
سالار نے دوبارہ گاڑی چلانا شروع کی۔
"تو پھر تم نے مجھے بتایا نہیں کہ کہیں محبت کا چکر تو نہیں تھا؟"
سالار کا دل چاہا کہیں ڈوب کر مر جائے۔وہ خاتون ابھی تک اپنا سوال نہیں بھولی تھیں جبکہ وہ صرف اس سوال کے جواب سے بچنے کے لئے انہیں گھر چھوڑنے پر تیار ہوا تھا۔
"نہیں اماں جی! ایسی کوئی بات نہیں۔"
اس نے اس بار سنجیدگی سے کہا۔
"الحمدللہ۔"وہ اماں جی کی اس "الحمدللہ" کا سیاق و سباق سمجھ نہیں پایا تھا اور اس نے اس کا تردد بھی نہیں کیا۔
اماں جی اب اس کے ماں باپ کے بارے میں کرید کرید کر معلومات حاصل کرنے کی کوشش فرما رہی تھیں۔سالار واقعی مصیبت میں پھنس گیا تھا۔
سب سے بڑی گڑبڑ اس وقت ہوئی جب وہ اماں جی کے بتائے ہوئے علاقے میں پہنچا اور اس نے اماں جی سے مطلوبہ گلی کی طرف رہنمائی کرنے کی درخواست فرمائی اور اماں جی نے کمال اطمینان سے کہا۔
"اب یہ تو مجھے پتہ ہے کہ اس علاقے میں گھر ہے مگر پتہ مجھے معلوم نہیں۔"
وہ بھونچکا رہ گیا۔
"اماں جی! تو گھر کیسے پہنچاؤں میں آپ کو۔پتے کے بغیر اس علاقے میں آپ کو کہاں ڈراپ کروں؟"
وہ اپنے گھر پر لکھا نمبر اور نام بتانے لگیں۔
"نہیں اماں جی! آپ مجھے گلی کا نام بتائیں۔"
وہ گلی کے نام کی بجائے نشانیاں بتانے لگیں۔
"حلوائی کی ایک دکان ہے گلی کے کونے میں۔۔۔۔۔بہت کھلی گلی ہے۔۔۔۔۔پرویز صاحب کا گھر بھی وہیں ہے ، جن کے بیٹے نے جرمنی میں شادی کی ہے پچھلے ہفتے۔۔۔۔۔پہلی بیوی اس کی ادھر ہی ہے ہمارے محلے میں۔۔۔۔۔شادی کی اطلاع ملنے پر بےچاری نے رو رو کر محلہ سر پر اُٹھا لیا۔"وہ نشانیاں بتاتے بتاتے کہیں اور نکل گئیں۔
سالار نے سڑک کے کنارے گاڑی کھڑی کر دی۔
"اماں جی! آپ کے شوہر کا کیا نام ہے؟گھر کے بارے میں اور گلی کے بارے میں کچھ تفصیل سے بتائیں ، اس طرح تو میں کبھی بھی آپ کو گھر نہیں پہنچا سکوں گا۔"
اس نے تحمل سے کام لیتے ہوئے کہا۔
"میں سعیدہ اماں کے نام سے جانی جاتی ہوں۔میاں بیچارے تو دس سال پہلے فوت ہو گئے۔ان کو تو لوگ بھول بھال گئے اور گلی کا میں تمہیں بتا رہی ہوں ، بہت بڑی گلی ہے۔تین دن پہلے گٹر کے دو ڈھکن لگا کر گئے ہیں ، بالکل نئے۔سیمنٹ سے جوڑ کر گئے ہیں۔ہر ماہ کوئی نہ کوئی اُتار کر لے جاتا تھا ، اب بےفکری ہو گئی ہے۔"
سالار نے بےاختیار گہرا سانس لیا۔
"اماں جی! کیا میں کہہ کر لوگوں سے آپ کی گلی کا پوچھوں کہ گٹر کے دو نئے ڈھکنوں والی گلی آپ وہاں کے کسی ایسے شخص کا نام بتائیں جسے لوگ جانتے ہوں جو قدرے معروف ہو۔"
"وہ مرتضیٰ صاحب ہیں جن کے بیٹے مظفر کی ٹانگ ٹوٹ گئی تھی کل صبح۔"
"اماں جی! یہ کوئی تعارف نہیں ہوتا۔"
وہ اس کی بات پر برا مان گئیں۔
"لو بھلا، اب کیا ہر گھر میں ٹانگ ٹوٹتی ہے کسی نا کسی کی۔"
سالار چپ چاپ گاڑی سے اتر گیا۔ آس پاس کی دوکانوں سے اس نے سعیدہ اماں کے بتائے ہوئے "کوائف" کے مطابق گلی تلاش کرنا شروع کی، مگر جلد ہی اسے پتا چل گیا کہ ان نشانیوں کے ساتھ وہ کم از کم آج کی تاریخ میں گھر نہیں ڈھونڈ سکتا۔
وہ مایوس ہو کر واپس لوٹا۔
"اماں جی! گھر میں فون ہے آپ کے؟ گاڑی کے اندر گھستے ہی اس نے پوچھا۔
"ہاں ہے۔"
سالار نے سکون کا سانس لیا۔
"اس کا نمبر بتائیں مجھے۔" سالار نے اپنا موبائل نکالتے ہوئے کہا۔
"نمبر کا تو مجھے نہیں پتا۔"
وہ ایک بار پھر دھک سے رہ گیا۔
"فون نمبر بھی نہیں پتا۔؟ اس نے شدید صدمے کے عالم میں کہا۔
"بیٹا! میں نے کون سا کبھی فون کیا ہے۔ میرے بیٹے خود کر لیتے ہیں، رشتہ دار بھی خود کر لیتے ہیں یا ضرورت ہو تو بیٹی فون ملا دیتی ہے۔"
"ادھر ماڈل ٹاؤن میں کس کے پاس گئی تھیں؟"
سالار کو یک دم خیال آیا۔
"ادھر کچھ رشتہ دار ہیں میرے۔ پوتے کی مٹھائی دینے گئی تھی۔"
انہوں نے فخریہ بتایا۔
سالار نے سکون کا سانس لیتے ہوئے گاڑی سٹارٹ کی۔
"ٹھیک ہے ادھر ہی چلتے ہیں۔ وہاں کا پتہ بتائیں۔"
"پتہ تو مجھے نہیں پتا۔"
سالار اس بار صدمے سے کچھ دیر کے لئے بول بھی نہ سکا۔
"تو پھر گئیں کیسے تھیں آپ؟"
"بیٹا! اصل میں جہاں جانا ہو ہمسائے کے بچے چھوڑ آتے ہیں، ان ہی کو گھر کا پتہ ہے۔ پچھلے دس سال سے مجھے وہی لے کر جا رہے ہیں۔ وہ چھوڑ آتے ہیں اور پھر وہاں سے بلال وغیرہ واپس چھوڑ جاتے ہیں۔ اصل میں یہ بلال وغیرہ بھی پہلے میرے محلے میں ہی رہتے تھے۔ یہی کوئی دس بارہ سال پہلے ادھر گئے ہیں اس لئے میرے پورے محلے کو ان کے گھر کا پتا ہے۔"
سالار نے کچھ نہیں کہا۔ اسے اب بھی امید تھی کہ جہاں سے اس نے ان خاتون کو پک کیا ہے بلال وغیرہ کا گھر وہیں کہیں ہو گا۔
سعیدہ اماں کی گفتگو جاری تھی۔
"آج تو ایسا ہوا کہ بلال کے گھر پر کوئی تھا ہی نہیں، صرف ملازمہ تھی ۔ میں کچھ دیر بیٹھی رہی پھر بھی وہ لوگ نہیں آئے تو میں نے سوچا خود گھر چلی جاؤں اور پھر ماشاءاللہ تم مل گئے۔"
"اماں جی! آپ رکشے والے کو کیا بتاتیں؟"
"وہی جو تمہیں بتایا ہے۔"
وہ ان کی ذہانت پر باغ باغ ہو گیا۔
"اس سے پہلے کبھی آپ اس طرح پتہ بتا کر گھر پہنچی ہیں؟"
اس نے قدرے افسوس بھرے لہجے میں گاڑی ریورس کرتے ہوئے پوچھا۔
"نہ ۔۔۔۔۔کبھی نہیں۔۔۔۔۔ضرورت ہی نہیں پڑی۔"
سعیدہ اماں کا اطمینان قابل رشک تھا۔ سالار مزید کچھ کہے بغیر گاڑی سڑک پر لے آیا۔
"اب تم کہاں جا رہے ہو؟"
سعیدہ اماں زیادہ دیر چپ نہیں رہ سکیں۔
"جہاں سے میں نے آپ کو لیا تھا گھر اسی سڑک پر ہو گا،آپ نے کوئی ٹرن تو نہیں لیا تھا؟"
سالار نے بیک ویو مرر سے انہیں دیکھتے ہوئے پوچھا۔
"نہیں، میں نے نہیں لیا۔"
سعیدہ اماں نے قدرے الجھے ہوئے انداز میں کہا۔
سالار نے ان کے لہجے پر غور نہیں کیا۔ اس نے اطمینان کی سانس لی۔ اس کا مطلب تھا گھر اس سڑک پر ہی کہیں تھا اور گلیوں کی نسبت کالونی میں گھر تلاش کرنا آسان تھا۔ وہ بھی اس صورت میں جب اسے صرف ایک سڑک کے گھر دیکھنے تھے۔
"تم سگریٹ پیتے ہو؟"
خاموشی یک دم ٹوٹی۔ وہ گاڑی ڈرائیو کرتے کرتے چونک گیا۔
"میں۔۔۔۔۔؟"
اس نے بیک ویو مرر میں دیکھا۔ سعیدہ اماں بھی بیک ویو مرر میں ہی دیکھ رہی تھیں۔
"آ۔۔۔۔۔ نہیں۔"
وہ سوال کو سمجھ نہیں سکا تھا۔
"کوئی اور نشہ وغیرہ۔"
وہ اس بار سوال سے زیادہ ان کی بے تکلفی پر حیران ہوا تھا۔
"آپ کیوں پوچھ رہی ہیں؟"
"بس ویسے ہی۔اب اتنا لمبا راستہ میں خاموش کیسے رہوں گی۔"
انہوں نے اپنی مجبوری بتائی۔
"آپ کو کیا لگتا ہے، میں کرتا ہوں گا کوئی نشہ؟"
سالار نے جواباً ان سے پوچھا۔
"نہیں، کہاں۔۔۔۔۔اسی لئے تو میں پوچھ رہی ہوں۔۔۔۔۔ تو پھر نہیں کرتے؟"
ان کے انداز نے اس بار سالار کو محظوظ کیا۔
"نہیں۔" اس نے مختصراً کہا۔ وہ اب سگنل پر رکے ہوئے تھے۔
"کوئی گرل فرینڈ ہے؟" سالار کو لگا اسے سننے میں کوئی غلطی ہوئی ہے۔ اس نے پلٹ کر سعیدہ اماں کو دیکھتے ہوئے پوچھا۔
"آپ نے کیا پوچھا ہے؟"
"میں نے کہا، کوئی گرل فرینڈ ہے؟" سعیدہ اماں نے "گرل فرینڈ" پر زور دیتے ہوئے کہا۔
سالار کھلکھلا کر ہنس پڑا۔
"آپ تو پتا ہے گرل فرینڈ کیا ہوتی ہے؟"
سعیدہ اماں اس کے سوال پر برا مان گئیں۔
"کیوں بھئی۔۔۔۔۔ دو بیٹے ہیں میرے، مجھے نہیں پتا ہو گا کہ گرل فرینڈ کیا ہوتی ہے۔ جب انہیں باہر پڑھنے کے لئے بھیجا تھا تو کہہ کر بھیجا تھا میرے شوہر نے کہ گرل فرینڈ نہیں ہونی چاہئیے اور پھر مہینے میں ایک بار فون آتا تھا دونوں کا۔"
سگنل کھل گیا۔ سالار مسکراتے ہوئے سیدھا ہو گیا اور ایکسیلیٹر پر پاؤں دبا دیا۔
سعیدہ اماں نے بات جاری رکھی۔
"میں دونوں سے کہتی تھی کہ قسم کھا کر بتائیں، انہوں نے کوئی گرل فرینڈ بنائی تو نہیں۔ جب تک شادیاں نہیں ہو گئیں۔ ہر بار فون پر سب سے پہلے دونوں قسم کھا کر یہی بتایا کرتے تھے مجھے۔ سلام بھی بعد میں کیا کرتے تھے۔"
وہ فخریہ انداز میں بتاتی جا رہی تھیں۔
"بڑے تابعدار بچے ہیں میرے، دونوں نے گرل فرینڈ نہیں بنائی۔"
"آپ نے اپنی پسند سے دونوں کی کہیں شادیاں کی ہیں؟"
سالار نے پوچھا۔
"نہیں، دونوں نے ادھر ہی اپنی پسند سے شادیاں کی ہیں۔"
انہوں نے سادگی سے کہا۔ سالار کے حلق سے بے اختیار قہقہہ نکلا۔
"کیا ہوا؟" سعیدہ اماں نے سنجیدگی سے پوچھا۔
"کچھ نہیں، آپ کی بہوئیں انگریز ہیں؟"
"نہیں، پاکستانی ہیں مگر وہیں رہتی تھیں۔ میرے بیٹوں کے ساتھ کام کرتی تھیں مگر تم ہنسے کیوں؟"
سعیدہ اماں نے اپنا سوال دہرایا۔
"کوئی خاص بات نہیں۔"
سعیدہ اماں کچھ دیر خاموش رہیں پھر انہوں نے کہا۔
"تو تم نے بتایا نہیں کہ گرل فرینڈ۔۔۔۔۔"
سالار نے بات کاٹ دی۔
"نہیں ہے سعیدہ اماں! گرل فرینڈ بھی نہیں ہے۔"
"ماشاءاللہ۔۔۔۔۔ ماشاءاللہ۔" وہ ایک بار پھر اس ماشاءاللہ کا سیاق وسباق سمجھنے میں ناکام رہا۔
"گھر اپنا ہے؟"
"نہیں کرائے کا ہے۔"
"کوئی ملازم وغیرہ ہے؟"
"مستقل تو نہیں ہے مگر صفائی وغیرہ کے لئے ملازم رکھا ہوا ہے۔"
"اور یہ گاڑی تو اپنی ہی ہو گی؟"
"جی۔"
"اور تنخواہ کتنی ہے؟"
سالار روانی سے جواب دیتے دیتے ایک بار پھر چونکا۔ گفتگو کس نوعیت پر جا رہی تھی، فوری طور پر اس کی سمجھ میں نہیں آیا۔
"سعیدہ اماں! آپ یہاں اکیلی کیوں رہتی ہیں۔ اپنے بیٹوں کے پاس کیوں نہیں چلی جاتیں؟"
سالار نے موضوع بدلا۔
"ہاں، میرا یہی ارادہ ہے۔ پہلے تو میرا دل نہیں چاہتا تھا مگر اب یہ سوچا ہے کہ بیٹی کی شادی کر لوں تو پھر باہر چلی جاؤں گی۔ اکیلے رہتے رہتے تنگ آ گئی ہوں۔"
سالار اب اس سڑک پر آ گیا تھا جہاں سے اس نے سعیدہ اماں کو پک کیا تھا۔
"میں نے آپ کو یہاں سے لیا تھا۔ آپ بتائیں، ان میں سے کون سا گھر ہے؟" سالار نے گاڑی کی رفتار آہستہ کرتے ہوئے دائیں طرف کے گھروں پر نظر ڈالی۔
"نمبر کا نہیں پتا، گھر کی تو پہچان ہو گی آپ کو؟"
سعیدہ اماں بغور گھروں کو دیکھ رہی تھیں۔
"ہاں۔۔۔۔ ہاں گھر کی پہچان ہے۔"
وہ گھر کی نشانیاں بتانے لگیں جو اتنی ہی مبہم تھیں، جتنا ان کے اپنے گھر کا پتہ۔ وہ سڑک کے آخری سرے پر پہنچ گئے۔ سعیدہ اماں گھر نہیں پہچان سکیں۔ سالار، بلال کے والد کا نام پوچھ کر گاڑی سے نیچے اتر گیا اور باری باری دونوں اطراف کے گھروں سے سعیدہ اماں کے بارے میں پوچھنے لگا۔
آدھ گھنٹہ کے بعد وہ اس سڑک پر موجود ہر گھر میں جا چکا تھا۔ مطلوبہ نام کے کسی آدمی کا گھر وہاں نہیں تھا۔
"آپ کو ان کا نام ٹھیک سے یاد ہے؟"
وہ تھک ہار کر سعیدہ اماں کے پاس آیا۔
"ہاں ۔۔۔۔ لو بھلا اب مجھے نام بھی پتا نہیں ہو گا۔"
سعیدہ اماں نے برا مانا۔
"لیکن اس نام کے کسی آدمی کا گھر یہاں نہیں ہے، نہ ہی کوئی آپ کے بارے میں جانتا ہے۔"
سالارنے گاڑی کا دروازہ کھول کر اندر بیٹھتے ہوئے کہا۔
"ہاں تو۔۔۔۔۔ یہ ساتھ والی سڑک پر دیکھ لو۔"
سعیدہ اماں نے کچھ فاصلے پر ایک اور سڑک کی طرف اشارہ کیا۔
"لیکن سعیدہ اماں! آپ نے کہا تھا کہ گھر اسی سڑک پر ہے۔" سالار نے کہا۔
"میں نے کب کہا تھا؟" وہ متعرض ہوئیں۔
"میں نے آپ سے پوچھا تھا کہ آپ نے ٹرن تو نہیں لیا۔ آپ نے کہا نہیں۔"سالار نے انہیں یاد کرایا۔
"وہ تو میں نے کہا تھا مگر یہ ہوتا کیا ہے؟"
سالار کا دل ڈوبا۔
"ٹرن؟"
"ہاں یہی۔"
"آپ کسی اور سڑک سے تو مڑ کر یہاں نہیں آئیں؟"
"لو تو اس طرح کہو نا۔" سعیدہ اماں کو تسلی ہوئی۔
"میں کیوں یہاں بیٹھ گئی تھی۔ تھک گئی تھی چل چل کر اور یہ سڑک تو چھوٹی سی ہے۔ یہاں میں چل کر کیا تھک سکتی تھی؟"
سالار نے گاڑی سٹارٹ کر لی۔ وہ دن بہت خراب تھا۔
"کس سڑک سے مڑ کر یہاں آئیں تھیں آپ؟"
اس نے سعیدہ اماں سے کہتے ہوئے گاڑی آگے بڑھائی۔
"میرا خیال ہے۔۔۔۔۔" وہ پہلی سڑک کو دیکھتے ہوئے الجھیں۔
"یہ ہے۔" انہوں نے کہا۔
سالار کو یقین تھا وہ سڑک نہیں ہو گی مگر اس نے گاڑی اس سڑک پر موڑ لی۔ یہ تو طے تھا کہ آج اس کا سارا دن اسی طرح ضائع ہونا تھا۔
اگلا ایک ڈیڑھ گھنٹہ وہ آس پاس کی مختلف سڑکوں پر سعیدہ اماں کو لے کر پھرتا رہا مگر اسے کوئی کامیابی نہیں ہوئی۔ سعیدہ اماں کو ہی گھر دور سے شناسا لگتا۔ پاس جانے پر وہ کہنا شروع کر دیتیں۔
"نہ۔۔۔۔۔ نہ۔۔۔۔۔ نہ۔۔۔۔۔ یہ نہیں ہے۔"
وہ بالآخر کالونی میں تلاش چھوڑ کر انہیں واپس اسی محلہ میں لے آیا جہاں وہ پہلے ان کا گھر ڈھونڈتا رہا تھا۔
مزید ایک گھنٹہ وہاں ضائع کرنے کے بعد جب وہ تھک کر واپس گاڑی کے پاس آیا تو شام ہو چکی تھی۔
سعیدہ اماں اس کے برعکس اطمینان سے گاڑی میں بیٹھی تھیں۔
"ملا؟"
انہوں نے سالار کے اندر بیٹھتے ہی پوچھا۔
"نہیں، اب تو رات ہو رہی ہے۔ تلاش بے کار ہے۔ میں پولیس میں رپورٹ کرا دیتا ہوں آپ کی۔ آپ کی بیٹی یا آپ کے محلے والے آپ کے نہ ملنے پر پولیس سے رابطہ تو کریں گے ہی۔۔۔۔۔ پھر وہ لے جائیں گے آپ کو۔"
سالار نے ایک بار پھر گاڑی سٹارٹ کرتے ہوئے تجویز پیش کی۔
"چچ۔۔۔۔۔چچ۔۔۔۔۔ آمنہ بیچاری پریشان ہو رہی ہو گی۔"
سعیدہ اماں کو اپنی بیٹی کا خیال آیا۔ سالار کا دل چاہا وہ ان سے کہے کہ وہ ان کی بیٹی سے زیادہ پریشان ہے مگر وہ خاموشی سے ڈرائیو کرتے ہوئے گاڑی پولیس سٹیشن لے آیا۔
رپورٹ درج کرانے کے بعد وہ اٹھ کر وہاں سے جانے لگا۔ سعیدہ اماں بھی اٹھ کھڑی ہوئیں۔
"آپ بیٹھیں۔۔۔۔۔ آپ یہیں رہیں گی۔"
سالار نے ان سے کہا۔
"نہیں۔۔۔۔۔ ہم انہیں یہاں کہاں رکھیں گے، آپ انہیں ساتھ لے جائیں، ہم نے کسی سے رابطہ کیا تو ہم انہیں آپ کا پتہ دے دیں گے۔" پولیس انسپکٹر نے کہا۔

"لیکن میں تو انہیں آپ کے حوالے کر دینا چاہتا ہوں۔" سالار معترض ہوا۔
"دیکھیں، بوڑھی خاتون ہیں، اگر کوئی رابطہ نہیں کرتا ہم سے تو رات کہاں رہیں گی یہ۔۔۔۔۔ اور اگر کچھ دن اور گزر گئے۔۔۔۔۔"
پولیس انسپکٹر کہتا گیا۔ سعیدہ اماں نے اسے بات مکمل کرنے نہیں دی۔
"نہیں، مجھے ادھر نہیں رہنا۔ بیٹا! میں تمہارے ساتھ ہی چلوں گی۔ میں ادھر کہاں بیٹھوں گی آدمیوں میں۔"
سالار نے انہیں پہلی بار گھبراتے ہوئے دیکھا۔
"لیکن میں تو۔۔۔۔۔ اکیلا رہتا ہوں، وہ کہتے کہتے رک گیا، پھر اسے فرقان کے گھر کا خیال آیا۔
"اچھا ٹھیک ہے چلیں۔" اس نے ایک گہرا سانس لیتے ہوئے کہا۔
باہر گاڑی میں آکر اس نے موبائل پر فرقان سے رابطہ قائم کیا۔ وہ انہیں فرقان کے ہاں ٹھہرانا چاہتا تھا۔ فرقان ابھی ہاسپٹل میں ہی تھا۔ اس نے موبائل پر ساری صورت حال اسے بتائی۔
"نوشین تو گاؤں گئی ہوئی ہے۔" فرقان نے اسے بتایا۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭

نوشین تو گاؤں گئی ہوئی ہے۔" فرقان نے اسے بتایا۔
"مگر کوئی مسئلہ نہیں، میں تھوڑی دیر میں آتا ہوں۔ انہیں اپنے فلیٹ پر لے جاؤں گا۔ وہ کون سی کوئی نوجوان خاتون ہیں کہ مسئلہ ہو جائے گا۔ تم ضرورت سے کچھ زیادہ ہی محتاط ہو رہے ہو۔"
"نہیں، میں ان کے آرام کے حوالے سے کہہ رہا تھا۔ آکورڈ نہ لگے انہیں۔" سالار نے کہا۔
"نہیں لگتا یار! پوچھ لینا تم ان سے، ورنہ پھر کسی ساتھ والے فلیٹ میں ٹھہرا دیں گے، عالم صاحب کی فیملی کے ساتھ۔"
"اچھا، تم آؤ پھر دیکھتے ہیں۔"
سالار نے موبائل بند کرتے ہوئے کہا۔
"کوئی بات نہیں بیٹا! میں تمہارے پاس ہی رہ لوں گی، تم میرے بیٹے کے برابر ہو مجھے اعتماد ہے تم پر۔"
سعیدہ اماں نے مطمئن لہجے میں کہا۔
سالار نے صرف مسکرانے پر اکتفا کیا۔
اس نے راستے میں رک کر ایک ریسٹورنٹ سے کھانا لیا۔ بھوک سے اس کا برا حال ہو رہا تھا اور یک دم اسے احساس ہوا کہ سعیدہ اماں بھی دوپہر سے اس کے ساتھ کچھ کھائے پئیے بغیر ہی پھر رہی ہیں۔ اسے ندامت کا احساس ہوا۔ اپنے فلیٹ کی طرف جاتے ہوئے اس نے راستے میں ایک جگہ رک کر سعیدہ اماں کے ساتھ سیب کا تازہ جوس پیا۔ وہ زندگی میں پہلی بار کسی بوڑھے شخص کے ساتھ اتنا وقت گزار رہا تھا اور اسے احساس ہو رہا تھا کہ یہ کام آسان نہیں تھا۔
فلیٹ میں پہنچ کر وہ ابھی سعیدہ اماں کے ساتھ کھانا کھا رہا تھا جب فرقان آ گیا۔
اس نے سعیدہ اماں سے خود ہی اپنا تعارف کرایا اور پھر کھانا کھانے لگا۔ چند منٹوں میں ہی وہ سعیدہ اماں کے ساتھ اتنی بے تکلفی کے ساتھ ٹھیٹھ پنجابی میں گفتگو کر رہا تھا کہ سالار کو رشک آنے لگا۔ اس نے فرقان سے اچھی گفتگو کرنے والا کبھی نہیں دیکھا تھا۔ اس کے گفتگو کے انداز میں کچھ نہ کچھ ایسا ضرور تھا کہ دوسرا اپنا دل اس کے سامنے کھول کر رکھ دینے پر مجبور ہو جاتا تھا۔ اتنے سالوں سے دوستی کے باوجود وہ فرقان کی طرح گفتگو کرنا نہیں سیکھ سکا تھا۔
دس منٹ بعد وہ وہاں خاموشی سے کھانا کھانے والے ایک سامع کی حیثیت اختیار کر چکا تھا جبکہ فرقان اور سعیدہ اماں مسلسل گفتگو میں مصروف تھے۔ سعیدہ اماں یہ جان کر کہ فرقان ڈاکٹر ہے، اس سے طبی مشورے لینے میں مصروف تھیں۔ کھانے کے خاتمے تک وہ فرقان کو مجبور کر چکی تھیں کہ وہ اپنا میڈیکل باکس لا کر ان کا چیک اپ کرے۔
فرقان نے انہیں یہ نہیں بتایا کہ وہ اونکولوجسٹ تھا۔ وہ بڑی تحمل مزاجی سے اپنا بیگ لے آیا۔ اس نے سعیدہ اماں کا بلڈ پریشر چیک کیا پھر اسٹیتھو سکوپ سے ان کے دل کی رفتار کو ماپا اور آخر میں نبض چیک کرنے کے بعد انہیں یہ یقین دلایا کہ وہ بے حد تندرست حالت میں ہیں اور بلڈ پریشر یا دل کی کوئی بیماری انہیں نہیں ہے۔
سعیدہ اماں ایک دم بے حد ہشاش بشاش نظر آنے لگیں۔ سالار ان کے درمیان ہونے والی گفتگو سنتے ہوئے کچن میں برتن دھوتا رہا۔ وہ دونوں لاونج کے صوفوں پر بیٹھے ہوئے تھے۔
پھر اسی دوران اس نے فون کی گھنٹی سنی۔ فرقان نے فون اٹھایا۔ دوسری طرف ڈاکٹر سبط علی تھے۔ سلام دعا کے بعد انہوں نے کہا۔
"سالار نے پولیس اسٹیشن پر کسی سعیدہ نام کی خاتون کے بارے میں اطلاع دی تھی۔"
فرقان حیران ہوا۔
"جی وہ یہیں ہیں، ہمارے پاس۔"
"اللہ کا شکر ہے۔" ڈاکٹر سبط علی نے بے اختیار کہا۔
"ہاں، وہ میری عزیزہ ہیں، ہم انہیں تلاش کر رہے تھے چند گھنٹوں سے۔ پولیس سے رابطہ کیا تو سالار کا نام اور نمبر دے دیا انہوں نے۔"
فرقان نے انہیں سعیدہ اماں کے بارے میں بتایا اور پھر سعیدہ اماں کی بات فون پر ان سے کرائی۔ سالار بھی باہر لاؤنج میں آ گیا۔
سعیدہ اماں فون پر گفتگو میں مصروف تھیں۔
"ڈاکٹر صاحب کی عزیزہ ہیں یہ۔"
فرقان نے دھیمی آواز میں اس کے قریب آ کر کہا۔
"ڈاکٹر سبط علی صاحب کی؟" سالار حیران ہوا۔
"ہاں، ان ہی کی۔"
سالار نے بے اختیار اطمینان بھرا سانس لیا۔
"بھائی صاحب کہہ رہے ہیں تم سے بات کرانے کو۔"
سعیدہ اماں نے فرقان سے کہا۔
فرقان تیزی سے ان کی طرف بڑھا اور ریسیور لے کر کاغذ پر کچھ نوٹ کرنے لگا۔ ڈاکٹر سبط علی اسے ایڈریس لکھوا رہے تھے۔
سعیدہ اماں نے قدرے حیرانی سے لاؤنج کے دروازے میں کھڑے سالار کو دیکھا۔
"تم کیا کر رہے ہو؟" ان کی نظریں سالار کے ایپرن پر جمی تھیں۔
وہ کچھ شرمندہ ہو گیا۔
"میں ۔۔۔۔۔ برتن دھو رہا تھا۔"
سالار واپس کچن میں آیا اور اس نے ایپرن اتار دیا۔ ویسے بھی برتن وہ تقریباً دھو چکا تھا۔
"سالار! آؤ پھر انہیں چھوڑ آتے ہیں۔"
اسے اپنے عقب میں فرقان کی آواز آئی۔
"یہ کام بعد میں کر لینا۔"
"تم گاڑی کی چابی لو، میں ہاتھ دھو کر آتا ہوں۔" سالار نے کہا۔
اگلے دس منٹ میں وہ نیچے سالار کی گاڑی میں تھے۔ فرقان اگلی سیٹ پر تھا اور اس کے باوجود پچھلی سیٹ پر بیٹھی سعیدہ اماں سے گفتگو میں مصروف تھا۔ ساتھ ساتھ وہ سالار کو راستے کے بارے میں ہدایات بھی دیتا جا رہا تھا۔
بہت تیز رفتاری سے ڈرائیونگ کرتے ہوئے وہ بیس منٹ میں مطلوبہ محلے اور گلی میں تھے۔ بڑی گلی میں گاڑی کھڑی کرنے کے بعد وہ دونوں انہیں اندر گلی میں ان کے گھر تک چھوڑنے گئے۔ سعیدہ اماں کو اب رہنمائی کی ضرورت نہیں تھی۔ وہ اپنی گلی کو پہچانتی تھیں۔
وہ فخریہ انداز میں کچھ جتاتے ہوئے سالار کو بتاتی گئیں۔
"حلوائی کی دوکان۔۔۔۔۔ گٹر کے سیمنٹ والے ڈھکن۔۔۔۔۔ پرویز صاحب کا گھر۔۔۔۔۔"
"جی!" سالار مسکراتے ہوئے سر ہلاتا رہا۔
اس نے ان کو یہ نہیں بتایا کہ ان کی بتائی ہوئی ساری نشانیاں صحیح تھیں۔ صرف وہ اسے ایک غلط علاقے میں لے گئی تھیں۔
"آمنہ بیچاری پریشان ہو رہی ہو گی۔" انہوں نے سرخ اینٹ کی بنی ہوئی ایک حویلی نما دو منزلہ مکان کے سامنے رکتے ہوئے275 دفعہ کہا۔
فرقان نے آگے بڑھ کر بیل بجائی۔ سالار قدرے ستائشی انداز میں حویلی پر نظریں دوڑاتا رہا۔ وہ یقیناً کافی پرانی حویلی تھی مگر مسلسل دیکھ بھال کی وجہ سے وہ اس گلی میں سب سے باوقار لگ رہی تھی۔
"تم لوگوں کو اب میں نے چائے پئیے بغیر نہیں جانے دینا۔" سعیدہ اماں نے کہا۔
"میری وجہ سے تم لوگوں کو بہت پریشانی ہوئی۔ خاص طور پر سالار کو۔ بچہ مجھے سارا دن لیے پھرتا رہا۔" سعیدہ اماں نے سالار کے کندھے پر ہاتھ پھیرتے ہوئے کہا۔
"کوئی بات نہیں، سعیدہ اماں! چائے ہم پھر کبھی پئیں گے، آج ہمیں دیر ہو رہی ہے۔"
"ہاں سعیدہ اماں! آج چائے نہیں پئیں گے۔ کبھی آ کر آپ کے پاس کھانا کھائیں گے۔"
فرقان نے بھی جلدی سے کہا۔
"دیکھ لینا، ایسا نہ ہو کہ یاد ہی نہ رہے تمہیں۔"
"لیں، بھلا کھانا کیسے بھولیں گے ہم۔ وہ جو آپ پالک گوشت کی ترکیب بتا رہی تھیں، وہی بنا کر کھلائیے گا۔"
فرقان نے کہا۔ اندر سے قدموں کی آواز آ رہی تھی۔ سعیدہ اماں کی بیٹی دروازہ کھولنے آ رہی تھی اور اس نے دروازے سے کچھ فاصلے پر ہی سعیدہ اماں اور فرقان کی آوازیں سن لی تھیں، اس لئے اس نے کچھ بھی پوچھے بغیر دروازے کا بولٹ اندر سے اتارتے ہوئے دروازہ تھوڑا سا کھول دیا۔
"اچھا سعیدہ اماں! خدا حافظ۔" فرقان نے سعیدہ اماں کو دروازے کی سیڑھیاں چڑھتے ہوئے دیکھ کر کہا۔ سالار اس سے پہلے ہی پلٹ چکا تھا۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

0 comments:

آپ بھی اپنا تبصرہ تحریر کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔